خطبہ مسنونہ کے بعد… اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے :
فَذَكِّرْ إِنَّمَآ أَنتَ مُذَكِّرٌ﴿٢١﴾ لَّسْتَ عَلَيْهِم بِمُصَيْطِر ﴿٢٢﴾
الغاشیة – 21/22
’’پس آپ نصیحت کرتے رہئے، آپ تو بس نصیحت کرنے والے ہی ہیں ، نہ کہ ان پر چھا جانے والے (داروغہ)‘‘
شریعت ِاسلامیہ ہمارے لئے اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے،جس نے ہمیں زندگی گزارنے کا ڈھنگ سکھایا، زندگی کے مختلف حالات اور طور اطوار میں شریعت کی تعلیمات و ہدایات کے ذریعے ہمارے لئے رہنمائی کا سامان مہیا کیا۔
اللہ تعالیٰ نے انسانوں کے مزاج مختلف بنائے ہیں ۔بہت دفعہ انسان ان تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے مزاج کو بھی شامل کرلیتا ہے اوربظاہر یہ سمجھتا ہے کہ وہ تعلیماتِ شریعت پر عمل کررہا ہے،حالانکہ درحقیقت وہ اس کااپنا مزاج ہی ہوتا ہے۔اس شریعت نے جہاں انسان کی عملی رہنمائی کی ہے،وہاں اس کے مزاج کی اصلاح و تربیت کے لئے نہ صرف واضح ہدایات دیں بلکہ اُسوۂ حسنہ اور کامل نمونہ کے لئے ایک رسول صلی اللہ علیہ وسلم بھی بھیجا۔ اس سارے عمل کو قرآن کریم نے تعلیم وتزکیہ کے ایک جامع لفظ سے تعبیر کیا ہے۔
فرمانِ باری تعالیٰ ہے :
لَقَدْ مَنَّ اللَّـهُ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ إِذْ بَعَثَ فِيهِمْ رَسُولًا مِّنْ أَنفُسِهِمْ يَتْلُو عَلَيْهِمْ آيَاتِهِ وَيُزَكِّيهِمْ وَيُعَلِّمُهُمُ الْكِتَابَ وَالْحِكْمَةَ وَإِن كَانُوا مِن قَبْلُ لَفِي ضَلَالٍ مُّبِينٍ
آلِ عمران – 164
بے شک مسلمانوں پر اللہ تعالیٰ کا بڑا احسان ہے کہ ان ہی میں سے ایک رسول ان میں بھیجا، جو انہیں اس کی آیتیں پڑھ کر سناتا ہے اور انہیں پاک کرتا ہے اور انہیں کتاب اور حکمت سکھاتا ہے، یقیناً یہ سب اس سے پہلے کھلی گمراہی میں تھے۔
نبی کریم ﷺنے ایک طرف اپنی زبان سے لوگوں کو تعلیم دی تو اس کے ساتھ تربیت و اصلاح کیلئے ایک عملی کردار بھی پیش کیا۔گویا اللہ تعالیٰ نبی ﷺ کے ذریعے انسان کی عملی اصلاح کے ساتھ ساتھ اس کے مزاج و فکر، جس پر انسانی رویے تشکیل پاتے ہیں ، کی تربیت کا بھی بھرپور انتظام کردیا، جس کی چھاپ صحابہ کرام رضی اللہ عنھم کی زندگیوں میں تو انتہائی نمایاں تھی کیونکہ صحبت کا اثر ایسا بھی ہوتا ہے جو انسانی مزاج پر غیر شعوری طور پر اپنے اثرات چھوڑتا ہے۔
بعد میں ایک طبقہ نے اسے ایک فن کے طور پر اختیار کرلیا اور تزکیۂ نفس کے مصنوعی طریقے ایجاد کئے جنہیں ‘تصوف کے طریقے’ کہا جاتاہے۔ لیکن پختہ فکر اور محتاط علما نے اس روش کو غلط قرار دیا اورواضح کیا کہ انسانی مزاج کی اصلاح و تربیت کے لئے تصوف کے ان مصنوعی طریقوں کی اس لئے ضرورت نہیں ہے کہ شریعت کی تعلیمات اور اُسوۂ کامل ہر میدان میں کافی و وافی موجود ہیں ۔ انسانی مزاج اور نفسیات کی تربیت کے لئے شریعت کی تعلیمات اتنی اعلیٰ ہیں کہ ان پر عمل پیرا ہونے سے زندگی کے طور اطوار اور رویے ایک معتدل اور کامل انسان کے قالب میں ڈھل سکتے ہیں ۔
قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ نے جہاں انسان کے ظاہری اعمال کے محاسبہ کاتذکرہ کیا ہے، وہاں یہ بھی بتایاہے کہ انسانی مزاج اور باطنی کیفیات کا بھی محاسبہ ہوگا،کیونکہ رویوں اور اعمال کے ظہور میں درحقیقت انسان کی باطنی کیفیات اور نفسیات ہی کارفرما ہوتی ہیں ۔ارشادِ الٰہی ہے :
لِّلَّـهِ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ ۗ وَإِن تُبْدُوا مَا فِي أَنفُسِكُمْ أَوْ تُخْفُوهُ يُحَاسِبْكُم بِهِ اللَّـهُ ۖ فَيَغْفِرُ لِمَن يَشَاءُ وَيُعَذِّبُ مَن يَشَاءُ ۗ وَاللَّـهُ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ
البقرة – 284
آسمانوں اور زمین کی ہر چیز اللہ تعالیٰ ہی کی ملکیت ہے۔ تمہارے دلوں میں جو کچھ ہے اسے تم ﻇاہر کرو یا چھپاؤ، اللہ تعالیٰ اس کا حساب تم سے لے گا۔ پھر جسے چاہے بخشے اور جسے چاہے سزا دے اور اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے۔
ظاہری اعمال کے ساتھ باطنی کیفیت کی اصلاح و تربیت پر ا س لئے زور دیاکہ اگر انسانی نفسیات متوازن اور پاکیزہ ہوں گی تو اس کے نتیجے میں تشکیل پانے والے اعمال اور رویے بھی پاکیزہ اور متوازن ہوں گے اور اگر انسانی نفسیات پراگندہ اور مزاج تند و تلخ ہوگا تواس کے نتیجے میں ظہور میں آنے والے اعمال بھی یقینا غیر متوازن ہوں گے۔
انسانی رویوں کا باطن اور دل کے ساتھ گہرا تعلق ہے ، یہی وجہ ہے کہ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ نے خاص ایمان کی بنیاد پراپنا اور انسانوں کادوسروں کے ساتھ رویہ اختیار کرنے کا ذکر کیا ہے کہ دوسرے شخص کے ساتھ رویہ اس بنیاد پر استوار ہونا چاہئے کہ وہ شخص اللہ پرایمان رکھتا ہے یا نہیں ۔اگر ایمان رکھتا ہے تو اس کے ساتھ رویہ کیسا ہو اور اگر ایمان نہیں رکھتا تو پھر کیسا ہو؟فرمانِ الٰہی ہے :
وَإِذَا جَاءَكَ الَّذِينَ يُؤْمِنُونَ بِآيَاتِنَا فَقُلْ سَلَامٌ عَلَيْكُمْ ۖ كَتَبَ رَبُّكُمْ عَلَىٰ نَفْسِهِ الرَّحْمَةَ ۖ
الانعام – 54
اور یہ لوگ جب آپ کے پاس آئیں جو ہماری آیتوں پر ایمان رکھتے ہیں تو (یوں) کہہ دیجیئے کہ تم پر سلامتی ہے تمہارے رب نے مہربانی فرمانا اپنے ذمہ مقرر کرلیا ہے۔
لہٰذا جہاں ایمان موجود ہو اور مقصد نیک ہو، وہاں بدظنی کی بجائے حسن ظن اور نرمی کا رویہ اختیار کرنا چاہئے۔ ایسی صورتحال میں تو بسا اوقات سنگین ترین اجتہادی غلطی بھی نظر انداز کرنا پڑتی ہے۔ چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ نبی کریم ﷺایسے مواقع پر جہاں نیت کا فساد نہ ہوتا، بڑی سے بڑی غلطی کو نظر انداز کر دیتے۔ اس سلسلہ میں امام بخاری رحمہ اللہ علیہ نے دورِ نبوت کا ایک سنگین ترین واقعہ ذکر کیا ہے جس میں ہمارے لئے رہنمائی کا کافی سامان ہے :
جب نبی ﷺنے مکہ پر حملہ کا پروگرام بنایا تو ایک صحابی ؓ(حاطب بن ابی بلتعہؓ)نے یہ سمجھ کر کہ آپ ﷺتو اللہ کے رسول ﷺہیں ،آپ کی فتح یقینی ہے، لہٰذا اس نے اپنے رشتہ داروں کو کفار ِمکہ کے شر سے بچانے کے لئے ان پر احسان کرنے کا پروگرام بنایا۔چنانچہ اس نے کفار ِمکہ کو نبی ﷺکے حملہ کی اطلاع دینے کے لئے ایک عورت کو رقعہ دے کر بھیجا۔ عورت نے وہ رقعہ اپنی چوٹی میں گوندھ لیا تاکہ کسی کو معلوم نہ ہو اور مکہ کے راستہ پر چل پڑی۔
اس امر کی نبی ﷺکو وحی سے اطلاع مل گئی۔ آپ ﷺنے حضرت علی ؓ اور مقدادبن اسودؓ کو حکم دیا کہ جاؤ مکہ کے راستے خاخ مقام پر تمہیں ایک عورت ملے گی، اس کے پاس ایک رقعہ ہے،وہ رقعہ برآمد کرنا ہے۔ دونوں صحابی گھوڑوں پر سوار ہوکر وہاں پہنچے۔ عورت کو روک لیا اور اسے رقعہ نکالنے کا کہا۔ اس نے انکار کیا اور تلاشی کے باوجود رقعہ برآمد نہ ہوا تو حضرت علیؓ نے دھمکی دی۔جس سے مرعوب ہوکر اس نے بالوں کی چوٹی سے رقعہ نکال کر دے دیا۔ صحابہؓ کے اجتماع میں وہ رقعہ پڑھا گیا، جس میں اہل مکہ کو نبی ﷺکے پروگرام کی اطلاع دی گئی تھی جس کے نیچے حاطب بن ابی بلتعہؓ کا نام تھا۔ تو حضرت عمرؓ شدید غصہ میں آگئے اور دربار ِرسالتؐ سے ان کا سرقلم کرنے کی اجازت طلب کی۔ معاملہ واقعی سنگین تھا۔ اسلامی حکومت کی جاسوسی کی سزا بڑی سخت ہے ۔ آپ ﷺنے حاطب بن ابی بلتعہؓ سے پوچھا: بتاؤ !کیا معاملہ ہے؟ حاطب نے تمام صورتِ حال آپ ﷺکے گوش گزار کردی اور بتایا کہ میرا مقصد صرف اپنے رشتہ داروں کو اہل مکہ کے شر سے بچانا تھا، باقی میں ایمان کی حالت پرقائم ہوں ۔ ادھر حضرت عمرؓ ان کو قتل کرنے پر مصر تھے۔ آپ ﷺنے حضر ت عمرؓ کو مخاطب کرکے فرمایا:’’اے عمرؓ! حاطب غزوہ بدر میں شریک ہوچکا ہے، لہٰذا ان سے نرمی کا سلوک ہونا چاہئے۔‘‘
لعل اﷲ عزّوجلّ اطلع علی أھل بدر فقال: اعملوا ما شئتم فإني قد غفرت لکم۔
توقع ہے کہ اللہ تعالیٰ نے بدریوں کو جھانک کر کہہ دیا ہو،جو چاہور کرو! میں نے تمہارا سب کچھ کیا کرایا معاف کر دیا۔1
امام بخاری رحمہ اللہ علیہ نے اس حدیث سے یہ مسئلہ مستنبط کیا ہے کہ اگر کوئی شخص غلطی کرے اور اس کی غلطی تاویل کی بنیاد پر اجتہادی ہو تو اس کے ساتھ ایک مرتد کا سا سلوک نہیں کیاجائے گا۔
نبی ﷺنے صحابہ کرامؓ کی فکری تربیت اس نہج پر کی کہ اجتہادی معاملات میں اختلاف اگر اخلاص پر مبنی ہوتا تو وہ ا س میں کبھی سخت رویہ اختیار نہ کرتے اور دوسرے کی غلطی کو برداشت کرتے لہٰذا ہر مسلمان کا یہ فرض ہے کہ وہ اپنی فکر کو اس نہج پر استوار کر نے کی کوشش کرے۔
مشہور علمی مقولہ ہے:
ان الاجتهاد لا یُنقَض بالاجتهاد
ایک اجتہاد دوسرے اجتہاد کو توڑتا نہیں ہے۔
اس نہج پر میری تربیت میں ایک واقعہ نے اہم کردار ادا کیا۔میں نے دور ِطالب علمی میں ایک حدیث پڑھی کہ ’’اگر آدمی اپنے سامنے کوئی غلط کام دیکھے اور پھر اس پر خاموش رہے تو وہ گونگا شیطان ہے۔‘‘
چوک دالگراں ، لاہور میں ہمارے بزرگوں کی ایک بڑی مسجد ہے ،جہاں میری جوانی کے ابتدائی سال گزرے۔ وہاں جب کوئی خطیب خطبہ دیتا اور بسا اوقات میری نظر میں کوئی بات مرجوح ہوتی خصوصا اکثر خطیب عموماً مبالغہ آرائی سے کام لیتے ہیں تو ایسے موقع پر خطبۂ جمعہ کے بعد میں اس حدیث کے تحت خطیب کی غلطی یا مبالغہ آرائی کی وضاحت ضروری سمجھتا، لیکن وہاں بزرگ علما کی موجودگی میں یہ طریقہ مجھے خود کوئی اچھا نہ لگتا ۔ میں نے اس ذہنی الجھن اور کشمکش کا ذکر اپنے تایا اور استاذ گرامی حافظ عبداللہ محدث روپڑیرحمہ اللہ علیہ سے کیا۔ اُنہوں نے فرمایا کہ خطیب جب جوشِ خطابت میں کوئی بات کرتا ہے تو اس سے مبالغہ ہوہی جاتاہے، لیکن اس سے اس کا مقصد غلط نہیں ہوتا۔اگر اجتہادی امور میں شریعت کو اس طرح تنگ کردیا جائے تو پھر تو شریعت کی پیروی بہت مشکل ہو جاتی ہے۔ خاص طور پر ایسا مسئلہ جس میں دو آرا ہوں ، اس میں شدت کا رویہ اختیار کرنا مناسب نہیں ہے ، لہٰذا وہ حدیث یہاں لاگو نہیں ہوتی۔
اس کے بعد میری سوچ و فکر میں ایک اہم تبدیلی رونما ہوئی اور اجتہادی مسائل میں میرا رویہ خاصاسلجھ گیا۔ پینتیس چالیس سال قبل کے مناظرانہ ماحول میں ، جب کہ میں خود بھی اس وقت اسی ماحول کا حصہ تھا، مجھے یہ بات سمجھ آئی کہ مناظرہ بازی میں افہام و تفہیم کے بجائے اصل مقصد مدمقابل کو شکست دینا ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں مجھے مناظروں سے نفرت پیدا ہوگئی ۔واقعی اسلام عناد وتعصب کو قطعاً پسند نہیں کرتا۔ رسول اللہ ﷺکا فرمان ہے :
إن اﷲ یحب الرفق
اللہ تو نرمی کو پسند کرتا ہے۔2
اور نرمی کا مفہوم امام ابن حجررحمہ اللہ علیہ نے ان الفاظ میں بیان کیاہے:
’’الرفق ھو لین الجانب بالقول والفعل والأخذ بالأسهل وھو ضد العنف‘‘
’’آدمی قول وکرداراور ہر معاملہ میں آسان ترپہلو اختیار کرے اور اس کے مقابل لفظ شدت، تلخی اور سختی ہے۔‘‘3
رسول اللہ ﷺنے اجتہادی اختلافات اورغیروں کی تہذیب کی نقالی کے علاوہ عام اجتماعی معاملات میں بھی شدت، غلو اور سختی کو سخت ناپسند کیاہے اور شدت کے رویہ پر سخت وعید سنائی ہے۔
جب صحابہ کرامؓ کفار کے ظلم و ستم کی شکایت کر کے آپ ﷺسے کفار کے خلاف بددعا کی درخواست کرتے تو آپ ﷺفرماتے:
’’مجھے بددعائیں اور لعن طعن کرنے والا نہیں بلکہ رحمت بناکر بھیجا گیا ہے۔‘‘
البتہ آپ ﷺکو شدت اور انتہا پسندی اس قدر ناپسند تھی کہ آپ ﷺنے سخت رویہ رکھنے والوں کے خلاف ان کا نام لیے بغیران الفاظ میں بددعا کی ہے :
اللھم من ولی من أمر أمتي شیئا فشق علیھم،فاشقق علیه ومن ولي من أمر أمتي شیئا فرَفق بھم فارفق به
’’اے اللہ! جو شخص میری اُمت کے کسی اجتماعی معاملہ کا ذمہ دارہو ،پھر وہ ان پر سخت رویہ رکھے تو اے اللہ !تو اس پر سخت ہوجا اور جس کا رویہ نرم ہو، تو اس پر نرم ہوجا۔‘‘4
چنانچہ جو شخص اجتہادی اختلافات اور باہمی اجتماعی معاملات میں نرمی و ملائمت اور لطافت وبردباری کو اختیارکرتا ہے، رسول اللہ ﷺنے اسے جہنم سے آزادی کی اور جنت کی نوید سنائی ہے۔ آپ ﷺکا فرمان ہے :
حرم علی النار کل ھین لین سھل من الناس
’’اس شخص پر جہنم حرام کردی گئی ہے جو نرم خو ہو اور لوگوں کے لئے اس کے ساتھ معاملہ کرنا آسان ہو۔نیز اس کا رویہ لوگوں کے ساتھ قربت کا ہو۔‘‘5
نبی کریم ﷺ نے مؤمن کا رویہ ذکر کرتے ہوئے فرمایا:
’’المؤمن غِرُّ کریم والفاجر خِبٌّ لئیم ‘‘
’’مؤمن روشن دماغ(نرم خو) اور سخی دل ہوتا ہے جب کہ فاسق وفاجر تنگ ظرف اور کمینہ ہوتا ہے۔‘‘6
حافظ ابن عبد البررحمہ اللہ علیہ نے التمہید میں المؤمن سہل کے الفاظ بھی نقل کئے ہیں ۔اور یہی وہ رویہ ہے جس کی نشاندہی اللہ تعالیٰ نے اپنے اس فرمان میں کی ہے :
فَذَكِّرْ إِنَّمَا أَنتَ مُذَكِّرٌ ﴿٢١﴾ لَّسْتَ عَلَيْهِم بِمُصَيْطِرٍ
الغاشیة – 21/22
پس آپ نصیحت کر دیا کریں (کیونکہ) آپ صرف نصیحت کرنے والے ہیں۔ آپ کچھ ان پر داروغہ نہیں ہیں۔
نصیحت کرتے ہوئے بھی ہمارا رویہ ایسا نہیں ہونا چاہئے کہ آدمی دوسرے پرمسلط ہوجائے اورقابوس کی طرح چھا جائے۔یعنی نصیحت کرتے وقت خوف و ہراس کی فضا قائم نہ کی جائے۔
حقیقت یہ ہے کہ رفق، غلو و شدت سے گریز اور آسانی شریعت ِاسلامیہ کا عمومی مزاج ہے اور اسلامی تعلیمات کا حسن اسی وصف ’’رفق‘‘ سے وابستہ ہے، رسول اللہ ﷺکا فرمان ہے :
إن الرفق لا یکون في شییء إلا زانه ولا ینزع من شییء إلاشانه
’’جس چیزمیں بھی نرمی کا رویہ کارفرما ہو ،وہ چیز حسین بن جاتی ہے اور جو چیزاس وصف ِ رفق سے محروم ہو جائے ، وہ چیز بدنما ہوجاتی ہے۔7
نبی ﷺنے ہمیشہ آسانی کے رویہ کو پسند کیا ہے ،ایک حدیث میں میں آتا ہے :
ما خُیِّر النبي ﷺ بین شیئین إلا أخذ أیسرہها ما لم یکن إثما
جب نبی ﷺکو دو چیزوں میں سے ایک کا اختیار دیاجاتا تو آپ ﷺہمیشہ ان میں سے آسان تر کو اختیار کرتے۔8
چنانچہ ایک مربی،عالم اور مفتی کا یہ بنیادی وظیفہ ہے کہ وہ اس صفت سے متصف ہو۔ اس کے لئے نبی ﷺکا انداز ہی ہمارے لئے اُسوہ ہے ،دیکھئے آپ ﷺاس سلسلہ میں کس قدر حکمت اور دھیما انداز اختیار کرتے ہیں :
نبی ﷺکی زوجہ حضرت اُمّ سلمہ ؓ کے ایک بیٹے عمر بن ابی سلمہ آپ ﷺکے زیر پرورش تھے۔ نبی ﷺکے ساتھ کھانا کھاتے جب کہ ابھی بچے تھے۔ ایک دفعہ کھانا کھاتے ہوئے سالن کے برتن میں ادھر ادھر ہاتھ مار رہے تھے۔ نبی ﷺنے دیکھا تو اسے فوراً روکا نہیں ،بلکہ پہلے (ادنُ مني یا بُنَّي)’’اے میرے پیارے بیٹے! میرے قریب آؤ۔‘‘کہہ کر اس کے ساتھ محبت و اُنس کااظہا رکیا اور پھر فرمایا کہ دیکھو کھانے کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ آدمی اپنے سامنے سے کھائے۔آپؐ نے ایک اور موقع پر اس کی مصلحت یہ بتائی :
إن البرکة تنزل في وسط الطعام فکلوا من حافاته ولا تأکلوا من وسطه
’’ برکت کھانے کے درمیان میں اُترتی ہے ، لہٰذا پہلے تم اس کے کناروں سے کھاؤ ،اس کے درمیان سے نہ کھاؤ۔‘‘9
شریعت کے اس مجموعی اور عمومی مزاج کی اہمیت کا اندازہ اس سے کیا جا سکتا ہے کہ فقہا نے مزاج شریعت سے بعض نہایت اہم قانونی ضابطے وضع کئے جنہیں فقہی مسائل کے استنباط میں پیش نظر رکھا جاتا ہے۔ ان کے لئے القواعد الفقہیة (Legal Maxims)کی اصطلاح استعمال ہوتی ہے۔
مشہور قاعدہ فقہیہ ہے :’’المشقة تجلب التیسیر‘‘اسلام نے ہر مشقت کے وقت آسانی کی راہ پیدا کی ہے۔’’چنانچہ قرآنِ کریم نے اسی اُصول کے پیش نظر ہی نابالغ بچوں اور بے رغبت ما تحتوں سے پردے میں زیادہ سختی نہیں کی۔ حالانکہ بچوں کے اندر جنسی اُمور کا احساس موجود ہوتا ہے اور جنسی معاملات سے وہ کافی حد تک واقف بھی ہوتے ہیں ، لیکن اس حکمت کے تحت کہ وہ الطوافین والطوافات میں سے ہیں (ان کا آنا جانا عموماً زیادہ ہوتا ہے) ان سے پردہ میں یقینا مشکل پیدا ہوتی، لہٰذا مذکورہ مصلحت کے تحت ان سے پردہ کو ضروری قرار نہیں دیا لیکن احتیاط کے طور تمام بچوں اور غلاموں پر بھی ان تین اوقات میں آنے جانے پر قدغن عائد کردی :
مِّن قَبْلِ صَلَاةِ الْفَجْرِ وَحِينَ تَضَعُونَ ثِيَابَكُم مِّنَ الظَّهِيرَةِ وَمِن بَعْدِ صَلَاةِ الْعِشَاءِ ۚ ثَلَاثُ عَوْرَاتٍ لَّكُمْ ۚ
النور – 58
’’صبح کی نماز سے پہلے، دوپہر کو جب تم کپڑے اُتار کر رکھ دیتے ہو اور عشا کی نماز کے بعد، یہ تین اوقات تمہارے لئے بے حجابی کے ہوتے ہیں ۔‘‘
اس کے علاوہ فقہاے اسلام نے متعدد احکام میں اس قاعدہ کو ملحوظ رکھا ہے، مثلاً بارش کے دوران کپڑوں پر پڑنے والے کیچڑ سے کپڑوں پر ناپاک ہونے کا حکم اس لئے نہیں لگایا کہ اس میں مشکل پیدا ہوجاتی۔اسی طرح ایک روایت میں آتا ہے کہ خواتین نے عرض کیا:اے اللہ کے رسول ﷺ! ہم (لمبی چادورں میں )ناپاک اور گندی جگہ سے گزر کرآتی ہیں تو کیااس سے ہماری زمین پر گھسٹی چادریں ناپاک ہوجاتی ہیں تو آپ ﷺنے فرمایا :
’’کیا گندی جگہ سے گزرنے کے بعد تم صاف جگہ سے نہیں گزرتیں ؟‘‘
جوتوں اور ننگے پاؤں والوں کا بھی یہی حکم ہے۔ ان مثالوں سے واضح ہوتا ہے کہ شریعت نے ہر مشکل میں آسانی کا پہلو بہرحال ملحوظ رکھا ہے۔ اس میں ہمارے لئے تربیت کا پہلو یہ ہے کہ شریعت کی تعلیمات پرعمل کرتے ہوئے اور باہمی اختلافات اور انتظامی معاملات میں اگر ہم نرمی اور آسانی کے رویہ کو پیش نگاہ نہیں رکھیں گے تو زندگی بدنما اور اجیرن بن جائے گی۔ کیونکہ رسول اللہ ﷺکے فرمان کے مطابق ہر معاملہ کی خوبصورتی یا بدنمائی اسی صفت ِرفق سے وابستہ ہے۔ رفق و آسانی یقینا شریعت کا عمومی مزاج اور شدت و غلو اسلام کے مزاج کے خلاف ہے۔پیغمبر ﷺنے فرمایا:
من یحرم الرفق یحرم الخیر
’’ جو شخص (شریعت کے اس مزاج سے نا آشنا اور) رفق و آسانی سے محروم ہے ،وہ خیروبرکت سے بھی محروم کردیا گیا۔‘‘10
اپنی زوجہ ام المومنین عائشہ صدیقہؓ کو مخاطب کرکے آپ ﷺنے فرمایا:
’’اے عائشہ! نرمی کرو۔ بے شک اللہ تعالیٰ جب کسی گھرانہ کے ساتھ خیر بھلائی کا ارادہ کریں تو رِفق کا دروازہ ان کے لئے وا کردیتے ہیں۔‘‘11
ان تعلیماتِ نبوی ﷺمیں ہمارے لئے یہ سبق ہے کہ ہم شریعت کے اس عمومی مزاج کے مطابق اپنی زندگی اور قول و کردار کو ڈھالیں ۔ یہی گوشۂ عافیت ہے اور اسی میں ہی دنیا وآخرت کی بھلائیاں پنہاں ہیں ۔ [خطبہ جمعہ : 24؍مارچ 2006ء … بمقام مسجد جامعہ لاہور الاسلامیہ]
حوالہ جات
1. صحیح بخاری:4890
2. صحیح بخاری:6927
3. فتح الباری:10؍449
4. صحیح مسلم:1828
5. مسنداحمد:1؍415
6. جامع ترمذی :1966 ‘صحیح’
7. صحیح مسلم :2594
8. صحیح بخاری:3560
9. مستدرک حاکم:4؍129
10. صحیح مسلم :2592
11. مسند احمد:6؍104