خطبہ اول:
یقیناً ہر قسم کی تعریف اللہ کے لیے ہے، ہم اس کی حمد بیان کرتے ہیں، اس سے مدد مانگتے ہیں اور مغفرت طلب کرتے ہیں، اور ہم اپنے نفسوں کی برائیوں اور برے اعمال سے اللہ کی پناہ چاہتے ہیں۔ اللہ جسے ہدایت دے اسے کوئی گمراہ کرنے والا نہیں اور جسے گمراہ کرے اسے کوئی ہدایت دینے والا نہیں۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ ایک اللہ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں، اس کا کوئی شریک نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔
درود نازل ہو آپ پر اور آپ کے آل و اصحاب پر اور بہت زیادہ سلامتی نازل ہو۔
اما بعد!
اللہ کے بندو! اللہ کا کما حقہ تقویٰ اختیار کرو اور خلوت و جلوت میں اس سے خوف کھاؤ، مسلمانو! دین ایسے ستونوں اور بنیادوں پر بنایا گیا ہے جن کے بغیر وہ استوار نہیں ہو سکتا۔ چناں چہ اسلام کے ارکان ہیں، اور ایمان کے ارکان ہیں، اور ایمان کے ارکان میں سے یومِ آخرت پر ایمان لانا ہے۔ اس کا پہلا مرحلہ قبر اور آخری مرحلہ جنت یا جہنم ہے، اور کوئی آخری مرحلے تک متعدد سوالوں سے ہو کر ہی پہنچ سکتا ہے، جو اجانے کے وقت سے شروع ہوتے ہیں۔ جب مومن کے انتقال کا وقت ہوتا ہے، تو جن لوگوں نے کہا کہ اللہ ہمارا رب ہے، اور پھر وہ اس پر ثابت قدم رہے، یقیناً ان پر فرشتے نازل ہوتے ہیں اور ان سے کہتے ہیں کہ نہ ڈرو، نہ غم کرو اور خوش ہو جاؤ جنت کی بشارت سے۔
اور جہاں تک مشرکوں کی بات ہے، تو ان کی موت کے وقت فرشتے انہیں سوالات سے ڈرا کر خوف و ہراس میں مبتلا کرتے ہیں۔
اللہ تبارک و تعالیٰ کا فرمان ہے:
حَتَّىٰ إِذَا جَاءَتْهُمْ رُسُلُنَا يَتَوَفَّوْنَهُمْ قَالُوا أَيْنَ مَا كُنتُمْ تَدْعُونَ مِن دُونِ اللَّهِ ۖ 1
یہاں تک کہ وہ گھڑی آ جائے گی جب ہمارے بھیجے ہوئے فرشتے ان کی روحیں قبض کرنے کے لیے پہنچیں گے۔ اس وقت تو ان سے پوچھیں گے کہ بتاؤ اب کہاں ہیں تمہارے وہ معبود جن کو تم خدا کے بجائے پکارتے تھے؟
إِذَا خَرَجَتْ رُوحُ الْمُؤْمِنِ تَلَقَّاهَا مَلَكَانِ يُصْعِدَانِهَا رُوحٌ طَيِّبَةٌوَإِنَّ الْكَافِرَ إِذَا خَرَجَتْ رُوحُهُ رُوحٌ خَبِيثَةٌ 2
پھر روح کو اوپر چڑھایا جاتا ہے، وہ جب بھی فرشتوں کے کسی گروہ کے پاس سے گزرتی ہے، وہ مومن کی روح کے بارے میں کہتے ہیں: کیا ہی پاکیزہ روح ہے یہ! اور کافر کی روح کے بارے میں کہتے ہیں: کیا ہی خبیث روح ہے ،
نبیﷺ نے فرمایا:
مَلَكَانِ، فَيُجْلِسَانِهِ، فَيَقُولَانِ لَهُ: مَنْ رَبُّكَ؟: مَا دِينُكَ مَا هَذَا الرَّجُلُ الَّذِي بُعِثَ فِيكُمْ3
پھر روح کو قبر کے اندر جسم میں لوٹا دیا جاتا ہے، پھر دو فرشتے اس کے پاس آتے ہیں، اسے بٹھاتے ہیں اور اس سے کہتے ہیں: تمہارا رب کون ہے؟ تمہارا دین کیا ہے؟ اور یہ آدمی کیا ہے جو تمہاری طرف بھیجا گیا تھا؟
اور جب لوگ رب العالمین کے سامنے کھڑے ہوں گے، اللہ زمین کو قبض کرے گا اور آسمانوں کو اپنے دائیں ہاتھ میں لپیٹے گا اور کہے گا: آج کس کی بادشاہی ہے؟ فقط اللہ واحد و قہار کی۔
نبیﷺ نے فرمایا اللہ فرمائے گا:
أَنَا الْمَلِكُ أَيْنَ الْجَبَّارُونَ أَيْنَ الْمُتَكَبِّرُونَ4
میں بادشاہ ہوں۔ کہاں ہیں؟ جبر کرنے والے کہاں ہیں؟ تکبر کرنے والے کہاں ہیں؟
اس سنگین صورت حال میں رسولوں سے پوچھا جائے گا: کیا تم نے اپنے رب کا پیغام پہنچا دیا تھا؟
يَجِيءُ نُوحٌ وَأُمَّتُهُ، فَيَقُولُ اللَّهُ تَعَالَى، هَلْ بَلَّغْتَ؟ فَيَقُولُ نَعَمْ أَيْ رَبِّ، فَيَقُولُ لِأُمَّتِهِ: هَلْ بَلَّغَكُمْ؟ فَيَقُولُونَ لاَ مَا جَاءَنَا مِنْ نَبِيٍّ، فَيَقُولُ لِنُوحٍ: مَنْ يَشْهَدُ لَكَ؟ فَيَقُولُ: مُحَمَّدٌ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَأُمَّتُهُ، فَنَشْهَدُ أَنَّهُ قَدْ بَلَّغَ، وَهُوَ قَوْلُهُ جَلَّ ذِكْرُهُ: وَكَذَلِكَ جَعَلْنَاكُمْ أُمَّةً وَسَطًا لِتَكُونُوا شُهَدَاءَ عَلَى النَّاسِ وَالوَسَطُ العَدْلُ5
چناں چہ قیامت کے دن نوح علیہ الصلاۃ و السلام کو پکارا جائے گا۔ وہ کہیں گے: اے میرے پروردگار! حاضرِ خدمت ہوں۔ اللہ کہے گا: کیا تم نے پیغام پہنچا دیا تھا؟ نوح کہیں گے: ہاں۔ امتوں سے پوچھا جائے گا: کیا تم تک رسولوں نے پیغام پہنچایا؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: چناں چہ نوح علیہ الصلاۃ و السلام کی امت سے کہا جائے گا: کیا نوح نے پیغام پہنچایا؟ ان کی امت کہے گی، ہمارے پاس تو کوئی ڈرانے والا نہیں آیا تھا۔ اللہ نوح سے کہے گا: تمہارے لیے کون گواہی دے گا؟ نوح کہیں گے: محمد اور ان کی امت۔ چنا چہ تم لوگ گواہی دو گے کہ انہوں نے پیغام پہنچا دیا تھا۔
جن و انس کے کافروں سے بھی حجت پوری کرنے اور ڈانٹ ڈپٹ کرنے کے لیے پوچھا جائے گا۔ کیا تم تک رسولوں نے پیغام پہنچایا؟ اے جنو اور انسانوں کی جماعت! کیا تمہارے پاس تم ہی میں سے پیغمبر نہیں آتے رہے جو میری آیتیں تم کو پڑھ کر سناتے اور اس دن کے سامنے آ موجود ہونے سے ڈراتے تھے؟
اس امت سے پوچھا جائے گا کہ تمہارے نبی نے پہنچا دیا؟ نبی ﷺ نے فرمایا:
وَأَنْتُمْ تُسْأَلُونَ عَنِّي فَمَا أَنْتُمْ قَائِلُونَ؟ قَالُوا: نَشْهَدُ أَنَّكَ قَدْ بَلَّغْتَ وَأَدَّيْتَ وَنَصَحْتَ، فَقَالَ بِإِصْبَعِهِ السَّبَّابَةِ يَرْفَعُهَا إِلَى السَّمَاءِ وَيَنْكُتُهَا إِلَى النَّاسِ: اللَّهُمَّ اشْهَدْ، اللَّهُمَّ اشْهَدْ، ثَلَاثَ مَرَّات.6
اور تم لوگوں سے میرے بارے میں پوچھا جائے گا، تو تم کیا جواب دو گے؟ صحابہ نے کہا، ہم گواہی دیں گے کہ آپ نے پہنچا دیا، امانت ادا کر دی اور خیر خواہی کی۔
رسولوں سے پوچھا جائے گا کہ جب تم نے اپنی امتوں کو دعوت دی، تو انہوں نے کیا جواب دیا؟ جس روز اللہ تعالیٰ تمام پیغمبروں کو جمع کرے گا، پھر ارشاد فرمائے گا کہ تم کو کیا جواب ملا تھا؟ وہ عرض کریں گے: ہم کو کچھ خبر نہیں، تو ہی بیشک پوشیدہ باتوں کو پورا جاننے والا ہے۔ جھٹلانے والوں سے پوچھا جائے گا کہ انہوں نے رسولوں کو کیا جواب دیا؟ اس دن انہیں بلا کر پوچھے گا کہ تم نے نبیوں کو کیا جواب دیا؟ پھر تو اس دن ان کی تمام دلیلیں گم ہو جائیں گی اور ایک دوسرے سے سوال تک نہ کریں گے۔
عبادت صرف اللہ کا حق ہے اور اللہ کے سوا جس کسی کی بھی عبادت کی گئی ہوگی، اس سے پوچھا جائے گا: کیا تو نے اپنی عبادت کرنے والوں کو اپنی عبادت کی طرف بلایا تھا، یا انہوں نے تیرے کہے بغیر تیری عبادت کی تھی؟ چناں چہ اللہ تعالیٰ فرشتوں سے ان کے عبادت گزاروں کے سامنے پوچھے گا، اور ان سب کو اللہ اس دن جمع کر کے فرشتوں سے دریافت فرمائے گا کہ کیا یہ لوگ تمہاری عبادت کرتے تھے؟ وہ کہیں گے، تیری ذات پاک ہے، اور ہمارا ولی تو تو ہے۔
نبیوں سے پوچھا جائے گا اور وہ وقت بھی قابلِ ذکر ہے جبکہ اللہ تعالیٰ فرمائے گا:
وَإِذْ قَالَ اللَّهُ يَا عِيسَى ابْنَ مَرْيَمَ أَأَنتَ قُلْتَ لِلنَّاسِ اتَّخِذُونِي وَأُمِّيَ إِلَٰهَيْنِ مِن دُونِ اللَّهِ ۖ7
اے عیسیٰ ابنِ مریم! کیا تم نے ان لوگوں سے کہہ دیا تھا کہ مجھ کو اور میری ماں کو بھی علاوہ اللہ کے معبود قرار دے لو؟
اور اللہ کے سوا جس کسی کی بھی عبادت کی گئی ہوگی، اس سے پوچھا جائے گا، اور جس دن اللہ تعالیٰ انہیں اور سوائے اللہ کے جنہیں یہ پوچھتے رہے انہیں جمع کر کے پوچھے گا کہ کیا میرے ان بندوں کو تم نے گمراہ کیا یا یہ خود ہی راہ سے گم ہو گئے؟ اور جس نے غیر اللہ کے لیے عبادت کو پھیرا، اس سے تمام لوگوں کے سامنے پوچھا جائے گا۔ تمہارے وہ شرفاء جن کے معبود ہونے کا تم دعویٰ کرتے تھے، کہاں گئے؟
اللہ کی وحدانیت پر دلالت کرنے والی نشانیوں کو جن قوم نے جھٹلایا ہوگا، انہیں اللہ کے سامنے باز پرس کے لیے کھڑا کیا جائے گا۔ اور جس دن ہم ہر امت میں سے ان لوگوں کے گروہ کو جو ہماری آیتوں کو جھٹلاتے تھے، گھیر کر لائیں گے، پھر وہ سب کے سب الگ کر دیے جائیں گے۔
جب سب کے سب آ پہنچیں گے تو اللہ تعالیٰ فرمائے گا کہ تم نے میری آیتوں کو باوجودیکہ تمہیں ان کا پورا علم نہ تھا کیوں جھٹلایا؟ اور یہ بھی بتلاؤ کہ تم کیا کچھ کرتے رہے؟
اور جس نے مرنے کے بعد دوبارہ زندہ اٹھائے جانے کا انکار کیا، اس سے اس بارے میں پوچھا جائے گا، اور اگر آپ اس وقت دیکھیں جب یہ اپنے رب کے سامنے کھڑے کیے جائیں گے، اللہ فرمائے گا کیا یہ امرِ واقعی نہیں؟ وہ کہیں گے: بے شک، قسم ہے اپنے رب کی۔
فرشتے اللہ کے بندے ہیں، جنہوں نے یہ جھوٹ مانا کہ وہ اللہ کی بیٹیاں ہیں، ان سے اللہ اس بارے میں پوچھ گچھ کرے گا اور انہوں نے فرشتوں کو جو رحمان کی عبادت کے گزار ہیں، عورتیں قرار دے لیا۔ کیا ان کی پیدائش کے موقع پر یہ موجود تھے؟ ان کی ایک گواہی لکھ لی جائے گی اور ان سے اس چیز کی باز پرس کی جائے گی۔ اور جس نے لوگوں کو گمراہی کی طرف بلایا اور گمان کیا کہ وہ اپنے پیروکاروں کا بوجھ اٹھائے گا، اس سے اس جھوٹ کے بارے میں پوچھا جائے گا۔ البتہ یہ اپنے بوجھ ڈھولیں گے اور اپنے بوجھوں کے ساتھ ہی اور بھی بوجھ، اور جو کچھ افتراء پردازیاں کر رہے ہیں، ان سب کی بابت ان سے باز پرس کی جائے گی۔
وعد و پیمان جن سے لوگ ایک دوسرے سے تعامل کرتے ہیں، ان کے بارے میں ان سے پوچھا جائے گا اور وعدے پورے کرو، کیونکہ قول و قرار کی باز پرس ہونے والی ہے۔ ایک مسلمان پر دوسرے مسلمان کے حق کے بارے میں پوچھا جائے گا، جیسے مریض کی عیادت کرنا، بھوکے کو کھانا کھلانا اور پیاسے کو پانی پلانا۔
آپ ﷺ نے فرمایا:
نَّ اللَّهَ عَزَّ وَجَلَّ يَقُولُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ يَا ابْنَ آدَمَ مَرِضْتُ فَلَمْ تَعُدْنِي قَالَ يَا رَبِّ كَيْفَ أَعُودُكَ وَأَنْتَ رَبُّ الْعَالَمِينَ قَالَ أَمَا عَلِمْتَ أَنَّ عَبْدِي فُلَانًا مَرِضَ فَلَمْ تَعُدْهُ أَمَا عَلِمْتَ أَنَّكَ لَوْ عُدْتَهُ لَوَجَدْتَنِي عِنْدَهُ يَا ابْنَ آدَمَ اسْتَطْعَمْتُكَ فَلَمْ تُطْعِمْنِي قَالَ يَا رَبِّ وَكَيْفَ أُطْعِمُكَ وَأَنْتَ رَبُّ الْعَالَمِينَ قَالَ أَمَا عَلِمْتَ أَنَّهُ اسْتَطْعَمَكَ عَبْدِي فُلَانٌ فَلَمْ تُطْعِمْهُ أَمَا عَلِمْتَ أَنَّكَ لَوْ أَطْعَمْتَهُ لَوَجَدْتَ ذَلِكَ عِنْدِي يَا ابْنَ آدَمَ اسْتَسْقَيْتُكَ فَلَمْ تَسْقِنِي قَالَ يَا رَبِّ كَيْفَ أَسْقِيكَ وَأَنْتَ رَبُّ الْعَالَمِينَ قَالَ اسْتَسْقَاكَ عَبْدِي فُلَانٌ فَلَمْ تَسْقِهِ أَمَا إِنَّكَ لَوْ سَقَيْتَهُ وَجَدْتَ ذَلِكَ عِنْدِي8
قیامت کے دن اللہ عزوجل فرمائے گا: آدم کے بیٹے! میں بیمار ہوا تو نے میری عیادت نہ کی۔ وہ کہے گا: میرے رب! میں کیسے تیری عیادت کرتا جبکہ تو رب العالمین ہے؟ اللہ فرمائے گا: کیا تمہیں معلوم نہ تھا کہ میرا فلاں بندہ بیمار تھا؟ تو نے اس کی عیادت نہ کی۔ تمہیں معلوم نہیں کہ اگر تو اس کی عیادت کرتا تو مجھے اس کے پاس پاتا۔ اے ابنِ آدم! میں نے تجھ سے کھانا مانگا، تو نے مجھے کھانا نہ کھلایا۔ اے ابنِ آدم! میں نے تجھ سے پانی مانگا، تو نے مجھے پانی نہیں پلایا۔
اور جسے کسی چیز کی حفاظت سونپی گئی اور امانت دی گئی، اس سے اس کے بارے میں پوچھا جائے گا۔
آپ ﷺ نے فرمایا:
لَا كُلُّكُمْ رَاعٍ وَكُلُّكُمْ مَسْئُولٌ عَنْ رَعِيَّتِهِ فَالْإِمَامُ الَّذِي عَلَى النَّاسِ رَاعٍ وَهُوَ مَسْئُولٌ عَنْ رَعِيَّتِهِ وَالرَّجُلُ رَاعٍ عَلَى أَهْلِ بَيْتِهِ وَهُوَ مَسْئُولٌ عَنْ رَعِيَّتِهِ وَالْمَرْأَةُ رَاعِيَةٌ عَلَى أَهْلِ بَيْتِ زَوْجِهَا وَوَلَدِهِ وَهِيَ مَسْئُولَةٌ عَنْهُمْ وَعَبْدُ الرَّجُلِ رَاعٍ عَلَى مَالِ سَيِّدِهِ وَهُوَ مَسْئُولٌ عَنْهُ أَلَا فَكُلُّكُمْ رَاعٍ وَكُلُّكُمْ مَسْئُولٌ عَنْ رَعِيَّتِهِ9
تم میں سے ہر شخص نگران ہے اور اس سے اس کی رعایا کے متعلق باز پرس ہوگی، حاکمِ وقت نگران ہے اور وہ اپنے رعایا کے بارے میں مسئول ہوگا۔ آدمی اپنے گھر میں نگران ہے، اس سے اس کے اہلِ خانہ کے متعلق سوال کیا جائے گا، عورت اپنے خاوند کے گھر میں حکومت رکھتی ہے اور اس سے اس کی رعیت کے متعلق پوچھا جائے گا، اور خادم اپنے آقا کے مال میں حکومت رکھتا ہے، وہ بھی اس کے متعلق مسئول ہوگا۔
ابنِ حجر رحمہ اللہ نے فرمایا: اور اگر کوئی اس کے زیرِ نگرانی نہ ہو، تو بھی وہ اپنے اعضاء و جوارح اور حواس کا ذمہ دار تو ہے ہی، اس لیے کہ اس پر واجب ہے کہ وہ اللہ کا حق ادا کرے اور اس کے بندوں کا حق ادا کرے۔
اعضاء کے بارے میں پوچھا جائے گا، کان، آنکھ اور دل، ان میں سے ہر ایک سے پوچھ گچھ کی جانے والی ہے۔ چار نعمتوں کے بارے میں بندوں سے پوچھا جائے گا۔
تَزُولُ قَدَمَا عَبْدٍ يَوْمَ الْقِيَامَةِ حَتَّى يُسْأَلَ عَنْ عُمُرِهِ فِيمَا أَفْنَاهُ وَعَنْ عِلْمِهِ فِيمَ فَعَلَ وَعَنْ مَالِهِ مِنْ أَيْنَ اكْتَسَبَهُ وَفِيمَ أَنْفَقَهُ وَعَنْ جِسْمِهِ فِيمَ أَبْلَاهُ10
قیامت کے دن کسی بندے کے دونوں پاؤں نہیں ہٹیں گے یہاں تک کہ اس سے یہ نہ پوچھ لیا جائے، اس کی عمر کے بارے میں کہ اسے کن کاموں میں ختم کیا، اور اس کے علم کے بارے میں کہ اس پر کیا عمل کیا، اور اس کے مال کے بارے میں کہ اسے کہاں سے کمایا اور کہاں خرچ کیا، اور اس کے جسم کے بارے میں کہ اسے کہاں کھپایا۔
اور ہر نعمت پر ہر چند کہ تھوڑی ہو، اس کے بارے میں پوچھا جائے گا۔
اللہ تبارک و تعالیٰ کا فرمان ہے:
ثُمَّ لَتُسْأَلُنَّ يَوْمَئِذٍ عَنِ النَّعِيمِ11
پھر اس دن تم سے ضرور بالضرور نعمتوں کا سوال ہوگا۔
نبیﷺ نے فرمایا:
أَكَلَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ، وَأَبُو بَكْرٍ، وَعُمَرُ رُطَبًا، وَشَرِبُوا مَاءً، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ: هَذَا مِنَ النَّعِيمِ الَّذِي تُسْأَلُونَ عَنْهُ12
رسول اللہ ﷺ، ابوبکر اور عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے روتہ کھجور کھایا، پانی پیا، اور رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ ان نعمتوں میں سے ہیں جن کے بارے میں تم سے پوچھا جائے گا۔
اللہ کے نبی ﷺ اور ان کی امت کے لیے سب سے بڑی نعمت اور شرف قرآنِ کریم ہے، اور اس کے حق میں جو تلاوت و عمل ہم پر واجب ہے، اس بارے میں ہم سے پوچھا جائے گا۔
اللہ تبارک و تعالیٰ کا فرمان ہے:
وَإِنَّهُ لَذِكْرٌ لَّكَ وَلِقَوْمِكَ ۖ وَسَوْفَ تُسْأَلُونَ13
اور یقیناً یہ خود آپ کے لیے اور آپ کی قوم کے لیے نصیحت ہے، اور عنقریب تم پوچھے جاؤ گے۔
اللہ تعالیٰ اپنے بندے کو اپنی نعمتیں یاد دلائے گا اور پھر ان کے بارے میں پوچھے گا۔
آپ ﷺ کا فرمان ہے:
فَإِنَّ السَّاعَةَ لَا تَقُومُ حَتَّى يَطُوفَ أَحَدُكُمْ بِصَدَقَتِهِ لَا يَجِدُ مَنْ يَقْبَلُهَا مِنْهُ ثُمَّ لَيَقِفَنَّ أَحَدُكُمْ بَيْنَ يَدَيْ اللَّهِ لَيْسَ بَيْنَهُ وَبَيْنَهُ حِجَابٌ وَلَا تَرْجُمَانٌ يُتَرْجِمُ لَهُ ثُمَّ لَيَقُولَنَّ لَهُ أَلَمْ أُوتِكَ مَالًا فَلَيَقُولَنَّ بَلَى ثُمَّ لَيَقُولَنَّ أَلَمْ أُرْسِلْ إِلَيْكَ رَسُولًا فَلَيَقُولَنَّ بَلَى فَيَنْظُرُ عَنْ يَمِينِهِ فَلَا يَرَى إِلَّا النَّارَ ثُمَّ يَنْظُرُ عَنْ شِمَالِهِ فَلَا يَرَى إِلَّا النَّارَ فَلْيَتَّقِيَنَّ أَحَدُكُمْ النَّارَ وَلَوْ بِشِقِّ تَمْرَةٍ فَإِنْ لَمْ يَجِدْ فَبِكَلِمَةٍ طَيِّبَةٍ14
اور رہا فقروفاقہ تو قیامت اس وقت تک نہیں آئے گی جب تک ( مال ودولت کی کثرت کی وجہ سے یہ حال نہ ہوجائے کہ ) ایک شخص اپنا صدقہ لے کر تلاش کرے لیکن کوئی اسے لینے والا نہ ملے۔ پھر اللہ تعالیٰ کے درمیان کوئی پردہ نہ ہوگا اور نہ ترجمان کے لیے کوئی ترجمان ہوگا۔ پھر اللہ تعالیٰ اس سے پوچھے گا کہ کیا میں نے تجھے دنیا میںمال نہیں دیا تھا؟ وہ کہے گا کہ ہاں دیا تھا۔ پھر اللہ تعالیٰ پوچھے گا کہ کیا میں نے تیرے پاس پیغمبر نہیں بھیجا تھا؟ وہ کہے گا کہ ہاں بھیجا تھا۔ پھر وہ شخص اپنے دائیں طرف دیکھے گا تو آگ کے سوا اور کچھ نظر نہیں آئے گا پھر بائیں طرف دیکھے گا اور ادھر بھی آگ ہی آگ ہوگی۔ پس تمہیں جہنم سے ڈرنا چاہیے خواہ ایک کھجور کے ٹکڑے ہی ( کاصدقہ کرکے اس سے اپنا بچاؤ کرسکو ) اگر یہ بھی میسر نہ آسکے تو اچھی بات ہی منہ سے نکالے۔
اور تمام مخلوقات سے ان کے اعمال کے بارے میں پوچھا جائے گا،
اللہ تبارک و تعالیٰ کا فرمان ہے:
وَلَتُسْأَلُنَّ عَمَّا كُنتُمْ تَعْمَلُونَ15
اور یقیناً تم اس کے بارے میں ضرور پوچھے جاؤ گے جو تم کیا کرتے تھے۔
مومنوں سے پردے میں، ان کے گناہوں کا اعتراف کرایا جائے گا،
آپ ﷺ نے فرمایا:
نَّ اللَّهَ يُدْنِي الْمُؤْمِنَ فَيَضَعُ عَلَيْهِ كَنَفَهُ وَيَسْتُرُهُ فَيَقُولُ أَتَعْرِفُ ذَنْبَ كَذَا أَتَعْرِفُ ذَنْبَ كَذَا فَيَقُولُ نَعَمْ أَيْ رَبِّ حَتَّى إِذَا قَرَّرَهُ بِذُنُوبِهِ وَرَأَى فِي نَفْسِهِ أَنَّهُ هَلَكَ قَالَ سَتَرْتُهَا عَلَيْكَ فِي الدُّنْيَا وَأَنَا أَغْفِرُهَا لَكَ الْيَوْمَ16
اللہ تعالیٰ مومن کو اپنے قریب بلا لے گا، اور اس پر اپنا پردہ ڈال کر اسے چھپا لے گا، پھر فرمائے گا: کیا تجھے اپنے فلاں گناہ معلوم ہیں، تجھے اپنا فلاں گناہ یاد ہے؟ تو وہ کہے گا: ہاں، جی ہاں، یا رب! مجھے معلوم ہے، حتیٰ کہ اس سے تمام گناہوں کا اقرار کرا لے گا، اور وہ شخص اپنے دل میں خیال کرے گا، کہ وہ اب تباہ ہو چکا، اس وقت اللہ تعالیٰ فرمائے گا: میں نے تجھ پر دنیا میں پردہ ڈالا اور آج تیرے لیے ان گناہوں کو معاف کرتا ہوں۔
جو لوگ اللہ کے ساتھ کسی اور کی عبادت کرتے ہیں ان سے بار بار پوچھا جائے گا، بعد اس کے کہ ان کے لیے جہنم کا فیصلہ ہو جائے گا، کہا جائے گا، انہیں جہنم میں داخل ہونے سے پہلے روکو، یہاں تک کہ ان سے ان کے اعمال و اقوال کے بارے میں پوچھ گچھ کر لی جائے گی۔
اللہ تبارک و تعالیٰ کا فرمان ہے:
وَقِفُوهُمْ ۖ إِنَّهُم مَّسْئُولُونَ17
اور انہیں ٹھہرا لو، اس لیے کہ ان سے ضروری سوال کیے جانے ہیں۔
وَيَوْمَ يُعْرَضُ الَّذِينَ كَفَرُوا عَلَى النَّارِ أَلَيْسَ هَٰذَا بِالْحَقِّ ۖ قَالُوا بَلَىٰ وَرَبِّنَا ۚ18
اور جب وہ جہنم پر پیش کیے جائیں گے، اس وقت ان سے پوچھا جائے گا، وہ لوگ جنہوں نے کفر کیا جس دن جہنم کے سامنے لائے جائیں گے، اور ان سے کہا جائے گا: کیا یہ حق نہیں ہے؟ تو جواب دیں گے کہ ہاں، قسم ہے ہمارے رب کی۔ حق ہے!
اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا:
وَسِيقَ الَّذِينَ كَفَرُوا إِلَىٰ جَهَنَّمَ زُمَرًا ۖ حَتَّىٰ إِذَا جَاءُوهَا فُتِحَتْ أَبْوَابُهَا وَقَالَ لَهُمْ خَزَنَتُهَا أَلَمْ يَأْتِكُمْ رُسُلٌ مِّنكُمْ يَتْلُونَ عَلَيْكُمْ آيَاتِ رَبِّكُمْ وَيُنذِرُونَكُمْ لِقَاءَ يَوْمِكُمْ هَٰذَا ۚ قَالُوا بَلَىٰ 19
جہنم کے دروازوں کے پاس ان سے، اس کے داروغہ پوچھیں گے۔ اور وہاں کے نگہبان ان سے سوال کریں گے کہ کیا تمہارے پاس تم میں رسول نہیں آئے تھے، جو تم پر تمہارے رب کی آیتیں پڑھتے تھے اور تمہیں اس دن کی ملاقات سے ڈراتے تھے؟ یہ جواب دیں گے کہ ہاں، درست ہے۔
جبکہ بھی اس میں کوئی گروہ ڈالا جائے گا، اس سے جہنم کے داروغہ پوچھیں گے کہ کیا تمہارے پاس ڈرانے والا کوئی نہیں آیا تھا؟ اہلِ جنت جب جنت میں داخل ہو جائیں گے تو ان سے ان کا رب انہیں عزت بخشنے اور اپنی رضامندی کے اظہار کے لیے پوچھے گا: تمہیں کوئی چیز چاہیے جو تمہیں مزید عطا کروں؟ وہ جواب دیں گے کہ کیا تو نے ہمارے چہرے روشن نہیں کیے؟ کیا تو نے ہمیں جنت میں داخل نہیں کیا اور دوزخ سے نجات نہیں دی؟ آپ ﷺ نے فرمایا، چنانچہ اس پر اللہ تعالیٰ پردہ اٹھا دے گا، تو انہیں کوئی چیز ایسی عطا نہیں ہوگی جو انہیں اپنے رب عزوجل کے دیدار سے زیادہ محبوب ہو۔ متفق علیہ۔
اے مسلمانو! اللہ تعالیٰ نے اپنی ربوبیت کی قسم کھائی ہے کہ سب کے سب پوچھے جائیں گے، اس کا فرمان ہے: قسم ہے تیرے پالنے والے کی! ہم ان سب سے ضرور بازپرس کریں گے۔ رسولوں سے بھی اور ان کی امتوں سے بھی پوچھا جائے گا، پھر ہم ان لوگوں سے ضرور پوچھیں گے جن کے پاس پیغمبر بھیجے گئے تھے، اور ہم پیغمبروں سے ضرور پوچھیں گے، اللہ کی توحید اور اس کے رسولوں پر ایمان، یہ دونوں اللہ کا دین ہیں اور قیامت کے دن کے سوالات انہی دونوں کی طرف لوٹتے ہیں۔ اس لیے سوال کا جواب تو تیار رکھو اور قبل اس کے کہ تمہارا محاسبہ ہو، اپنے نفسوں کا محاسبہ کرو۔ کیونکہ آج عمل ہے، حساب کتاب نہیں، اور کل حساب کتاب ہے اور عمل نہیں۔
اللہ تبارک و تعالیٰ کا فرمان ہے:
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ وَلْتَنظُرْ نَفْسٌ مَّا قَدَّمَتْ لِغَدٍ ۖ وَاتَّقُوا اللَّهَ ۚ إِنَّ اللَّهَ خَبِيرٌ بِمَا تَعْمَلُونَ20
اے ایمان والو! اللہ سے ڈرتے رہو اور ہر شخص دیکھ بھال لے کہ کل قیامت کے واسطے اس نے اعمال کا کیا ذخیرہ بھیجا ہے، اور ہر وقت اللہ سے ڈرتے رہو، اللہ تمہارے سب اعمال سے باخبر ہے۔
اللہ تعالیٰ مجھے اور آپ کو قرآنِ عظیم میں برکتوں سے نوازے، ان میں موجود آیت و حکمت سے مجھے اور آپ کو فائدہ پہنچائے۔ میں اپنی یہ بات کہتا ہوں اور تم اس سے مغفرت طلب کرو، یقیناً وہ بڑا بخشنے والا، بڑا مہربان ہے۔
خطبہ ثانی:
ہر قسم کی تعریف اللہ کے لیے ہے، اس کے احسان پر اور اس کا شکر ہے، اس کی توفیق و فضل پر، اس کی شان کی تعظیم کرتے ہوئے میں گواہی دیتا ہوں کہ ایک اللہ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں، اس کا کوئی شریک نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے نبی محمد اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں، آپ پر اور آپ کی آل و اصحاب پر درود نازل ہو اور خوب سلامتی نازل ہو۔
مسلمانو! علم و ایمان میں جو جتنا زیادہ بڑا ہوگا وہ توحید پر اتنا زیادہ استوار، سنت کا اتنا زیادہ پیروکار، اور سوال کے وقت اتنا زیادہ ثابت قدم ہوگا۔ اللہ کی کتاب کی تلاوت اور اس پر ایمان درست جواب کا سبب ہے۔
اللہ کے نبی ﷺ نے بتلایا کہ مومن جب قبر کے تینوں سوالوں کے جواب دے دے گا تو اس سے دونوں فرشتے کہیں گے:
وَمَا يُدْرِيكَ؟ فَيَقُولُ: قَرَأْتُ كِتَابَ اللَّهِ، فَآمَنْتُ بِهِ، وَصَدَّقْتُ قَالَ فَيُنَادِي مُنَادٍ مِنَ السَّمَاءِ: أَنْ قَدْ صَدَقَ عَبْدِي فَأَفْرِشُوهُ مِنَ الْجَنَّةِ، وَافْتَحُوا لَهُ بَابًا إِلَى الْجَنَّةِ، وَأَلْبِسُوهُ مِنَ الْجَنَّةِ،21
تمہیں کیسے علم ہوا؟ یعنی تمہیں جواب کیسے معلوم ہوا؟ تو وہ بندہ کہے گا: میں نے کتاب اللہ پڑھی، اس پر ایمان لایا اور اس کی تصدیق کی۔ چنانچہ آسمان سے آواز آئے گی: میرے بندے نے سچ کہا، اس کے لیے جنت کا بستر لگاؤ، اسے جنت کا لباس پہناؤ اور جنت کی طرف اس کا ایک دروازہ کھول دو۔
اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت ہی سعادت و نجات کا محور و بنیاد ہے۔ پھر جان لو کہ اللہ نے تمہیں اپنے نبی پر درود و سلام بھیجنے کا حکم دیا ہے،
اللہ نے ارشاد فرمایا:
إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ ۚ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا22
اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے اس نبی پر رحمت بھیجتے ہیں، اے ایمان والو! تم بھی ان پر درود بھیجو اور خوب سلام بھی بھیجتے رہا کرو۔
اے اللہ! درود و سلام نازل فرما ہمارے نبی محمد پر، اور اے اللہ! تو راضی ہو جا اپنے خلفائے راشدین سے، جنہوں نے حق سے فیصلہ کیا اور اسی سے عدل و انصاف کیا کرتے تھے، ابوبکر، عمر، عثمان، علی اور بقیہ تمام صحابہ کرام سے اور انہی کے ساتھ اپنے جود و کرم سے۔
اے اکرم الاکرمین! اے اللہ اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ عطا کر، شرک اور مشرکین کو ذلیل کر، دین کے دشمنوں کو تباہ کر، اے اللہ اس ملک کو امن و اطمینان والا اور خوشحال بنا اور بقیہ مسلمانوں کے سارے ملکوں کو، اے اللہ خادمِ حرمین شریفین اور ان کے ولی عہد کو تو اپنی مرضی و منشاء کے مطابق عمل کرنے کی توفیق دے اور انہیں نیکی و تقویٰ کی راہ پر چلا اور اے اللہ ان دونوں کے ذریعے اسلام اور مسلمانوں کو نفع پہنچا۔ اے اللہ تو خُسیوں کو تباہ کر، اے اللہ تو انہیں پکڑ لے، اے اللہ تو انہیں تباہ و برباد کر۔ اے اللہ ہمیں دنیا میں بھی بھلائی عطا فرما، آخرت میں بھی بھلائی عطا فرما اور ہمیں جہنم کے عذاب سے بچا۔ اے اللہ تو اللہ ہے، تو غنی ہے اور ہم فقیر ہیں۔ اے اللہ بارش سے ہمیں نواز اور ہمیں ناامیدوں میں سے نہ بنا۔ اے اللہ بارش دے، اے اللہ ہم نے ہم پر ظلم کیا اور اگر تو ہم پر رحم نہ کرے تو ہم نقصان اٹھانے والوں میں سے ہو جائیں گے۔
اللہ کے بندو! اللہ تعالیٰ عدل و احسان اور صلہ رحمی کا حکم دیتا ہے اور بدی و بے حیائی اور ظلم و زیادتی سے منع کرتا ہے۔ وہ تمہیں نصیحت کرتا ہے تاکہ تم سبق لو، تم اللہ عظیم و جلیل کو یاد کرو وہ تمہیں یاد کرے گا، اس کی نعمتوں پر اس کا شکر بجا لاؤ وہ تمہیں مزید نوازے گا اور اللہ تعالیٰ کا ذکر سب سے بڑا ہے اور اللہ جانتا ہے جو کچھ تم کرتے ہو۔
خطبہ جمعہ مسجد النبوی
تاریخ: 03 جمادی الثانی 1448 ہجری بمطابق 13 نومبر 2026 عیسوی
خطیب: فضیلۃ الشیخ عبد المحسن القاسم حفظہ اللہ
____________________________________________________________________________
- (سورۃ الاعراف:37)
- (صحیح مسلم:7221)
- (سنن ابی داؤد:4753)
- (صحیح مسلم:7051)
- (صحیح بخاری:3339)
- (صحیح مسلم:1218)
- (سورۃ المآئدہ:116)
- (صحیح مسلم:6556)
- (صحیح بخاری:7138)
- (سنن ترمذی:2417)
- (سورۃ التکاثر:08)
- (مسند احمد:14786)
- (سورۃ الزخرف:44)
- (صحیح بخاری:1413)
- (سورۃ النحل:93)
- (صحیح بخاری:2441)
- (سورۃ الصافات:24)
- (سورۃ الأحقاف:34)
- (سورۃ الزمر:71)
- (سورۃ الحشر:18)
- (سنن ابی داؤد:4753)
- (سورۃ الأحزاب:56)
