خطبہ عرفہ:
تمام تعریف اللہ تعالیٰ کے لئے ہے جو بے نیاز کرم کرنے والا اور زیادہ احسان اور عظیم فضل والا ہے۔وہ جسے چاہے سیدھے راستے کی رہنمائی کرتاہے ہم اُس کی ایک کے بعد ایک نعمتوں اور پے درپے بھلائیوں پر اُس کی حمد بیان کرتے ہیں۔میں گواہی دیتا ہوں کہ ایک اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اُس کاکوئی شریک نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد ﷺ اس کے بندے اور رسول ہیں ۔ اللہ تعالیٰ درود و سلام نازل فرمائے آپ ﷺ پر آپ ﷺ کی آل پر اور آپ ﷺ کے اصحاب اجمعین پر۔بے شمار درود و سلا م نازل فرمائے۔
اما بعد!
مومنو! اللہ تعالیٰ کے فرمان کی بجا آوری کر کے اللہ سے ڈرو ،دنیا و آخرت میں بڑی کامیابی و کامرانی حاصل کرو گے ۔جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَالْعَاقِبَةُ لِلْمُتَّقِينَ
القصص – 83
پرہیزگاروں کے لیے نہایت ہی عمده انجام ہے۔
ایک اور مقام پر اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
إِنَّ اللَّهَ مَعَ الَّذِينَ اتَّقَوا وَّالَّذِينَ هُم مُّحْسِنُونَ
النحل – 128
یقین مانو کہ اللہ تعالیٰ پرہیزگاروں اور نیک کاروں کے ساتھ ہے۔
اور فرمایا:
إِنَّهُ مَن يَتَّقِ وَيَصْبِرْ فَإِنَّ اللَّهَ لَا يُضِيعُ أَجْرَ الْمُحْسِنِينَ
یوسف – 90
بات یہ ہے کہ جو بھی پرہیز گاری اور صبر کرے تو اللہ تعالیٰ کسی نیکوکار کا اجر ضائع نہیں کرتا۔
جن باتوں کا اللہ تعالیٰ نے آپ کو حکم دیا ہے ان میں سے ایک احسان ہےجیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
إِنَّ اللَّهَ يَأْمُرُ بِالْعَدْلِ وَالْإِحْسَانِ وَإِيتَاءِ ذِي الْقُرْبَىٰ
النحل – 90
اللہ تعالیٰ عدل کا، بھلائی کا اور قرابت داروں کے ساتھ سلوک کرنے کا حکم دیتا ہے۔
اس لئے بندے چاہیئے کہ عبادت میں احسان کو لازم پکڑے جیسا کہ حدیث میں نبی کریم ﷺ نے فرمایا: احسان یہ ہے کہ تم اللہ کی عبادت اس طرح کرو گویا تم اُسے دیکھ رہے ہواور اگر تم اُسے نہیں دیکھ رہے تو یقینا ً وہ تمہیں دیکھ رہاہے ۔متفق علیہ
ان میں عظیم ترین توحید یعنی عبادت کو اللہ تعالیٰ کے لئے خاص کر کے احسان کو لازم اختیار کرنا ہےجیسا کہ فرمان ِ باری تعالیٰ ہے:
وَمَن يُسْلِمْ وَجْهَهُ إِلَى اللَّهِ وَهُوَ مُحْسِنٌ فَقَدِ اسْتَمْسَكَ بِالْعُرْوَةِ الْوُثْقَىٰ ۗ وَإِلَى اللَّهِ عَاقِبَةُ الْأُمُورِ
لقمان- 22
اور جو (شخص) اپنے آپ کو اللہ کے تابع کردے اور ہو بھی وه نیکو کار یقیناً اس نے مضبوط کڑا تھام لیا، تمام کاموں کا انجام اللہ کی طرف ہے۔
اور فرمایا:
بَلَىٰ مَنْ أَسْلَمَ وَجْهَهُ لِلَّهِ وَهُوَ مُحْسِنٌ فَلَهُ أَجْرُهُ عِندَ رَبِّهِ وَلَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ
البقرة – 112
سنو! جو بھی اپنے آپ کو خلوص کے ساتھ اللہ کے سامنے جھکا دے۔ بےشک اسے اس کا رب پورا بدلہ دے گا، اس پر نہ تو کوئی خوف ہوگا، نہ غم اور اداسی۔
وَقَضَىٰ رَبُّكَ أَلَّا تَعْبُدُوا إِلَّا إِيَّاهُ
الاحقاف – 23
اور تیرا پروردگار صاف صاف حکم دے چکا ہے کہ تم اس کے سوا کسی اور کی عبادت نہ کرنا۔
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَأَنَّ الْمَسَاجِدَ لِلَّهِ فَلَا تَدْعُوا مَعَ اللَّهِ أَحَدًا
الجن – 18
اور یہ کہ مسجدیں صرف اللہ ہی کے لئے خاص ہیں پس اللہ تعالیٰ کے ساتھ کسی اور کو نہ پکارو۔
اسی طرح اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
فَصَلِّ لِرَبِّكَ وَانْحَرْ
الکوثر – 2
پس تو اپنے رب کے لئے نماز پڑھ اور قربانی کر۔
یہ توحید کی گواہی “لا الٰہ الا اللہ” اور اس کے ساتھ رسالت کی گواہی “أشھد ان محمدا رسول اللہ ” کا تقاضہ ہے اس لئے آپ ﷺ کے حکم کی پیروی کی جائے آپ ﷺ کی خبر کی تصدیق کی جائے اور اُسی طریقے پر اللہ تعالیٰ کی عبادت کی جائے جو آپ ﷺ کے کر آئے ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اس دین کو مکمل کردیا اس لئے یہ دین اس بات کا محتاج نہیں کہ اس میں کسی بدعت کا اضافہ کیا جائے ۔ اللہ تعالیٰ نے عرفہ کے دن نازل ہونے والی آیت میں فرمایا:
الْيَوْمَ أَكْمَلْتُ لَكُمْ دِينَكُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَيْكُمْ نِعْمَتِي وَرَضِيتُ لَكُمُ الْإِسْلَامَ دِينًا ۚ
المائدۃ – 3
آج میں نے تمہارے لئے دین کو کامل کردیا اور تم پر اپنا انعام بھرپور کردیا اور تمہارے لئے اسلام کے دین ہونے پر رضامند ہوگیا۔
اللہ تعالیٰ کی عبادت میں سے احسان اور احسان میں سے روزانہ پانچ نمازوں کو ان کے وقتوں کی پابندی کے ساتھ ادا کرنا ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
حَافِظُوا عَلَى الصَّلَوَاتِ وَالصَّلَاةِ الْوُسْطَىٰ وَقُومُوا لِلَّهِ قَانِتِينَ
البقرۃ – 238
نمازوں کی حفاظت کرو، بالخصوص درمیان والی نماز کی اور اللہ تعالیٰ کے لئے با ادب کھڑے رہا کرو۔
اسی طرح زکوٰۃ اداکرنا ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَرَحْمَتِي وَسِعَتْ كُلَّ شَيْءٍ ۚ فَسَأَكْتُبُهَا لِلَّذِينَ يَتَّقُونَ وَيُؤْتُونَ الزَّكَاةَ وَالَّذِينَ هُم بِآيَاتِنَا يُؤْمِنُونَ
الاعراف – 156
اور میری رحمت تمام اشیا پر محیط ہے۔ تو وه رحمت ان لوگوں کے نام ضرور لکھوں گا جو اللہ سے ڈرتے ہیں اور زکوٰة دیتے ہیں اور جو ہماری آیتوں پر ایمان لاتے ہیں۔
اس احسان میں سے ایک رمضان کا وروزہ رکھنا بھی ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
فَمَن شَهِدَ مِنكُمُ الشَّهْرَ فَلْيَصُمْهُ ۖ
البقرۃ – 185
تم میں سے جو شخص اس مہینہ کو پائے اسے روزه رکھنا چاہئے۔
اور فرمایا:
وَلِلَّهِ عَلَى النَّاسِ حِجُّ الْبَيْتِ مَنِ اسْتَطَاعَ إِلَيْهِ سَبِيلًا ۚ
آل عمران – 97
اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں پر جو اس کی طرف راه پا سکتے ہوں اس گھر کا حج فرض کر دیا گیا ہے۔
اس احسان میں سے اللہ تعالیٰ پر بطور رب ایمان لانا،اس کے فرشتوں ،اس کی کتابوں ،اس کے تمام رسولوں پر ایمان لانا ہے ،آخرت کے دن پر ایمان لانا اور اچھی اور بُری تقدیر پر ایمان لانا ہے ۔ اللہ تعالیٰ کی تقدیر نازل ہونے والی ہے اور اُس کا فیصلہ لامحالہ نافض ہونے والا ہے۔ انسان اللہ کی عبادت میں احسان کو لازم کیوں نہ پکڑے جب کے اللہ تعالیٰ نے بندوں پر احسان کیا ہے اور مختلف الانواع نعمتوں سے انہیں نوازا ہے، انہیں عدم سے وجود میں لایا ہے اور انہیں بھرپور بھلائیاں دے رکھی ہیں اور انہیں مسلسل خوشیاں عطا کی ہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
أَلَمْ تَرَوْا أَنَّ اللَّهَ سَخَّرَ لَكُم مَّا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ وَأَسْبَغَ عَلَيْكُمْ نِعَمَهُ ظَاهِرَةً وَبَاطِنَةً ۗ
لقمان – 20
کیا تم نہیں دیکھتے کہ اللہ تعالیٰ نے زمین و آسمان کی ہر چیز کو ہمارے کام میں لگا رکھا ہے اور تمہیں اپنی ﻇاہری و باطنی نعمتیں بھرپور دے رکھی ہیں۔
اور فرمایا:
لَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنسَانَ فِي أَحْسَنِ تَقْوِيمٍ
التین – 4
یقیناً ہم نے انسان کو بہترین صورت میں پیدا کیا۔
اور فرمایا:
فَتَبَارَكَ اللَّهُ أَحْسَنُ الْخَالِقِينَ
المؤمنون – 14
برکتوں والا ہے وه اللہ جو سب سے بہترین پیدا کرنے والا ہے۔
نیز اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
الَّذِي أَحْسَنَ كُلَّ شَيْءٍ خَلَقَهُ ۖ وَبَدَأَ خَلْقَ الْإِنسَانِ مِن طِينٍ ﴿٧﴾ ثُمَّ جَعَلَ نَسْلَهُ مِن سُلَالَةٍ مِّن مَّاءٍ مَّهِينٍ ﴿٨﴾ ثُمَّ سَوَّاهُ وَنَفَخَ فِيهِ مِن رُّوحِهِ ۖ وَجَعَلَ لَكُمُ السَّمْعَ وَالْأَبْصَارَ وَالْأَفْئِدَةَ ۚ قَلِيلًا مَّا تَشْكُرُونَ
السجدۃ – 7/8/9
جس نے نہایت خوب بنائی جو چیز بھی بنائی اور انسان کی بناوٹ مٹی سے شروع کی۔ پھر اس کی نسل ایک بے وقعت پانی کے نچوڑ سے چلائی۔جسے ٹھیک ٹھاک کر کے اس میں اپنی روح پھونکی، اسی نے تمہارے کان آنکھیں اور دل بنائے (اس پر بھی) تم بہت ہی تھوڑا احسان مانتے ہو۔
بندوں پر اللہ تعالیٰ کے احسان میں سے یہ ہے کہ اس نے انسانوں کی ہدایت کے لئے ان کی طرف کتابیں نازل کیں اور رسول بھیجے جیسا کہ اُس نے اپنی عظیم کتاب قرآن مجید محمد ﷺ پر نازل کی ۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
لَقَدْ مَنَّ اللَّهُ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ إِذْ بَعَثَ فِيهِمْ رَسُولًا مِّنْ أَنفُسِهِمْ يَتْلُو عَلَيْهِمْ آيَاتِهِ وَيُزَكِّيهِمْ وَيُعَلِّمُهُمُ الْكِتَابَ وَالْحِكْمَةَ وَإِن كَانُوا مِن قَبْلُ لَفِي ضَلَالٍ مُّبِينٍ
آل عمران – 164
بے شک مسلمانوں پر اللہ تعالیٰ کا بڑا احسان ہے کہ ان ہی میں سے ایک رسول ان میں بھیجا، جو انہیں اس کی آیتیں پڑھ کر سناتا ہے اور انہیں پاک کرتا ہے اور انہیں کتاب اور حکمت سکھاتا ہے، یقیناً یہ سب اس سے پہلے کھلی گمراہی میں تھے۔
اللہ تعالیٰ نے دوسری جگہ پر فرمایا:
اللَّهُ نَزَّلَ أَحْسَنَ الْحَدِيثِ كِتَابًا مُّتَشَابِهًا مَّثَانِيَ تَقْشَعِرُّ مِنْهُ جُلُودُ الَّذِينَ يَخْشَوْنَ رَبَّهُمْ ثُمَّ تَلِينُ جُلُودُهُمْ وَقُلُوبُهُمْ إِلَىٰ ذِكْرِ اللَّهِ ۚ ذَٰلِكَ هُدَى اللَّهِ يَهْدِي بِهِ مَن يَشَاءُ
الزمر – 23
اللہ تعالیٰ نے بہترین کلام نازل فرمایا ہے جو ایسی کتاب ہے کہ آپس میں ملتی جلتی اور بار بار دہرائی ہوئی آیتوں کی ہے، جس سے ان لوگوں کے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں جو اپنے رب کا خوف رکھتے ہیں آخر میں ان کے جسم اور دل اللہ تعالیٰ کے ذکر کی طرف نرم ہو جاتے ہیں، یہ ہے اللہ تعالیٰ کی ہدایت جس کے ذریعہ جسے چاہے راه راست پر لگا دیتا ہے۔
نیز اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَمَنْ أَحْسَنُ مِنَ اللَّهِ حُكْمًا لِّقَوْمٍ يُوقِنُونَ
المائدۃ – 50
یقین رکھنے والے لوگوں کے لئے اللہ تعالیٰ سے بہتر فیصلے اور حکم کرنے واﻻ کون ہوسکتا ہے؟
اللہ تعالیٰ نے انسان کو جن باتوں کا حکم دیا ہے ان میں سے یہ ہے کہ وہ مختلف قسم کے احسان کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی مخلوق کے ساتھ احسان اور اچھا سلوک کریں ۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَأَحْسِن كَمَا أَحْسَنَ اللَّهُ إِلَيْكَ ۖ وَلَا تَبْغِ الْفَسَادَ فِي الْأَرْضِ ۖ إِنَّ اللَّهَ لَا يُحِبُّ الْمُفْسِدِينَ
القصص – 77
اور جیسے کہ اللہ نے تیرے ساتھ احسان کیا ہے تو بھی اچھا سلوک کر اور ملک میں فساد کا خواہاں نہ ہو، یقین مان کہ اللہ مفسدوں کو ناپسند رکھتا ہے۔
چنانچہ انسان ہر اُس شخص کے ساتھ احسان اور اچھا سلوک کر ےجس سے اُس کا کوئی رشتہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَبِالْوَالِدَيْنِ إِحْسَانًا وَبِذِي الْقُرْبَىٰ وَالْيَتَامَىٰ وَالْمَسَاكِينِ وَالْجَارِ ذِي الْقُرْبَىٰ وَالْجَارِ الْجُنُبِ وَالصَّاحِبِ بِالْجَنبِ وَابْنِ السَّبِيلِ وَمَا مَلَكَتْ أَيْمَانُكُمْ ۗ إِنَّ اللَّهَ لَا يُحِبُّ مَن كَانَ مُخْتَالًا فَخُورًا
النساء – 36
اور ماں باپ کے ساتھ سلوک واحسان کرو اور رشتہ داروں سے اور یتیموں سے اور مسکینوں سے اور قرابت دار ہمسایہ سے اور اجنبی ہمسایہ سے اور پہلو کے ساتھی سے اور راه کے مسافر سے اور ان سے جن کے مالک تمہارے ہاتھ ہیں، (غلام کنیز) یقیناً اللہ تعالیٰ تکبر کرنے والوں اور شیخی خوروں کو پسند نہیں فرماتا۔
احسان میں سے اولادوں کی تربیت ہے اور سماجی روابط اور یکجہتی کو قائم کرنے کی کوشش ہے چنانچہ شوہر اپنی بیوی کےساتھ بلکہ اپنی مطلقہ کے ساتھ بھی اچھا سلوک کرے اوربیوی اپنے شوہر کے ساتھ اچھاسلوک کرے ۔اللہ تعالیٰ نےفرمایا:
مَتَاعًا بِالْمَعْرُوفِ ۖ حَقًّا عَلَى الْمُحْسِنِينَ
البقرۃ – 236
دستور کے مطابق اچھا فائده دے۔ بھلائی کرنے والوں پر یہ لازم ہے۔
اور فرمایا:
فَإِمْسَاكٌ بِمَعْرُوفٍ أَوْ تَسْرِيحٌ بِإِحْسَانٍ ۗ
البقرۃ – 229
پھر یا تو اچھائی سے روکنا یا عمدگی کے ساتھ چھوڑ دینا ہے۔
نیز اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَإِن تُحْسِنُوا وَتَتَّقُوا فَإِنَّ اللَّهَ كَانَ بِمَا تَعْمَلُونَ خَبِيرًا
النساء – 128
اگر تم اچھا سلوک کرو اور پرہیزگاری کرو تو تم جو کر رہے ہو اس پر اللہ تعالیٰ پوری طرح خبردار ہے۔
شریعت نے کمزوروں اور یتیموں کےساتھ برتاؤ کرتے وقت احسان کا حکم دیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَلَا تَقْرَبُوا مَالَ الْيَتِيمِ إِلَّا بِالَّتِي هِيَ أَحْسَنُ
الاسراء – 34
اور یتیم کے مال کے قریب بھی نہ جاؤ بجز اس طریقہ کے جو بہت ہی بہتر ہو۔
اسی طرح شریعت نے مسلمان کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے ساتھ کام کرنے والے ملازمین اور مزدوروں کے ساتھ نرمی کا سلوک کرے اُن سے نرمی کے ساتھ پیش آئے اور کام کے عہد و پیمان میں طے شدہ شرائط کو پرا کرے اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَأَوْفُوا بِالْعَهْدِ ۖ إِنَّ الْعَهْدَ كَانَ مَسْئُولًا
الاسراء – 34
اور وعدے پورے کرو کیونکہ قول وقرار کی باز پرس ہونے والی ہے۔
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَوْفُوا بِالْعُقُودِ ۚ
المائدۃ – 1
اے ایمان والو! عہد و پیماں پورے کرو۔اور نبی کریم ﷺ نےفرمایا: وہ تمہارے بھائی ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں تمہارے ماتحت کردیا ہے انہیں ان کی طاقت سے زیادہ کام کا مکلف نہ کرولیکن اگر تم انہیں مکلف کرتے ہو تو ان کی مدد کرو۔ متفق علیہ
احسان میں سے بندوں کی سلامتی ،ملکی استحکام اور لوگوں کو ان کی ذمہ داری اور کام کی ادائیگی پر قادر بنانے کی کوشش کرنا ہے ساتھ ہی ان کے خون اور مال کی حفاظت کرنا قوانین کی پابندی کرنا اور اللہ کی معصیت کے علاوہ تمام معاملات میں اولات الامر یعنی حکمران کی اطاعت کرنا ہے ۔یہ باتیں تقاضہ کرتی ہیں کہ حقوق کی حفاظت کی جائے،فتنوں کے اسباب کو چھوڑا جائے ،دوسروں کو تکلیف دینے کو حرام سمجھا جائے ،دہشت گردی کی امداد سے روکا جائے اور زمین پر فساد پھیلانے سے منع کیا جائے ۔بلکہ ایک مسلمان کا احسان چوپایوں اور جمادات تک بھی پہنچتا ہے جیسا کہ آپ ﷺ نے فرمایا:
إِنَّ اللهَ كَتَبَ الْإِحْسَانَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ، فَإِذَا قَتَلْتُمْ فَأَحْسِنُوا الْقِتْلَةَ، وَإِذَا ذَبَحْتُمْ فَأَحْسِنُوا الذَّبْحَ، وَلْيُحِدَّ أَحَدُكُمْ شَفْرَتَهُ، فَلْيُرِحْ ذَبِيحَتَهُ
“اللہ تعالیٰ نے ہر چیز کے ساتھ سب سے اچھا طریقہ اختیار کرنے کا حکم دیا ہے۔اس لئے جب تم(قصاص یاحد میں کسی کو) قتل کرو تو اچھے طریقے سے قتل کرو،اور جب ذبح کرو تو اچھے طریقے سے ذبح کرو،تم میں سے ایک شخص(جو ذبح کرنا چاہتا ہے) وہ اپنی(چھری کی ) دھار کو تیز کرلے اور ذبح کیے جانے والے جانور کو اذیت سے بچائے۔”
نیز آپ ﷺ نے فرمایا:
فِي كُلِّ كَبِدٍ رَطْبَةٍ أَجْرٌ
’’ہر وہ جگر جو زندہ ہے اس کی خدمت میں اجر ہے۔‘‘
مسلمان اس بات کا حریص ہوتا ہے کہ اس کہ احسان سے ماحول بھی محظوظ ہوسو اس کی حفاظت کریں اور اس میں فساد نہ پھیلائیں اس لئے اللہ تعالیٰ نے اس شخص کی مذمت کی ہے جو زمین پر فساد مچانے کی کوشش کرتاہےاور کھیتی اور نسل کو تباہ کرتاہے اور اللہ تعالیٰ فساد کو پسند نہیں فرماتا۔
بلکہ مسلمان کا احسان غیر مسلم تک بھی پہنچتا ہے جیساکہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَيُطْعِمُونَ الطَّعَامَ عَلَىٰ حُبِّهِ مِسْكِينًا وَيَتِيمًا وَأَسِيرًا
الانسان – 8
اور اللہ تعالیٰ کی محبت میں کھانا کھلاتے ہیں مسکین، یتیم اور قیدیوں کو۔
اور اللہ تعالیٰ نے دوسری جگہ فرمایا:
وَلَا تَزَالُ تَطَّلِعُ عَلَىٰ خَائِنَةٍ مِّنْهُمْ إِلَّا قَلِيلًا مِّنْهُمْ ۖ فَاعْفُ عَنْهُمْ وَاصْفَحْ ۚ إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ الْمُحْسِنِينَ
المائدۃ – 13
ان کی ایک نہ ایک خیانت پر تجھے اطلاع ملتی ہی رہے گی ہاں تھوڑے سے ایسے نہیں بھی ہیں پس توانہیں معاف کرتا جا اور درگزر کرتا ره، بےشک اللہ تعالیٰ احسان کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔
بلکہ بحیثیت مسلمان آپ کا احسان ان لوگوں تک بھی پہنچتا ہے جن سے آپ کی دشمنی ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
ادْفَعْ بِالَّتِي هِيَ أَحْسَنُ فَإِذَا الَّذِي بَيْنَكَ وَبَيْنَهُ عَدَاوَةٌ كَأَنَّهُ وَلِيٌّ حَمِيمٌ ﴿٣٤﴾ وَمَا يُلَقَّاهَا إِلَّا الَّذِينَ صَبَرُوا وَمَا يُلَقَّاهَا إِلَّا ذُو حَظٍّ عَظِيمٍ
فصلت – 34/35
برائی کو بھلائی سے دفع کرو پھر وہی جس کے اور تمہارے درمیان دشمنی ہے ایسا ہو جائے گا جیسے دلی دوست۔ اور یہ بات انہیں کو نصیب ہوتی ہے جو صبر کریں اور اسے سوائے بڑے نصیبے والوں کے کوئی نہیں پا سکتا۔
یہ احسان مالی لین دین کو بھی شامل ہے ،اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَأَوْفُوا الْكَيْلَ إِذَا كِلْتُمْ وَزِنُوا بِالْقِسْطَاسِ الْمُسْتَقِيمِ ۚ ذَٰلِكَ خَيْرٌ وَأَحْسَنُ تَأْوِيلًا
الاسراء – 35
اور جب ناپنے لگو تو بھر پور پیمانے سے ناپو اور سیدھی ترازو سے تولا کرو۔ یہی بہتر ہے اور انجام کے لحاظ سے بھی بہت اچھا ہے۔
نیز اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
مَّن ذَا الَّذِي يُقْرِضُ اللَّهَ قَرْضًا حَسَنًا فَيُضَاعِفَهُ لَهُ أَضْعَافًا كَثِيرَةً ۚ
البقرۃ – 245
ایسا بھی کوئی ہے جو اللہ تعالیٰ کو اچھا قرض دے پس اللہ تعالیٰ اسے بہت بڑھا چڑھا کر عطا فرمائے۔
اسی طرح یہ احسان خوبصورت الفاظ کی شکل میں جب تمام لوگوں کو شامل ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَقُولُوا لِلنَّاسِ حُسْنًا
البقرۃ – 83
اور لوگوں کو اچھی باتیں کہنا۔
اللہ تعالیٰ نے دوسری جگہ فرمایا:
وَقُل لِّعِبَادِي يَقُولُوا الَّتِي هِيَ أَحْسَنُ ۚ إِنَّ الشَّيْطَانَ يَنزَغُ بَيْنَهُمْ ۚ إِنَّ الشَّيْطَانَ كَانَ لِلْإِنسَانِ عَدُوًّا مُّبِينًا
الاسراء – 53
اور میرے بندوں سے کہہ دیجیئے کہ وه بہت ہی اچھی بات منھ سے نکالا کریں کیونکہ شیطان آپس میں فساد ڈلواتا ہے۔ بےشک شیطان انسان کا کھلا دشمن ہے۔
یہ احسان تمام لوگوں کو اس عادلانہ برتاؤ کے توسط سے شامل ہے جس کا ہر بندہ اپنے اعمال کے مطابق مستحق ہوتا ہے ۔اسی طرح احسان میں دعوتِ الی اللہ بھی شامل ہے ۔اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
ادْعُ إِلَىٰ سَبِيلِ رَبِّكَ بِالْحِكْمَةِ وَالْمَوْعِظَةِ الْحَسَنَةِ ۖ وَجَادِلْهُم بِالَّتِي هِيَ أَحْسَنُ
النحل – 125
اپنے رب کی راه کی طرف لوگوں کو حکمت اور بہترین نصیحت کے ساتھ بلایئے اور ان سے بہترین طریقے سے گفتگو کیجئے۔
اللہ تعالیٰ نے اور فرمایا:
وَلَا تُجَادِلُوا أَهْلَ الْكِتَابِ إِلَّا بِالَّتِي هِيَ أَحْسَنُ
العنکبوت – 46
اور اہل کتاب کے ساتھ بحث ومباحثہ نہ کرو مگر اس طریقہ پر جو عمده ہو۔
اور اس احسان میں سے اچھا استقبال سلام کرنے میں احسان ہے ۔اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَإِذَا حُيِّيتُم بِتَحِيَّةٍ فَحَيُّوا بِأَحْسَنَ مِنْهَا أَوْ رُدُّوهَا ۗ إِنَّ اللَّهَ كَانَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ حَسِيبًا
النساء – 86
اور جب تمہیں سلام کیا جائے تو تم اس سے اچھا جواب دو یا انہی الفاظ کو لوٹا دو، بے شبہ اللہ تعالیٰ ہر چیز کا حساب لینے والا ہے۔
لوگوں کےساتھ احسان میں سے یہ بھی ہے کہ ان طرف سے دی گئی اذیت پر صبر کرنا جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَاصْبِرْ فَإِنَّ اللَّهَ لَا يُضِيعُ أَجْرَ الْمُحْسِنِينَ
ھود – 115
آپ صبر کرتے رہئے یقیناً اللہ تعالیٰ نیکی کرنے والوں کا اجر ضائع نہیں کرتا۔
اورمومن کی شان یہ ہے کہ وہ سب سے اچھے اعمال کی پیروی کرتاہے ۔اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
فَبَشِّرْ عِبَادِ ﴿١٧﴾ الَّذِينَ يَسْتَمِعُونَ الْقَوْلَ فَيَتَّبِعُونَ أَحْسَنَهُ ۚ أُولَٰئِكَ الَّذِينَ هَدَاهُمُ اللَّهُ ۖ وَأُولَٰئِكَ هُمْ أُولُو الْأَلْبَابِ
الزمر – 17/18
میرے بندوں کو خوشخبری سنا دیجئے۔ جو بات کو کان لگا کر سنتے ہیں۔ پھر جو بہترین بات ہو اس کی اتباع کرتے ہیں۔ یہی ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے ہدایت کی ہے اور یہی عقلمند بھی ہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ مومن کو پتا ہوتا ہے کہ احسان منافست اور مقابلہ آرائی کا میدان ہے۔جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
الَّذِي خَلَقَ الْمَوْتَ وَالْحَيَاةَ لِيَبْلُوَكُمْ أَيُّكُمْ أَحْسَنُ عَمَلًا ۚ وَهُوَ الْعَزِيزُ الْغَفُورُ
الملک – 2
جس نے موت اور حیات کو اس لیے پیدا کیاکہ تمہیں آزمائے کہ تم میں سے اچھے کام کون کرتا ہے، اور وه غالب (اور) بخشنے والا ہے۔
نیز اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَهُوَ الَّذِي خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ فِي سِتَّةِ أَيَّامٍ وَكَانَ عَرْشُهُ عَلَى الْمَاءِ لِيَبْلُوَكُمْ أَيُّكُمْ أَحْسَنُ عَمَلًا ۗ وَلَئِن قُلْتَ إِنَّكُم مَّبْعُوثُونَ مِن بَعْدِ الْمَوْتِ لَيَقُولَنَّ الَّذِينَ كَفَرُوا إِنْ هَٰذَا إِلَّا سِحْرٌ مُّبِينٌ
ھود -7
اللہ ہی وه ہے جس نے چھ دن میں آسمان وزمین کو پیدا کیا اور اس کا عرش پانی پر تھا تاکہ وه تمہیں آزمائے کہ تم میں سے اچھے عمل واﻻ کون ہے، اگر آپ ان سے کہیں کہ تم لوگ مرنے کے بعد اٹھا کھڑے کئے جاؤ گے تو کافر لوگ پلٹ کر جواب دیں گے کہ یہ تو نرا صاف صاف جادو ہی ہے۔
اسی طرح اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
إِنَّا جَعَلْنَا مَا عَلَى الْأَرْضِ زِينَةً لَّهَا لِنَبْلُوَهُمْ أَيُّهُمْ أَحْسَنُ عَمَلًا
الکھف – 7
روئے زمین پر جو کچھ ہے ہم نے اسے زمین کی رونق کا باعث بنایا ہے کہ ہم انہیں آزمالیں کہ ان میں سے کون نیک اعمال والا ہے۔
بندہ اللہ کی عبادت میں احسان اور اس کے بندوں کےساتھ احسان اور اچھا سلوک کر کے اپنے نفس کے ساتھ احسان کرتاہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
إِنْ أَحْسَنتُمْ أَحْسَنتُمْ لِأَنفُسِكُمْ ۖ
الاسراء – 7
اگر تم نے اچھے کام کئے تو خود اپنے ہی فائده کے لئے۔
یوں وہ اللہ کی محبت اور معیت حاصل کرتا ہے اور اس کی رحمت سے قریب ہوتاہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَأَحْسِنُوا ۛ إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ الْمُحْسِنِينَ
البقرۃ – 195
اور سلوک واحسان کرو، اللہ تعالیٰ احسان کرنے والوں کو دوست رکھتا ہے۔
اور فرمایا:
وَإِنَّ اللَّهَ لَمَعَ الْمُحْسِنِينَ
العنکبوت – 69
یقیناً اللہ تعالیٰ نیکو کاروں کا ساتھی ہے۔
اور فرمایا:
وَبَشِّرِ الْمُحْسِنِينَ
الحج – 37
اور نیک لوگوں کو خوشخبری سنا دیجئے!۔
اور فرمایا:
إِنَّ رَحْمَتَ اللَّهِ قَرِيبٌ مِّنَ الْمُحْسِنِينَ
الاعراف – 56
بے شک اللہ تعالیٰ کی رحمت نیک کام کرنے والوں کے نزدیک ہے۔
اسی طرح اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
إِنَّ اللَّهَ لَا يُضِيعُ أَجْرَ الْمُحْسِنِينَ
التوبة – 120
یقیناً اللہ تعالیٰ مخلصین کا اجر ضائع نہیں کرتا۔
اور فرمایا:
وَيَجْزِيَ الَّذِينَ أَحْسَنُوا بِالْحُسْنَى
النجم – 31
اور نیک کام کرنے والوں کو اچھا بدلہ عنایت فرمائے۔
اور فرمایا:
لِّلَّذِينَ أَحْسَنُوا الْحُسْنَىٰ وَزِيَادَةٌ ۖ وَلَا يَرْهَقُ وُجُوهَهُمْ قَتَرٌ وَلَا ذِلَّةٌ ۚ أُولَٰئِكَ أَصْحَابُ الْجَنَّةِ ۖ هُمْ فِيهَا خَالِدُونَ
یونس – 26
جن لوگوں نے نیکی کی ہے ان کے واسطے خوبی ہے اور مزید برآں بھی اور ان کے چہروں پر نہ سیاہی چھائے گی اور نہ ذلت، یہ لوگ جنت میں رہنے والے ہیں وه اس میں ہمیشہ رہیں گے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
مَا عَلَى الْمُحْسِنِينَ مِن سَبِيلٍ ۚ
التوبة – 91
ایسے نیک کاروں پر الزام کی کوئی راه نہیں۔
اور فرمایا:
لِّلَّذِينَ أَحْسَنُوا فِي هَٰذِهِ الدُّنْيَا حَسَنَةٌ ۚ وَلَدَارُ الْآخِرَةِ خَيْرٌ ۚ وَلَنِعْمَ دَارُ الْمُتَّقِينَ
النحل – 30
جن لوگوں نے بھلائی کی ان کے لیے اس دنیا میں بھلائی ہے، اور یقیناً آخرت کا گھر تو بہت ہی بہتر ہے، اور کیا ہی خوب پرہیز گاروں کا گھر ہے۔
ایک اور جگہ فرمایا:
إِنَّ الْمُتَّقِينَ فِي جَنَّاتٍ وَعُيُونٍ ﴿١٥﴾ آخِذِينَ مَا آتَاهُمْ رَبُّهُمْ ۚ إِنَّهُمْ كَانُوا قَبْلَ ذَٰلِكَ مُحْسِنِينَ
الذاریات – 15/16
بیشک تقویٰ والے لوگ بہشتوں اور چشموں میں ہوں گے۔ان کے رب نے جو کچھ انہیں عطا فرمایا ہے اسے لے رہے ہوں گے وه تو اس سے پہلے ہی نیکوکار تھے۔
اور فرمایا:
لَهُم مَّا يَشَاءُونَ عِندَ رَبِّهِمْ ۚ ذَٰلِكَ جَزَاءُ الْمُحْسِنِينَ
الزمر – 34
ان کے لیے ان کے رب کے پاس (ہر) وه چیز ہے جو یہ چاہیں، نیک لوگوں کا یہی بدلہ ہے۔
اسی طرح اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
قُلْ يَا عِبَادِ الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا رَبَّكُمْ ۚ لِلَّذِينَ أَحْسَنُوا فِي هَٰذِهِ الدُّنْيَا حَسَنَةٌ ۗ وَأَرْضُ اللَّهِ وَاسِعَةٌ ۗ إِنَّمَا يُوَفَّى الصَّابِرُونَ أَجْرَهُم بِغَيْرِ حِسَابٍ
الزمر – 10
کہہ دو کہ اے میرے ایمان والے بندو! اپنے رب سے ڈرتے رہو، جو اس دنیا میں نیکی کرتے ہیں ان کے لئے نیک بدلہ ہے اور اللہ تعالیٰ کی زمین بہت کشاده ہے صبر کرنے والوں ہی کو ان کا پورا پورا بےشمار اجر دیا جاتا ہے۔
اور فرمایا:
هَلْ جَزَاءُ الْإِحْسَانِ إِلَّا الْإِحْسَانُ
الرحمٰن – 60
احسان کا بدلہ احسان کے سوا کیا ہے۔
فرمانِ باری تعالیٰ ہے :
مَنْ عَمِلَ صَالِحًا مِّن ذَكَرٍ أَوْ أُنثَىٰ وَهُوَ مُؤْمِنٌ فَلَنُحْيِيَنَّهُ حَيَاةً طَيِّبَةً ۖ وَلَنَجْزِيَنَّهُمْ أَجْرَهُم بِأَحْسَنِ مَا كَانُوا يَعْمَلُونَ
النحل – 97
جو شخص نیک عمل کرے مرد ہو یا عورت، لیکن باایمان ہو تو ہم اسے یقیناً نہایت بہتر زندگی عطا فرمائیں گے۔ اور ان کے نیک اعمال کا بہتر بدلہ بھی انہیں ضرور ضرور دیں گے۔
سنو اے احسان کرنے والو! آپ کو کئی گنا اجر مبارک ہو ۔ جیسا کہ آپ ﷺ نےفرمایا: جب تم میں سے کوئی شخص اپنے اسلام کو اچھا کرے تو اس کی طرف سے کی گئی ہر نیکی دس نیکیوں سے سات سو گنا تک بڑھا دی جاتی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
مَن جَاءَ بِالْحَسَنَةِ فَلَهُ عَشْرُ أَمْثَالِهَا ۖ
الانعام – 160
جو شخص نیک کام کرے گا اس کو اس کے دس گنا ملیں گے۔
بندوں پر اللہ کے احسان میں سے یہ ہے کہ اس نے ان کے لئے توبہ کے دروازے کھول رکھے ہیں تاکہ وہ جب تک مہلت کے زمانے میں ہیں بُرائی کے بعد نیکی کریں اور ان کے گناہ بخش دیئے جائیں جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
إِلَّا مَن ظَلَمَ ثُمَّ بَدَّلَ حُسْنًا بَعْدَ سُوءٍ فَإِنِّي غَفُورٌ رَّحِيمٌ
النمل – 11
لیکن جو لوگ ظلم کریں پھر اس کے عوض نیکی کریں اس برائی کے پیچھے تو میں بھی بخشنے والامہربان ہوں۔
مزید فرمایا:
إِنَّ الْحَسَنَاتِ يُذْهِبْنَ السَّيِّئَاتِ ۚ
ھود – 114
یقیناً نیکیاں برائیوں کو دور کر دیتی ہیں۔
نیز اللہ تعاالیٰ نے فرمایا :
وَيَدْرَءُونَ بِالْحَسَنَةِ السَّيِّئَةَ أُولَٰئِكَ لَهُمْ عُقْبَى الدَّارِ
الرعد – 22
اور برائی کو بھی بھلائی سے ٹالتے ہیں، ان ہی کے لئے عاقبت کا گھر ہے۔
شریعت کی لائی ہوئی تعلیمات میں سے یہ ہے کہ احسان کرنے والے کو بدلہ دعا، تعریف اور احسان کے اعتراف سے دیا جائے ۔اسی لئے اللہ کے نبی ﷺ نے احسان فراموشی کی مذمت کی ہے۔بجائے یہ کہ اس کاانکار کیا جائے اور اس کااعتراف نہ کیا جائے۔جن لوگوں نے تمام مسلمانوں کے ساتھ احسا ن کیاہے ان میں سے خادم ِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور اُن کے ولی عہد محمد بن سلمان ہیں کہ انہوں نے حاجیوں کے معاملات کی دیکھ بھال کی حرمین شریفین کی ذمہ داری اٹھائی اُن میں امن کو برقرار رکھنے اور ایسے لوگوں کو مہیا کرنے کی کوشش کی جو حج و عمرہ کرنے والوں کےساتھ احسان اور حسن ِ سلوک کریں اور ساتھ ہی وہ اس بات کے حریص بھی ہیں کہ موسم ِ حج کو بیماریوں کی پھیلاؤ کی جگہ اور وباؤ کی آماجگاہ بننے سے بچائیں اوریہ کہ صحتمند طریقے سے شعائر حج کو قائم کیا جائے اس طرح کہ بچاؤ اور حفاظتی دوری کے تقاضے پورے ہوں تاکہ جان کی حفاظت سے متعلق شریعت کے تقاضے پورے ہوںاور نبی کریم ﷺ کے اس فرمان پر عملدرآمد ہو جس میں آپ ﷺ نے فرمایا: جب تم کسی جگہ طاعون کے بارے میں سنو تو اس جگہ میں داخل نہ ہو،اور جب کسی جگہ طاعون داخل ہوجائے اور تم اس جگہ میں ہو تو وہاں سے نہ نکلو۔اللہ تعالیٰ ان دونوں کو بہترین بدلہ عطا فرمائے ،ان میں برکت دے اور انہیں تمام لوگوں کی بھلائی،سعادت اور ہدایت کا ذریعہ بنائے ۔ آمین
اللہ تعالیٰ کے محترم گھر کےحاجیو! آپ اپنے مناسک رسول اللہ ﷺ کے طریقے کے مطابق انجام دیں ۔ آپ ﷺ نے فرمایا: تم مجھ سے اپنے حج کے مسائل سیکھ لو ۔اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَأَتِمُّوا الْحَجَّ وَالْعُمْرَةَ لِلَّهِ ۚ
البقرۃ – 196
حج اور عمرے کو اللہ تعالیٰ کے لئے پورا کرو۔
آپ اس کی بدولت ان لوگوں میں شمار ہوں گے جنہوں نے اچھی طرح حج ادا کیا ۔آپ اس شرعی مقام پر اپنے لئے اپنے قرابتداروں کے لئے ملکوں کےحکمرانوں کے لئے اور عام مسلمانوں کے لئے زیادہ سے زیادہ دُعا کریں کیونکہ کوئی بھی دن ایسا نہیں جس میں اللہ تعالیٰ عرفہ کے دن سے زیادہ بندوں کو جہنم کی آگ سے نجات عطا فرماتا ہو۔اس دن اللہ تعالیٰ قرب ہوتا ہےاور انہیں لے کر فرشتوں پر فخر کرتا ہے۔
اے اللہ !تو اپنے مومن بندوں پر احسان کر اور انہیں ایک دوسرے سے احسان کرنے کی توفیق دے ۔
اے اللہ ! ان میں الفت پیدا کردے ،حق پر ان کے کلمے کو متحد کردے اور ان کے دلوں کی اصلاح فرما۔
رسول اللہ ﷺ نے مقام ِ عرفہ میں خطبہ دیا پھر بلال حبشی رضی اللہ عنہ نے اذان دی اور اقامت کہی ۔آپ ﷺ نے ظہر کی نماز قصر کے ساتھ دورکعت پڑھی پھر اقامت کہی اور آپ ﷺ نے عصر کی نماز قصر کے ساتھ دو رکعت پڑھی پھر آپ ﷺ نے عرفہ میں اپنی اونٹنی پر وقوف فرمایا۔آپ ﷺ اللہ کا ذکر اور دعا کرتے رہےیہاں تک کہ جب سورج کی ٹکیا غائب ہوگئی تو آپ ﷺ مزدلفہ کے لئے روانہ ہوئے اور آپ ﷺ لوگوں سے کہتے رہے کہ سکو ن و وقار کو لازم پکڑو۔پھر جب آپ ﷺ مزدلفہ پہنچے تو وہاں مغرب کی نماز تین رکعت پڑھی اور عشاء کی دورکعت جمع اور قصر کے ساتھ ