خطبہ اول:
یقیناً ہر قسم کی تعریف اللہ کے لیے ہے، ہم اس کی حمد بیان کرتے ہیں، اس سے مدد مانگتے ہیں اور مغفرت طلب کرتے ہیں، اور ہم اپنے نفسوں کی برائیوں اور برے اعمال سے اللہ کی پناہ چاہتے ہیں۔ اللہ جسے ہدایت دے اسے کوئی گمراہ کرنے والا نہیں اور جسے گمراہ کرے اسے کوئی ہدایت دینے والا نہیں۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ ایک اللہ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں، اس کا کوئی شریک نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔
اما بعد!
اے لوگو! میں آپ لوگوں کو اور اپنے آپ کو تقویٰ کی تلقین کرتا ہوں اور تقویٰ یہ ہے کہ اللہ آپ کو وہاں دیکھے جہاں اس نے آپ کو حکم دیا ہے، اور وہاں نہ دیکھے جہاں سے روکا ہے۔
اللہ کا فرمان ہے:
وَتَزَوَّدُوا فَإِنَّ خَيْرَ الزَّادِ التَّقْوَىٰ ۚ 1
اور زادِ راہ لے لو اور سب سے بہتر زادِ راہ تقویٰ ہے۔
مسلمانو! میانہ روی، الٰہی منہج، ربانی حکمت اور کائناتی حقیقت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس کائنات کو انوکھے مضبوط نظام اور باریک بلند میزان پر قائم کیا ہے، جس میں خالق کی عظمت اور حکمت، اس کی کمال تدبیر اور قدرت نمایاں ہوتی ہے۔
اللہ تبارک وتعالیٰ کا فرمان ہے:
وَخَلَقَ كُلَّ شَيْءٍ فَقَدَّرَهُ تَقْدِيرًا2
جس نے ہر چیز کو پیدا کیا، پھر اس کی ایک تقدیر مقرر کی۔
اللہ تعالیٰ نے شریعت کو ایک مکمل نظام بنایا ہے، جو زندگی کے تمام معاملات میں اعتدال، انصاف اور توازن کی تعلیم دیتا ہے۔
اللہ تبارک وتعالیٰ کا فرمان ہے:
لَقَدْ أَرْسَلْنَا رُسُلَنَا بِالْبَيِّنَاتِ وَأَنزَلْنَا مَعَهُمُ الْكِتَابَ وَالْمِيزَانَ لِيَقُومَ النَّاسُ بِالْقِسْطِ3
ہم نے اپنے رسولوں کو صاف صاف نشانیوں اور ہدایات کے ساتھ بھیجا، اور ان کے ساتھ کتاب اور میزان نازل کی تاکہ لوگ انصاف پر قائم ہوں؛
اوراللہ نے دوسری جگہ ارشاد فرمایا:
وَكَذَٰلِكَ جَعَلْنَاكُمْ أُمَّةً وَسَطًا4
اور اسی طرح ہم نے تم کو امتِ وسط بنایا ہے۔
آیتِ کریمہ میں آئے لفظ “وسط” سے مراد عدل یعنی معتدل ہے،
یہ ایسی شریعت ہے جو انسان کی زندگی کو منظم کرتی ہے، اور اسے میانہ روی اور اعتدال پر استوار کرتی ہے۔ یوں یہ روح کے تقاضوں اور جسم کی ضرورتوں، نفس کے حقوق اور مخلوقات کے حقوق، اور آخرت کی تیاری اور دنیا کی آباد کاری کی جامع ہے۔ اس میں کوئی افراط و تفریط نہیں پائی جاتی، بلکہ اس میں بغیر انحراف کے اعتدال اور بغیر ظلم کے انصاف پایا جاتا ہے۔
اللہ تبارک وتعالیٰ کا فرمان ہے:
وَابْتَغِ فِيمَا آتَاكَ اللَّهُ الدَّارَ الْآخِرَةَ ۖ وَلَا تَنسَ نَصِيبَكَ مِنَ الدُّنْيَا5
اور جو کچھ اللہ تعالیٰ نے تجھے دے رکھا ہے، اس میں سے آخرت کے گھر کی تلاش بھی رکھ اور اپنے دنیاوی حصے کو بھی نہ بھول جا۔
