خطبہ اول:
تمام تعریف اللہ کے لیے ہے جو نہایت کریم، بہت نوازش والا، اور وسیع فضل و احسان والا ہے۔ وہ نیکیوں کو کئی گنا بڑھاتا ہے اور نیتوں کے مطابق اعمال میں برکت عطا فرماتا ہے۔ میں اس پاک ذات کی حمد بیان کرتا ہوں اور مسلسل نعمتوں اور بے شمار احسانات پر اس کا شکر ادا کرتا ہوں۔ اور میں گواہی دیتا ہوں کہ ایک اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں، اس کا کوئی شریک نہیں۔ اس نے اپنے مومن بندوں سے بھرپور اجر و ثواب کا وعدہ فرمایا ہے، اور ان پر اپنے فضل سے اجر کو کئی گنا بڑھایا اور انہیں بہترین انجام سے نوازا ہے۔ اور میں گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے سردار اور نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں میں سب سے زیادہ اپنے رب سے ڈرنے والے، اپنے مقصد میں سب سے زیادہ اخلاص رکھنے والے، اور سب سے زیادہ اجر و ثواب کی امید کرنے والے تھے۔ اللہ آپ پر، آپ کی آل و اصحاب پر درود و سلام اور برکتیں نازل فرمائے اور ان تمام لوگوں پر جو قیامت تک آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے منہج پر چلتے رہیں۔
اما بعد!
اللہ کے بندو میں تمہیں اور اپنے آپ کو اللہ کے تقویٰ کی وصیت کرتا ہوں، کیونکہ اللہ کا تقویٰ بہترین زاد راہ ہے، رشد و ہدایت کا راستہ ہے، اور قیامت کے دن کامیابی کا ذریعہ ہے۔ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: اے ایمان والو! اللہ کا کما حقہ تقویٰ اختیار کرو اور تمہیں موت نہ آئے مگر اس حال میں کہ تم مسلمان ہو۔
اے امتِ اسلامیہ! اللہ تعالیٰ کی اپنے بندوں پر ایک رحمت یہ بھی ہے کہ اس نے ان کے لیے اجر و ثواب کے دروازے کھول دیے، نیکی کے راستوں کو آسان بنا دیا، اور نیک نیتی کو بہت عظیم مقام عطا فرمایا۔
جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہے:
إِنَّمَا الأَعْمَالُ بِالنِّيَّاتِ، وَإِنَّمَا لِكُلِّ امْرِئٍ مَا نَوَى1
بیشک اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے، اور ہر شخص کو وہی ملے گا جس کی اس نے نیت کی ہے۔
چنانچہ نیک نیتی کے ذریعے ایک ہی عمل پر انسان کو کئی گنا اجر و ثواب عطا کیا جاتا ہے، اور ایک مباح عادت بھی عظیم ترین عبادت اور طاعت بن جاتی ہے۔ کتنے ہی معمولی اعمال ایسے ہیں جن کا اجر اچھی نیت کی وجہ سے بہت عظیم ہو جاتا ہے، اور کتنے ہی ایسے بڑے اعمال ہیں جن کا کرنے والا اپنی نیت کی خرابی کے سبب ثواب سے محروم رہ جاتا ہے۔ بلکہ کبھی سچی نیت اور اجر کی امید کی وجہ سے بندے کے لیے ایسے عمل کا اجر بھی لکھ دیا جاتا ہے جو اس نے کیا ہی نہیں ہوتا۔
صحیح بخاری میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إِذَا مَرِضَ العَبْدُ، أَوْ سَافَرَ، كُتِبَ لَهُ مِثْلُ مَا كَانَ يَعْمَلُ مُقِيمًا صَحِيحًا»2
جب کوئی شخص بیمار ہو جاتا ہے یا سفر پر چلا جاتا ہے تو اس کے لیے اتنا ہی اجر لکھ دیا جاتا ہے جتنا مقیم اور تندرست ہونے کی حالت میں اعمال پر ملتا ہے۔
ایمانی بھائیو! اعمال میں اجر و ثواب کی نیت رکھنے سے وہ عظیم مقصد حاصل ہوتا ہے جس کے لیے ہمیں پیدا کیا گیا ہے۔
اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونِ3
اور میں نے جنوں اور انسانوں کو صرف اس لیے پیدا کیا ہے کہ وہ میری عبادت کریں۔
عبادت صرف ظاہری اعمال مثلاً روزہ، نماز، حج اور زکوٰۃ ہی تک محدود نہیں، بلکہ مسلمان کی پوری زندگی عبادت ہے، بشرطیکہ وہ اپنے اقوال و اعمال سے اپنے رب کی رضا چاہے۔
اللہ کا فرمان ہے:
قُلْ إِنَّ صَلَاتِي وَنُسُكِي وَمَحْيَايَ وَمَمَاتِي لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ٘ لَا شَرِيكَ لَهُ ۖ وَبِذَٰلِكَ أُمِرْتُ وَأَنَا أَوَّلُ الْمُسْلِمِينَ4
آپ کہہ دیجیے کہ بیشک میری نماز، میری قربانی، میری زندگی اور میری موت سب اللہ کے لیے ہے جو تمام جہانوں کا رب ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، اور مجھے اسی بات کا حکم دیا گیا ہے اور میں سب سے پہلے فرمانبرداروں میں سے ہوں۔
اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ رضی اللہ عنہم نے اعمال میں نیت کے مقام و مرتبہ کو خوب سمجھ لیا تھا۔
کہ معاذ رضی اللہ عنہ نے ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے پوچھا: تم قرآن مجید کیسے پڑھتے ہو؟ انہوں نے جواب دیا:
مُعَاذٌ لِأَبِي مُوسَى كَيْفَ تَقْرَأُ الْقُرْآنَ قَالَ قَائِمًا وَقَاعِدًا وَعَلَى رَاحِلَتِي وَأَتَفَوَّقُهُ تَفَوُّقًا قَالَ أَمَّا أَنَا فَأَنَامُ وَأَقُومُ فَأَحْتَسِبُ نَوْمَتِي كَمَا أَحْتَسِبُ قَوْمَتِي5
میں کھڑے ہو کر بھی پڑھتا ہوں، بیٹھ کر بھی اور اپنی سواری پر بھی۔ اس پر معاذ رضی اللہ عنہ نے کہا، جو کہ امت میں حلال و حرام کا سب سے زیادہ علم رکھنے والے تھے، کہ جہاں تک میرا معاملہ ہے تو میں سوتا بھی ہوں اور قیام بھی کرتا ہوں، اور میں اپنی نیند کو بھی اپنے قیام ہی کی طرح باعث ثواب سمجھتا ہوں۔
یعنی وہ اپنی نیند کے لیے ویسے ہی ثواب کی امید رکھتے تھے جس طرح رات کے قیام کے لیے رکھتے تھے، کیونکہ ان کی نیت یہ ہوتی تھی کہ اپنی نیند کے ذریعے قیام اللیل کے لیے قوت حاصل کریں۔
اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اپنے رب کی رضا حاصل کرنے کے لیے اپنا سب سے محبوب اور قیمتی مال خرچ کیا کرتے تھے۔ اجر و ثواب کی نیت سے کیے جانے والے عظیم اعمال میں سے ایک یہ بھی ہے کہ انسان خود ضرورت مند ہونے کے باوجود دوسروں کو اپنے اوپر ترجیح دے اور کسی بدلے کی امید کے بغیر بھلائی کرتا رہے۔
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا:
أَنَّ رَجُلًا أَتَى النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَبَعَثَ إِلَى نِسَائِهِ فَقُلْنَ مَا مَعَنَا إِلَّا الْمَاءُ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَنْ يَضُمُّ أَوْ يُضِيفُ هَذَا فَقَالَ رَجُلٌ مِنْ الْأَنْصَارِ أَنَا فَانْطَلَقَ بِهِ إِلَى امْرَأَتِهِ فَقَالَ أَكْرِمِي ضَيْفَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَالَتْ مَا عِنْدَنَا إِلَّا قُوتُ صِبْيَانِي فَقَالَ هَيِّئِي طَعَامَكِ وَأَصْبِحِي سِرَاجَكِ وَنَوِّمِي صِبْيَانَكِ إِذَا أَرَادُوا عَشَاءً فَهَيَّأَتْ طَعَامَهَا وَأَصْبَحَتْ سِرَاجَهَا وَنَوَّمَتْ صِبْيَانَهَا ثُمَّ قَامَتْ كَأَنَّهَا تُصْلِحُ سِرَاجَهَا فَأَطْفَأَتْهُ فَجَعَلَا يُرِيَانِهِ أَنَّهُمَا يَأْكُلَانِ فَبَاتَا طَاوِيَيْنِ فَلَمَّا أَصْبَحَ غَدَا إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَالَ ضَحِكَ اللَّهُ اللَّيْلَةَ أَوْ عَجِبَ مِنْ فَعَالِكُمَا فَأَنْزَلَ اللَّهُ وَيُؤْثِرُونَ عَلَى أَنْفُسِهِمْ وَلَوْ كَانَ بِهِمْ خَصَاصَةٌ وَمَنْ يُوقَ شُحَّ نَفْسِهِ فَأُولَئِكَ هُمْ الْمُفْلِحُونَ6
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں بھوکے حاضر ہوئے ، آپ نے انہیں ازواج مطہرات کے یہاں بھیجا ۔ ( تاکہ ان کو کھانا کھلادیں ) ازواج مطہرات نے کہلا بھیجا کہ ہمارے پاس پانی کے سوا اور کچھ نہیں ہے ۔ اس پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ان کی کون مہمانی کرے گا ؟ ایک انصاری صحابی بولے میں کروں گا ۔ چنانچہ وہ ان کو اپنے گھر لے گئے اور اپنی بیوی سے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مہمان کی خاطر تواضع کر ، بیوی نے کہا کہ گھر میںبچوں کے کھانے کے سوا اور کوئی چیز بھی نہیں ہے ، انہوں نے کہا جو کچھ بھی ہے اسے نکال دو اور چراغ جلالو اور بچے اگر کھانا مانگتے ہیں تو انہیں سلادو ۔ بیوی نے کھانا نکال دیا اور چراغ جلادیا اور اپنے بچوں کو ( بھوکا ) سلادیا ، پھر وہ دکھاتو یہ رہی تھیں جیسے چراغ درست کررہی ہوں لیکن انہوں نے اسے بجھا دیا ، اس کے بعد دونوں میاں بیوی مہمان پر ظاہر کرنے لگے کہ گویا وہ بھی ان کے ساتھ کھارہے ہیں ، لیکن ان دونوں نے ( اپنے بچوں سمیت رات ) فاقہ سے گزاردی ، صبح کے وقت جب وہ صحابی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں آئے تو آپ نے فرمایا تم دونوں میاں بیوی کے نیک عمل پر رات کو اللہ تعالیٰ ہنس پڑا یا ( یہ فرمایا کہ اسے ) پسند کیا ، اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی ” اور وہ ( انصار ) ترجیح دیتے ہیں اپنے نفسوں کے اوپر ( دوسرے غریب صحابہ کو ) اگرچہ وہ خود بھی فاقہ ہی میں ہوں اور جو اپنی طبیعت کے بخل سے محفوظ رکھا گیا سو ایسے ہی لوگ فلاح پانے والے ہیں ۔
اے ایمان والو! خرچ کرنے میں اجر و ثواب کی نیت کا معاملہ صرف صدقات اور عطیات تک محدود نہیں، بلکہ اس کے دروازے اس سے کہیں زیادہ وسیع ہیں، بشرطیکہ نیت درست ہو۔
صحیح بخاری اور مسلم میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
اذَا أَنْفَقَ الرَّجُلُ عَلَى أَهْلِهِ يَحْتَسِبُهَا فَهُوَ لَهُ صَدَقَةٌ»7
جب کوئی شخص اپنے اہل و عیال پر خرچ کرتا ہے اور اس پر اجر و ثواب کی امید رکھتا ہے تو اس کا یہ خرچ اس کے لیے صدقہ ہوتا ہے۔
اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ سے فرمایا:
وَإِنَّكَ لَنْ تُنْفِقَ نَفَقَةً إِلَّا أُجِرْتَ بِهَا حَتَّى اللُّقْمَةُ تَرْفَعُهَا إِلَى فِي امْرَأَتِكِ8
تم اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کی نیت سے جو بھی خرچ کرو گے اس پر تمہیں اجر و ثواب ضرور ملے گا، یہاں تک کہ اس لقمے پر بھی جو تم اپنی بیوی کے منہ میں ڈالتے ہو۔
ہرچند کہ اہل و عیال پر خرچ کرنا واجب ہے، لیکن اس کے باوجود نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے صدقے کے اجر کے برابر قرار دیا ہے، بشرطیکہ خرچ کرنے والا اس کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے اجر و ثواب کی امید رکھے۔
اسی طرح اچھی بات کہنا صدقہ ہے، حسن معاشرت تقرب الہیٰ کا ذریعہ ہے، اور اپنے گھر خاندان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے محنت کرنا عبادت ہے۔ بلکہ وہ سبھی مباح کام جنہیں انسان کرتا ہے، اچھی نیت کی وجہ سے نیکیوں اور عبادتوں میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔
یہاں تک کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے فرمایا: “تمہارا اپنی بیوی کے ساتھ ازدواجی تعلق قائم کرنا بھی صدقہ ہے۔
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! کیا ہم میں سے کوئی شخص اپنی خواہش پوری کرے اور اس پر بھی اسے اجر ملے گا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: “تمہارا کیا خیال ہے اگر وہ اپنی خواہش کو حرام طریقے سے پوری کرتا تو کیا اس پر گناہ ہوتا؟ اسی طرح جب وہ اسے حلال طریقے سے پوری کرتا ہے تو اس کے لیے اجر و ثواب ہے۔
مومنو! یہ حرماں نصیبی کی بات ہے کہ انسان اپنا وقت، اپنی محنت اور اپنا مال نیکی اور بھلائی کے کاموں میں خرچ کرے لیکن اجر و ثواب کی نیت سے غافل ہو جائے، اور اپنے دل کو لوگوں کی تعریف اور شکریے سے وابستہ کر لے۔ پھر اگر لوگ اس کی نیکی کا انکار کر دیں یا اس کا شکر ادا کرنے میں کوتاہی کریں، تو اس کا جذبہ کمزور پڑ جائے، بلکہ بسا اوقات وہ نیکی اور بھلائی کرنا ہی چھوڑ دے۔ لہٰذا اللہ کے بندو، اپنے مقاصد کی تجدید کرو، اپنے اعمال کے اجر و ثواب کی نیت رکھو، کیونکہ تمہارا رب بہت کریم ہے۔ وہ کسی نیک عمل کرنے والے کے اجر کو ضائع نہیں کرتا۔ اور جو کچھ اللہ کے پاس ہے وہ سب سے بہتر اور ہمیشہ باقی رہنے والا ہے۔
اللہ کا فرمان ہے:
مَنْ عَمِلَ صَالِحًا مِّن ذَكَرٍ أَوْ أُنثَىٰ وَهُوَ مُؤْمِنٌ فَلَنُحْيِيَنَّهُ حَيَاةً طَيِّبَةً ۖ وَلَنَجْزِيَنَّهُمْ أَجْرَهُم بِأَحْسَنِ مَا كَانُوا يَعْمَلُونَ9
جو شخص بھی نیک عمل کرے، خواہ مرد ہو یا عورت، بشرطیکہ وہ مومن ہو، تو ہم اسے یقیناً پاکیزہ زندگی عطا فرمائیں گے اور انہیں ان کے اعمال کا بہترین بدلہ دیں گے۔
اللہ تعالیٰ مجھے اور آپ کو قرآن و سنت میں برکت عطا فرمائے اور ان میں موجود آیات و حکمت سے ہم سب کو فائدہ پہنچائے۔ میں اپنی یہ بات کہتا ہوں اور آپ کے لیے اور اپنے لیے اللہ سے مغفرت طلب کرتا ہوں، آپ بھی اس سے مغفرت طلب کریں۔ بیشک وہ بہت زیادہ بخشنے والا ہے۔
خطبہ ثانی:
تمام تعریف اللہ کے لیے ہے، اس کے احسانات پر، اور اسی کے لیے شکر ہے اس کی توفیق اور انعامات پر، جس نے نیکی کے بہت زیادہ دروازے رکھے اور اجر و ثواب کے راستوں کو آسان بنایا۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں۔ اور میں گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے نبی اور سردار محمد اللہ کے بندے اور رسول ہیں۔ اللہ آپ پر، آپ کی آل و اصحاب پر بے شمار درود و سلام اور برکتیں نازل فرمائے۔
اما بعد!
مومنو! اجر و ثواب کی نیت کے میدانوں میں سے ایک میدان آزمائشوں اور مصیبتوں کا میدان ہے۔ جب غم و فکر بڑھ جاتے ہیں، پریشانیوں کی بھرمار ہوتی ہے، اور بندے کے لیے اللہ کے سوا کوئی جائے پناہ باقی نہیں رہتی۔ ایسے حالات میں اجر و ثواب کی نیت کی صورت یہ ہے کہ بندہ اپنی مصیبت پر صبر کرے، اللہ کے فیصلے اور تقدیر پر اعتراض نہ کرے، اور اپنے رب کی رحمت سے مایوس نہ ہو۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
يَقُولُ اللَّهُ تَعَالَى: مَا لِعَبْدِي المُؤْمِنِ عِنْدِي جَزَاءٌ، إِذَا قَبَضْتُ صَفِيَّهُ مِنْ أَهْلِ الدُّنْيَا ثُمَّ احْتَسَبَهُ، إِلَّا الجَنَّةُ10
میرے اس مومن بندے کے لیے میرے پاس جنت ہی بدلہ ہے جس کی دنیا کا کوئی محبوب فرد میں اس سے لے لوں اور وہ اس پر ثواب کی نیت سے صبر کرے۔
میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
مَا يُصِيبُ الْمُؤْمِنَ مِنْ وَصَبٍ وَلَا نَصَبٍ وَلَا سَقَمٍ وَلَا حَزَنٍ حَتَّى الْهَمِّ يُهَمُّهُ إِلَّا كُفِّرَ بِهِ مِنْ سَيِّئَاتِهِ11
مومن کو کوئی تکلیف نہیں پہنچتی، نہ تھکاوٹ، نہ بیماری، نہ غم حتی کہ کوئی فکر بھی جو اسے فکرمند کر دے مگر اس کے بدلے اس کے گناہوں کو مٹا دیا جاتا ہے۔
پس اے وہ شخص جس پر زندگی کے راستے تنگ ہو گئے ہیں اور جس کی تمام تدبیریں ختم ہو گئی ہیں، اپنے رب سے اچھا گمان رکھ، کشادگی و فراخی کے اسباب اختیار کر، اور اپنے رب کی اس بشارت کو یاد رکھ جو اس نے صبر کرنے اور اجر کی امید رکھنے والوں کو دی ہے۔ اللہ تعالیٰ ایسے بندے کو اپنی رحمت و برکت اور ہدایت سے نوازتا ہے، اس کے درجات بلند فرماتا ہے اور اس کے گناہوں کو مٹا دیتا ہے۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
وَلَنَبْلُوَنَّكُم بِشَيْءٍ مِّنَ الْخَوْفِ وَالْجُوعِ وَنَقْصٍ مِّنَ الْأَمْوَالِ وَالْأَنفُسِ وَالثَّمَرَاتِ ۗ وَبَشِّرِ الصَّابِرِينَ٘ الَّذِينَ إِذَا أَصَابَتْهُم مُّصِيبَةٌ قَالُوا إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ٘ أُولَٰئِكَ عَلَيْهِمْ صَلَوَاتٌ مِّن رَّبِّهِمْ وَرَحْمَةٌ ۖ وَأُولَٰئِكَ هُمُ الْمُهْتَدُونَ12
اور ہم ضرور تمہیں خوف، بھوک اور مال و جان اور پھلوں کی کمی کے ذریعے آزمائیں گے، اور صبر کرنے والوں کو خوشخبری دے دیجیے۔ یہ وہ لوگ ہیں جب انہیں کوئی مصیبت پہنچتی ہے تو کہتے ہیں: بیشک ہم اللہ ہی کے ہیں اور یقیناً ہمیں اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔ یہی وہ لوگ ہیں جن پر ان کے رب کی طرف سے خاص عنایات اور رحمت ہے اور یہی لوگ ہدایت یافتہ ہیں۔
ایمانی بھائیو! عظیم اجر اور بڑے ثواب کی امید کا ایک ذریعہ اور میدان یہ ہے کہ بندہ اپنے وطن کا دفاع کرے اور اہل وطن اور اس کے مہمانوں، خصوصاً حرمین شریفین کے زائرین کی حفاظت کرے۔ مجرم حوثیوں کا ریاض ایئرپورٹ پر حملہ، اور معصوم و مامون شہریوں اور تلبیہ پکارنے والے معتمرین کا خون بہانا بہت سنگین جرم اور مجرمانہ سرکشی ہے۔ جس میں انہوں نے نہ خون کی حرمت کا پاس و لحاظ رکھا اور نہ ہی اللہ کے مہمانوں کی حرمت کا۔ قابل مبارکباد ہیں مملکتِ سعودی عرب کے محافظین اور قابل قدر ہیں ان کی وہ کوششیں جو وہ جارحیت کو روکنے اور جانوں کی حفاظت کے لیے اللہ سے ثواب کی امید کرتے ہوئے صرف کر رہے ہیں۔ ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ ان میں سے جن کی وفات ہوئی انہیں شہادت کا درجہ عطا فرمائے، اور سرکشوں کی سرکشی انہی پر پلٹ دے، اور ہمارے ملک کو ہر مصیبت اور جارحیت سے محفوظ رکھے۔
مومنو! اجر و ثواب کی امید پیدا کرنے والی عظیم ترین باتوں میں سے ایک یہ ہے کہ مومن بندہ دنیا کی فانی ساز و سامان کا آخرت کے دائمی ثواب کے ساتھ موازنہ کرے، اور جو کچھ اللہ کے پاس ہے وہ زیادہ بہتر اور زیادہ باقی رہنے والا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے پاس موجود اجر و ثواب اپنی خوبی اور اپنی قدر کے اعتبار سے بہتر ہے، اور اپنے اثرات کے اعتبار سے بھی زیادہ باقی رہنے والا اور اپنی دائمی حیثیت کے اعتبار سے بھی باقی رہنے والا ہے۔ وہ ان چیزوں سے بہتر ہے جن کے لیے تم آپس میں مقابلہ کرتے ہو، اور ان چیزوں سے بھی زیادہ پائیدار ہے جن کے چھن جانے کا تمہیں خوف رہتا ہے۔ انسان کو دنیا میں کتنی ہی راحت اور آسائش مل جائے، بالآخر یا تو بندے کو انہیں چھوڑنا ہوگا یا وہ اسے چھوڑ دیں گی۔ البتہ اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان کے لیے جو کچھ تیار کر رکھا ہے وہ ایسی نعمتیں ہیں جو کبھی زائل نہیں ہوں گی، وہ ایسا فضل ہے جو کبھی ختم نہیں ہوگا۔
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
وَرِضْوَانٌ مِّنَ اللَّهِ أَكْبَرُ ۚ ذَٰلِكَ هُوَ الْفَوْزُ الْعَظِيمُ13
اور اللہ کی رضا سب سے بڑھ کر ہے، یہی تو بڑی کامیابی ہے۔
اے مومنو! اللہ نے تمہیں ایک نہایت عظیم حکم دیا جس کا آغاز اس نے خود اپنی ذات سے کیا ہے کہ: “بیشک اللہ اور اس کے فرشتے اس نبی پر درود بھیجتے ہیں۔ اے ایمان والو تم بھی ان پر درود بھیجو اور خوب سلام بھیجو۔” اے اللہ! رحمتیں نازل فرما محمد اور ان کی ازواج مطہرات اور اولاد پر، جس طرح تو نے رحمتیں نازل فرمائیں ابراہیم علیہ السلام کی آل اولاد پر۔ اور برکتیں نازل فرما محمد اور ان کی ازواج مطہرات اور اولاد پر، جس طرح تو نے برکتیں نازل فرمائیں ابراہیم علیہ السلام کی اولاد پر۔ بیشک تو ہی تعریف کے لائق اور بڑی عظمت والا ہے۔ اے اللہ! خلفائے راشدین ابو بکر، عمر، عثمان اور علی سے راضی ہو جا، اور تمام صحابہ کرام سے، تابعین سے، اور قیامت تک ان کی پیروی کرنے والوں سے بھی راضی ہو جا، اور اپنے عفو و کرم اور سخاوت کے طفیل میں ہم سے بھی راضی ہو جا۔
اے اللہ! اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ عطا فرما، اس ملک کو اور اسلامی تمام ممالک کو بھی امن و امان، خوشحالی اور فراوانی والا بنا۔ اے اللہ ہمیں ہمارے وطنوں میں امن عطا فرما، ہمارے پیشواؤں اور حکمرانوں کو توفیق یاب کر، اور ہمارے سربراہ اور حکمران کی حق کے ساتھ مدد فرما۔ اے اللہ! ہمارے سربراہ خادم حرمین شریفین کو ان کاموں کی توفیق عطا فرما جنہیں تو پسند فرماتا ہو اور جن سے تو راضی ہو۔ اے اللہ انہیں اور ان کے امانت دار ولی عہد کو ایسے کاموں کی توفیق دے جن میں اسلام کی سربلندی، مسلمانوں کی بھلائی اور ملک و قوم کے لیے خیر ہو۔ اے اللہ حرمین شریفین، ان کے زائرین کی خدمت میں جو کوششیں اور خدمات وہ انجام دے رہے ہیں، ان پر انہیں بہترین بدلہ عطا فرما، اور اسلام اور مسلمانوں کی جانب سے انہیں جزائے خیر دے۔
اے اللہ ہمارے دین، ہماری قیادت اور ہمارے امن و امان کی حفاظت فرما۔ اے اللہ ہمارے امن کے محافظوں، ہمارے دفاعی دستوں اور ہماری سرحدوں اور محاذوں پر موجود فوجیوں کو کامیابی عطا فرما۔ اے اللہ اپنے اور ان کے دشمنوں کے مقابلے میں ان کی مدد فرما، اے زبردست اور غالب رب۔ اے اللہ! حوثی ظالموں اور ان کے مددگاروں کی گرفت کر۔ اے اللہ! ان کی سازشوں کو انہی پر پلٹ دے، ان کی تدبیروں کو انہی کی تباہی کا سبب بنا دے۔ اے اللہ! اہل یمن سے ان کی مصیبتوں اور پریشانیوں کو دور فرما اور انہیں باغی حوثیوں کے مقابلے میں فتح و نصرت عطا فرما، انہیں امن و استحکام کی نعمت سے شادکام کر، اے زبردست، غالب اور عظمت و بزرگی والے رب۔
اے اللہ! فلسطین میں ہمارے مظلوم بھائیوں کی پریشانی دور فرما۔ اے اللہ تو ان کا معین و مددگار اور حامی و ناصر ہو جا۔ اے اللہ مسجد اقصیٰ کو ظالموں کے ظلم اور قبضہ گیروں کی جارحیت سے محفوظ رکھ اور اسے تاقیامت سربلند و بالا رکھ۔ اے اللہ ہمیں نیت کی سچائی، عمل کی درستگی اور ظاہر و باطن ہر حال میں اخلاص عطا فرما۔ اے اللہ ہم تجھ سے ہدایت، تقویٰ، پاکدامنی اور بے نیازی کا سوال کرتے ہیں۔ اے اللہ! تمام مسلمان اور مومن مرد و عورتوں کی مغفرت فرما، خواہ وہ زندہ ہوں یا وفات پا چکے ہوں۔ ربنا آتنا فی الدنیا حسنۃ وفی الآخرۃ حسنۃ وقنا عذاب النار۔ سبحان ربک رب العزۃ عما یصفون وسلام علی المرسلین والحمد للہ رب العالمین
خطبہ جمعہ مسجد الحرام۔
تاریخ 26 جمادی الاول 1448 ہجری بمطابق 6 نومبر 2026 عیسوی۔
خطیب فضیلۃ الشیخ ماہر المعیقلی حفظہ اللہ۔
_________________________________________________________
