علامہ شمس الحق عظیم آبادی رحمہ اللہ

نام و نسب :

آپ کا نام محمد شمس الحق بن امیر علی بن مقصود علی، کنیت ابو الطیب، اور لقب محدث عظیم آبادی ہے ۔

پیدائش

بہت بڑے عالم اور وقت کے محدث تھے 27ذی القعدہ 1273ھ کو عظیم آباد(پٹنہ )کے محلہ رمنہ میں پیدا ہوئے۔

تعلیم و تربیت :

پانچ سال کے تھے جب اپنی والدہ کے ہمراہ “ڈیانواں “چلے آئے، حصول علم کے لیے ہندوستان کے مختلف شہروں کا رخ کیا۔

اساتذہ :

شیخ الکل فی الکل سید میاں نذیر حسین دہلوی محدث دہلوی رحمہ اللہ
شیخ حسین بن محسن انصاری رحمہ اللہ
اور علامہ بشیر الدین قنوجی رحمہ اللہ جیسے علماء شامل ہیں۔

تلامذہ : 

تلامذہ کی فہرست طویل ہے، جن میںسے چند ایک کے نام یہاں ذکر کئے جاتے ہیں :
مولانا ابو سعید شرف الدین دہلوی ر حمہ اللہ
ابو القاسم سیف بنارسی رحمہ اللہ
شیخ صالح بن ابراہیم بن رشید المحیمید رحمہ اللہ
شیخ عبد الحفیظ الفاسی المراکشی رحمہ اللہ
قاضی صالح بن عثمان نجدی رحمہ اللہ
اور مولانا احمد اللہ پرتاب گڑھی رحمہ اللہ کے اسما ء نمایاں ہیں۔

خدمات :

آپ اپنی ذات میں انجمن تھے، حدیث اور کتب حدیث کی ترویج و اشاعت آپ کا مشغلہ تھا، آپ کا زر اسی کار خیر کے لیے وقف تھا ۔ اس کے ساتھ ساتھ شیخ الاسلام ابن تیمیہ، ابن قیم، ذہبی اور منذری رحمھم اللہ کی متعدد کتب اپنے خرچ پر طبع کروائیں، اسی طرح اور بھی بہت ساری علمی کتب آپ کی تحریک اور تعاون پر لکھی گئیں جن میں تحفة الأحوذي ،سیرة البخاری اور حسن البیان وغیرہ شامل ہیں۔

تالیفات :

اس سلسلے میں خود بھی تیس (30) کے قریب بڑی گرانقدر کتابیں لکھیں جن میں:
عون المعبود شرح سنن ابی داؤد (عربی )
غایہ المقصود فی حل سنن ابی داؤد (عربی ) 
رفع الالتباس عن بعض الناس (عربی )
اعلام اھل العصر باحکام رکعتی الفجر
اور التعلیق المغنی علی سنن الدارقطنی (عربی )

مجموعہ مقالات و فتاوی علامہ شمس الحق عظیم آبادی اس مجموعے کو برصغیر پاک و ہند کے معروف محقق اور عالمِ دین فضیلۃ الشیخ مولانا محمد عزیر شمس حفظہ اللہ نے مرتب کیا ہے۔ واضح رہے کہ شیخ عظیم آبادی کی حیات و خدمات کے حوالےسے شیخ عزیر شمس کی مستقل کتاب بھی ہے ۔

خصائل :

آپ علم و فضل کے اعتبار سے جامع العلوم تھے، اللہ تعالی نے آپ کو غیر معمولی حافظہ عطا فرما رکھا تھا، بڑے راست باز، ثقہ، امین، عادل اور سخی انسان تھے۔

وفات :

19ربیع الاول 1329ھ مطابق 21مارچ 1911ء بروز منگل صبح چھ بجے 56سال عمر پاکر طاعون کے مرض میں فوت ہوے، رحمة الله عليه
اس عظیم شخصیت کی حیات و خدمات کے حوالے سے مطالعہ کے لیے : 
’’ الانتقاد ‘‘ محمد تنزیل الصدیقی الحسینی کا پہلا شمارہ اگست 2010ء خاص امام شمس الحق عظیم آبادی کی شخصیت پر مشتمل ہے ۔

مصنف/ مقرر کے بارے میں

الشیخ محمد ارشد کمال حفظہ اللہ

آپ جوان مگر متحرک اور درجنوں کتابوں کے مصنف ہیں ، ابھی آُ پ نے ایک علمی رسالہ بھی جاری کیا ہے جس کا نام نور الحدیث ہے ، جو بہت کم عرصے میں اہل علم سے داد تحسین وصول کرچکا ہے ۔