یہیں سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ انسان کی زندگی میں اعتدال عظیم مطلوب، معزز مقصد، درست منہج اور صحیح راستہ ہے۔ انسان کی زندگی منظم نہیں ہوتی، اس کی سعادت مکمل نہیں ہوتی، اسے اس کی مراد نہیں ملتی، اور وہ اپنی دنیا و آخرت میں بلند نہیں ہوتا، مگر یہ کہ وہ ہر صاحبِ حق کو اس کا حق دے، اور زندگی کے ہر گوشے کے لیے اس کا حصہ اور حقِ عنایت کرے۔
یون ایک حق دوسرے حق پر حاوی نہ ہو، اور کسی معاملے کو اس سے زیادہ مستحق معاملے پر مقدم نہ کیا جائے، اور بندہ خوشی و خوش حالی اور سکون و آسودہ حالی میں زندگی بسر کرے۔ لیکن اگر اس کی میزان بگڑ جائے، اس کا نظام خراب ہو جائے، تو اس کی زندگی بدبختی میں، اور معیشت مشقت میں بدل جاتی ہے۔ اس پر حقوق و واجبات کا ایک انبار لگ جاتا ہے، اور وہ کاموں اور ذمہ داریوں کے بیچ ٹوٹ پھوٹ کر رہ جاتا ہے۔
پتہ چلا کہ اعتدال صرف وقت کی تنظیم نہیں، اور نہ صرف محنت کی تقسیم ہے، اور نہ مختلف حقوق کے بیچ برابری ہے، بلکہ یہ ترجیحات طے کرنے کی سمجھ ہے۔ حقوق اور ذمہ داریوں کی ادائیگی میں حکمت ہے، فوائد و نقصانات کے تخمینے میں بصیرت ہے۔ اعتدال میں سے ہے کہ تم ہر حق کی قدر، ہر ذمہ داری کا مرتبہ، اور ہر معاملے کا مقام پہچانو۔ اور یہ کہ تم تمام معاملات کو شریعت کی میزان سے منظم کرو، نہ کہ عادت اور خواہش کی میزان سے۔ تم فرائض کو نوافل پر، ضرورتوں کو حاجتوں پر، اور زیادہ اہم کو اہم پر مقدم رکھو، اور نتائج اور انجام کا لحاظ کرو۔
مسلمانو! اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں میں سب سے زیادہ اعتدال والے اور سب سے سیدھی میزان والے تھے۔ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں میں اللہ کی سب سے زیادہ عبادت کرنے والے تھے، اپنے اہلِ خانہ کی سب سے زیادہ تکریم کرنے والے تھے، اور بندگانِ الٰہی کے لیے سب سے زیادہ نفع بخش تھے۔ یہ چیز آپ کی ہدایات میں بنیادی حیثیت رکھتی تھی، آپ کی تربیت میں نشانِ راہ تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے اپنے ساتھیوں کے دل میں جاگزیں کیا تھا، اور ان کی رہنمائی کی تھی کہ وہ اس کی پابندی کریں۔
سلمان فارسی رضی اللہ عنہ نے ابو درداء رضی اللہ عنہ سے کہا:
إِنَّ لِرَبِّكَ عَلَيْكَ حَقًّا وَلِنَفْسِكَ عَلَيْكَ حَقًّا وَلِأَهْلِكَ عَلَيْكَ حَقًّا فَأَعْطِ كُلَّ ذِي حَقٍّ حَقَّهُ فَأَتَى النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَذَكَرَ ذَلِكَ لَهُ فَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ صَدَقَ سَلْمَانُ6
تیرے اوپر تیرے رب کا حق ہے، تیرے اوپر تیرے نفس کا حق ہے، تیرے اہلِ و عیال کا حق ہے، ہر ایک صاحبِ حق کو اس کا حق دو۔ جب اس کا ذکر نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: “سلمان نے سچ کہا۔
یہ حدیث نفس، اہلِ خانہ اور جسم کے حقوق اور باقی سارے حقوق اور ذمہ داریوں کو تیاگ کر نفلی عبادتوں میں غلو کرنے سے روکنے کی بنیاد ہے۔
شریعت احکام میں اپنے تقاضوں کے تحت معتدل، میانہ راہ پر گامزن ہے۔ وہ بندے کی استطاعت کا لحاظ کرنے والی ہے، اور ہر حق دار کو اس کا حق دینے پر استوار ہے، بغیر کسی غلو کے جس سے حق منقطع ہو، اور بغیر کسی تفریط کے جس سے وہ ضائع ہو۔ کیونکہ اعتدال کی حد سے نکلنا، زادِ شریعت اور اس کی میانہ روی سے نکلنا ہے۔ یہ حدیث اعتدال کے منہج کو سمجھنے میں عظیم بنیاد کی حیثیت رکھتی ہے۔ جس نے اس پر عمل کیا، وہ بغیر انحراف کے سیدھے راستے پر چلا، بغیر کجی کے راہ پر گامزن ہوا، اور انسان کی سمجھ جتنی زیادہ ہوگی، اس کا اعتدال اتنا زیادہ ہوگا۔ اور جتنی عظیم اس کی معرفت ہوگی، اتنی مضبوط اعتدال کی عمارت ہوگی۔
پتہ چلا کہ اعتدال تب صرف عصری اجتہاد نہیں، نہ دانش ورانہ تعیُّش ہے، اور نہ فلسفیانہ نظریہ سازی، بلکہ یہ نبوی ہدایت، شرعی مطلوب، عقلی تقاضا، اور درست زندگی کی بنیاد ہے۔
آپ ﷺنے فرمایا:
سَدِّدُوا وَقَارِبُوا وَأَبْشِرُوا7
میانہ روی اختیار کرو، اعتدال کے ساتھ قریب رہو اور خوش ہو جاؤ۔
اللہ کے بندو! فقہِ حیات میں سے یہ ہے کہ آدمی یہ جان لے کہ کامیابی زندگی کے کسی معاملے میں صرف تفوق کا نام نہیں، بلکہ کامیابی یہ ہے کہ اس کے تمام گوشوں کے مابین بہترین توازن قائم کیا جائے۔ چنانچہ ایک آدمی جسے آپ پاتے ہیں کہ وہ اپنی عبادت کی حفاظت کرنے والا ہے، اپنی صحت کا خیال رکھنے والا ہے، اپنے خاندان کی نگہبانی کرنے والا ہے، اپنے کام میں کامیاب ہے، اپنے تعلقات کو بہ حسن و خوبی نبھانے والا ہے، اپنے دین و دنیا میں رشد و ہدایت پر ہے؛ یہی وہ عقل مند شخص ہے، جس نے اللہ کے حکم کو سمجھا ہے، اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے نقشِ قدم کی پیروی کی ہے، اور ان کے طریقے کو لازم پکڑا ہے۔
یہیں سے یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ آدمی کو ہمیشہ بیدار رہنے، اور سدا محاسبہ کرتے رہنے کی ضرورت ہے، تاکہ کوئی ایک معاملہ اسے اتنا نہ ڈبا دے کہ وہ باقی دوسرے معاملات کو فراموش کر بیٹھے، اور ایک حق میں مصروف رہنا اسے دوسرے حقوق سے نہ غافل کر دے۔ اور حقوق میں، سب سے پہلے جس کا لحاظ ضروری ہے وہ اللہ تعالیٰ کا حق ہے، کہ صرف اسی کی عبادت کی جائے، اس کے احکام مانے جائیں، اس کے نواہی سے اجتناب کیا جائے، اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے کی پیروی کی جائے۔
اور یہ کہ بندہ دنیا کی درستی اور آخرت کی کامیابی کو جمع کرے۔ دنیا میں اس کی مشغولیت، اسے اس کی آخرت سے غافل نہ کرے، اور آخرت کی طلب، اسے دنیا آباد کرنے سے منع نہ کرے۔ جس طرح اللہ کا حق ہے جسے ادا کرنا ضروری ہے، اسی طرح نفس کا حق ہے جس کی رعایت ضروری ہے۔ اہلِ خانہ کا حق ہے جسے پورا کرنا ضروری ہے۔ آدمی کو چاہیے کہ وہ نفس کا حق اس طرح ادا کرے کہ روح و جسم دونوں کا اہتمام کرے۔ یوں ایک کو چھوڑ کر دوسرے کو درست نہ کرے، اور اچھی رعایت بود و باش، تربیت اور خرچ سے اہلِ خانہ کا حق ادا کرے۔
ایمانی بھائیو! اسلام میں حقوق کی حفاظت کی گئی ہے، اور حقیقی مومن وہ ہے جو حق کو پہچانے، اس کی پابندی کرے، اور اس کی حفاظت کرے۔ ہر حق دار کو اس کا حق دو۔ اپنی ذمہ داری پوری امانت اور باریکی سے ادا کرو۔ اپنی عبادت کے لیے ایک وقت متعین کرو، اپنے نفس کے لیے اور اپنے اہلِ و عیال کے لیے بھی ایک حصہ رکھو۔ اور اللہ نے جو کچھ دیا ہے، اس میں یومِ آخرت کو چاہو، اور اپنے بنیادی حصے کو بھی نہ بھولو۔ اپنے نفسوں اور وقتوں کی بہترین تنظیم کرو۔ اپنی زندگی میں خلل کے مقامات تلاش کرو، اور انہیں عزم کے ساتھ رفتہ رفتہ درست کرو، سچائی اور سنجیدگی سے ان کی اصلاح کرو، اسی سے تمہاری زندگی سیدھی ہوگی، دنیا تمہارے لیے خوش گوار ہوگی، اور تم اپنے مولا کی رضا سے سرفراز ہو گے۔
اللہ مجھے اور تمہیں قرآنِ عظیم میں برکتوں سے نوازے، مجھے اور تمہیں قرآنِ کریم میں موجود آیات اور ذکرِ حکیم سے فائدہ پہنچائے۔ میں وہ کہہ رہا ہوں جو تم نے سنا، میں اپنے لیے اور تمہارے لیے اللہ سے مغفرت طلب کرتا ہوں، تم بھی اس سے مغفرت طلب کرو، یقیناً وہ بڑا بخشنے والا، بڑا مہربان ہے۔
خطبہ ثانی:
تمام تعریف اللہ کے لیے ہے، اور درود و سلام ہو رسول اللہﷺ پر،
اما بعد!
مسلمانو! اعتدال ایک ایسی فضیلت ہے جو حاصل کی جاتی ہے، ایسا ملکہ ہے جسے سنوارا جاتا ہے، اور ایک ایسا منہج ہے جو علم و بصیرت، نفس سے مجاہدے اور صبر و استقامت پر قائم ہے۔ اعتدال پختگی اور حکمت کی علامت، تجربے اور دانائی کی دلیل ہے۔
انسان اس زندگی میں ایک ایسی کشتی کی مانند ہے جو متلاطم سمندر کی موجوں کو چیرتی ہوئی آگے بڑھتی ہے۔ وہ لہروں کے خوف سے اپنی جگہ ساکن نہیں رہتی، بلکہ ثابت قدمی، مضبوطی، عزم اور حوصلے کے ساتھ اپنے راستے پر گامزن رہتی ہے۔ لہٰذا اعتدال کا مطلب نہ سستی ہے اور نہ جمود، بلکہ یہ ایک دانش مندانہ حرکت اور آگہی کے ساتھ آگے بڑھنے کا نام ہے۔ یہ ایسی جلد بازی کا نام نہیں جو نا عاقبت اندیشی کی طرف لے جائے، اور نہ ایسے تذبذب اور تردد کا نام ہے جو بے بسی اور ناکامی سے دوچار کرے۔
اللہ کے بندو! اعتدال یہ ہے کہ دین کے بنیادی اصولوں پر ثابت قدمی کے ساتھ ساتھ، زمانے کے نت نئے حالات کا شعور بھی رکھا جائے۔ چنانچہ نہ ایسا جمود ہو، جو انسان کو حقیقتِ حال سمجھنے سے محروم کرے، اور نہ ایسی وسعت ہو جو اسے دین کے مسلمہ اصولوں سے باہر کر دے۔ اور یہ اعتدال اسی وقت حاصل ہوتا ہے، جب انسان پختہ علم رکھنے والے علماء کی طرف رجوع کرے، اور معتبر اہلِ علم کی رہنمائی قبول کرے۔ تاکہ عقل کو خواہشات کے پیروکاروں، اور گمراہ جماعتوں کے انحرافات سے محفوظ رکھا جائے، افکار کو تباہ کن نظریات کی آلودگی سے بچایا جائے، اور ایسے علم کو مضبوطی سے تھاما جا سکے جو گمراہی اور ضلالت سے محفوظ رکھتا ہے۔ نیز ایسی بصیرت حاصل کی جا سکے جو حق اور اعتدال کی طرف رہنمائی کرتی ہے۔
اور جان لو، اللہ تم پر رحم فرمائے، کہ اعتدال زندگی کے تمام شعبوں کو شامل ہے۔ مثلاً انسان کے لیے محنت اور آرام کے درمیان توازن ضروری ہے، نہ ایسا جوش ہو جو انقطاع کا سبب بن جائے، اور نہ ایسی سستی ہو جو ضیاع کی طرف لے جائے۔
چنانچہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حنظلہ رضی اللہ عنہ سے فرمایا: “اے حنظلہ! ہر کام کا اپنا اپنا وقت ہے۔
اعتدال کی ایک صورت عقل اور جذبات کے درمیان توازن قائم رکھنا بھی ہے۔ چنانچہ ایسی عقل نہ ہو جو احساسات اور رحم دلی سے خالی ہو، اور نہ ایسا جذبہ ہو جو دانائی اور حکمت کے حدود سے آزاد ہو۔ اسی طرح اعتدال میں سے یہ بھی ہے کہ مثالیت اور واقعیت کے درمیان توازن قائم رکھا جائے۔ چنانچہ نہ ایسی مثالیت ہو جو ممکنات کی حدود کو نظر انداز کر دے، اور نہ ایسی واقعیت ہو جو بے بسی اور ہتھیار ڈال دینے کا سبب بن جائے۔
اعتدال کے تقاضوں میں چاہت اور قناعت کے درمیان توازن قائم رکھنا بھی شامل ہے۔ چنانچہ نہ ایسی چاہت ہو جو حرص اور لالچ میں مبتلا کر دے، اور نہ ایسی قناعت ہو جو آرام طلبی اور ترکِ عمل کا سبب بن جائے۔ اعتدال کی ایک صورت خرچ کرنے میں بھی ہے، چنانچہ نہ ایسی فضول خرچی ہو جو مال ضائع کرنے کا سبب بن جائے، اور نہ ایسی بخیلی ہو جو کنجوسی تک پہنچائے۔
اللہ تعالی فرماتا ہے:
وَالَّذِينَ إِذَا أَنفَقُوا لَمْ يُسْرِفُوا وَلَمْ يَقْتُرُوا وَكَانَ بَيْنَ ذَٰلِكَ قَوَامًا8
اور وہ لوگ جب خرچ کرتے ہیں تو نہ فضول خرچی کرتے ہیں، اور نہ بخل سے کام لیتے ہیں، بلکہ ان دونوں کے درمیان اعتدال کا راستہ اختیار کرتے ہیں۔
اعتدال کی خوبیوں میں سے یہ بھی ہے کہ انسان اپنے ماضی سے عبرت حاصل کرے، اپنے حال کو عمل سے آباد رکھے، اور اپنے مستقبل کے لیے امیدیں وابستہ کرے۔ فقہِ اعتدال صرف انسان کی اپنی ذات کی اصلاح تک محدود نہیں، بلکہ یہ انسان کے تعلقات اور معاملات کو بھی شامل ہے۔ چنانچہ تربیت اور برتاؤ میں سختی اور نرمی دونوں کا توازن ہو، ایسی سختی جس سے رحمت و شفقت نرم بنائے رکھے، اور ایسی رحمت جسے سختی قابو میں رکھے۔
اسی طرح اعتماد اور جواب دہی کے درمیاں بھی توازن ہو، نہ ایسا اعتماد ہو جو غفلت اور کوتاہی کا سبب بن جائے، اور نہ ایسا محاسبہ ہو جو بدگمانی اور بے جا تنگی کا باعث بن جائے۔
فکر اور رویوں میں اعتدال کے تقاضوں میں سے ہے کہ عدل و انصاف کو لازم پکڑا جائے، ظلم و نا انصافی سے بچا جائے، ہر چیز کو اس کے صحیح مقام پر رکھا جائے، اور حالات و واقعات کے بارے میں ان کے حقائق کے مطابق حکم لگایا جائے، نہ کہ محض دعووں اور نعروں کی بنیاد پر۔
بے شک ہمارا بابرکت ملک، مملکتِ سعودی عرب ہمیشہ سے اسلام اور مسلمانوں کے مسائل کا خاص خیال رکھتا آیا ہے، اور برسوں سے ان کے حقوق اور مقدس مقامات کی حفاظت و حمایت کے لیے توجہ دیتا رہا ہے۔ ان میں سرِفہرست مسجدِ اقصٰی کا مسئلہ ہے، جو مملکتِ سعودی عرب کے موقف اور کوششوں میں ہمیشہ نمایاں طور پر موجود رہا ہے، تاکہ حق کی حمایت کی جائے، مقدسات کا دفاع کیا جائے، ظلم و زیادتی کے خاتمے کی کوشش ہو، اور عدل و انصاف کی بنیادیں مضبوط کی جائیں۔
اس اعتدال کے لازمی تقاضوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ خبروں کی تحقیق کی جائے، ان کی چھان بین کی جائے، اور ان کے حقائق اور افواہوں کے درمیان فرق کیا جائے، چنانچہ ہر نشر اور شائع کی جانے والی بات کی تصدیق نہ کی جائے، اور نہ ہر پھیلائی جانے والی خبر کے پیچھے آنکھیں بند کر کے چل پڑا جائے۔ بلکہ درست بات اور صحیح معلومات کی تلاش کی جائے، اور معتبر سرکاری ذرائع کی طرف رجوع ہوا جائے۔ خصوصاً ان معاملات میں جن کا تعلق ملک کے امور، اس کی سلامتی، استحکام، اور اس کے باشندوں کے تحفظ سے ہو۔
اللہ کے بندو! ان تمام باتوں سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ اعتدال لوگوں اور معاشروں کی اصلاح کی بنیاد، اور ملکوں اور تہذیبوں کے استحکام کا ایک اہم ستون ہے۔ یہ اعتدال باہمی اتحاد و اتفاق کی حفاظت، کلمہِ حق پر جما رہنے، سمع و طاعت، جماعت کے ساتھ وابستگی، اور اجتماعی مفادات کو انفرادی مفادات پر ترجیح دینے میں نمایاں ہوتا ہے۔ چنانچہ نہ ایسا اختلاف ہو جو تفرقہ کا سبب بنے، اور نہ ایسا تعصب ہو جو فتنہ کو بھڑکائے، بلکہ باہمی اتحاد و اتفاق ہو جو یک جہتی کو مضبوط کرے، اور ایسا تعاون ہو جس سے اجتماعی مفاد حاصل ہو۔
جب حقوق دیانتداری کے ساتھ ادا کیے جائیں، اور ذمہ داریوں میں عدل و انصاف کا پاس و لحاظ رکھا جائے، تو باہمی رحم دلی اور وفاداری عام ہوتی ہے۔ محبت اور بھائی چارے کے رشتے مضبوط ہوتے ہیں، اور ترقی و خوش حالی کے راستے ہموار ہو جاتے ہیں۔ اسی دانش مندانہ فہم اور درست میزان کے ساتھ انسان اپنے دین، اپنی ذات، اپنے اہلِ و عیال اور اپنے وطن کے مفادات کے حصول کے لیے روئے زمین پر اپنی کوششیں جاری رکھتا ہے۔ عزم و حوصلہ اور امید اسے ہدایت اور رہنمائی، حکمت و دانائی، اور درست طرزِ عمل کے ساتھ نیکی کے کام کرنے، اور اپنے فرائض کو بہترین انداز میں انجام دینے پر آمادہ کرتے ہیں۔
اللہ تعالی فرماتا ہے:
إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ ۚ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا9
بے شک اللہ اور اس کے فرشتے نبی پر درود بھیجتے ہیں، اے ایمان والو! تم بھی ان پر درود بھیجو، اور خوب سلام بھی بھیجتے رہا کرو۔
اے اللہ، اپنے امین رسول پر درود و سلام اور برکتیں نازل فرما، اور آپ کے پاکیزہ اہلِ بیت پر، آپ کی ازواجِ مطہرات، جو تمام مومنوں کی مائیں ہیں، ان پر بھی درود نازل فرما۔ اے اللہ، چاروں خلفائے راشدین سے راضی ہو جا، تمام صحابہِ کرام، تابعین اور قیامت تک ان کے نقشِ قدم پر اچھے طریقے سے چلنے والوں سے راضی ہو جا، اور اپنے عفو و کرم اور احسان کے طفیل ہمیں بھی ان کے ساتھ اپنی رضا مندی عطا فرما۔ اے سب سے بڑھ کر کرم کرنے والے!
اے اللہ، اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ عطا کر، اے اللہ، اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ عطا کر، دین کے قلعے کی حفاظت فرما، اس ملک کو امن و امان، اطمینان اور خوش حالی والا بنا دے، اور تمام مسلم ممالک کو بھی امن و سلامتی عطا فرما، اے تمام جہانوں کے رب! اے اللہ، ہمارے سربراہ اور حکمراں، خادمِ حرمینِ شریفین اور ان کے ولیِ عہد کو ہر اس کام کی توفیق عطا فرما جسے تو پسند فرماتا ہے، اور جس سے تو راضی ہو، انہیں اور ان کے معاونین کو ان کا موقعِ توفیق دے، جن میں ملک و قوم اور بندوں کی بھلائی، اور اسلام و مسلمانوں کی عزت، سربلندی اور غلبہ ہو۔
اے اللہ، ہمارے امن کے محافظوں، دفاعی اہلِ کاروں، اور سرحدوں اور مورچوں پر موجود ہمارے فوجیوں کی حفاظت اور مدد فرما۔ اے اللہ انہیں اپنی تائید اور نصرت سے شادکام کر۔ اے اللہ، ان کے نشانِ اور ان کی آراء کو درست فرما، اے اللہ، انہیں ثابت قدم رکھ۔ اے اللہ، ان کے آگے، پیچھے، دائیں اور بائیں سے ان کی حفاظت فرما۔ اے اللہ، ہم اس بات سے تیری پناہ چاہتے ہیں کہ انہیں ان کے نیچے سے اچک لیا جائے۔
اے اللہ، جو ہمارے ملک اور تمام مسلم ممالک کے خلاف برائی کا ارادہ کرے، اسے اسی کی ذات میں الجھا دے، اس کی سازش کو اسی پر پلٹا دے، اور اس کی تدبیر کو اس کی تباہی کا سبب بنا دے۔ اے اللہ، تو دہشت گرد، اسی جماعت کی گرفت کر جو ملت اور دین کی دشمن ہے، اے اللہ، ان کی اور ان کے معاونین کی پکڑ کر، ان کی گرفت کر، اے اللہ، ان کے گروہ کو منتشر کر دے، ان کی اجتماعیت کو بکھیر دے، اور ان کے دلوں میں اختلاف ڈال دے۔ اے اللہ، ہم ان کے مقابلے میں تجھے ہی اپنا محافظ اور مددگار بناتے ہیں، اور ان کے شر سے تیری پناہ مانگتے ہیں۔
اے اللہ، برائی کا وبال انہیں پر ڈال دے، اے قوت و غلبہ والے رب! اے پریشان حال لوگوں کی پریشانیاں دور کرنے والے، پریشان حال لوگوں کی پریشانیاں دور فرما، مصیبت زدہ لوگوں کی تکلیفیں دور کر، قرض داروں کے قرض ادا فرما، ہمارے بیماروں اور تمام مسلمانوں کے بیماروں کو شفا عطا فرما، ہمارے اور تمام مسلمانوں کے فوت شدگان پر رحم فرما۔ اے اللہ، فلسطین میں اور دنیا کے ہر مقام پر کمزور اور مظلوم مسلمانوں کی مدد فرما۔ اے اللہ، ان کے لیے ہر پریشانی سے نجات کا راستہ پیدا فرما، ہر تنگی سے نکلنے کی راہ عطا فرما، اور ہر آزمائش سے عافیت عطا فرما۔ ہم تجھ سے ان کے لیے جلد کشادگی اور فوری فتح و نصرت کا سوال کرتے ہیں۔
سبحان ربک رب العزۃ عما یصفون، وسلام علی المرسلین، والحمد للہ رب العالمین۔
خطبہ جمعہ مسجد الحرام
تاریخ: 10جمادی ثانی 1448 ہجری بمطابق 20 نومبر 2026 عیسوی
خطیب: فضیلۃ الشیخ یاسر بن راشد الدوسری حفظہ اللہ
______________________________________________________________
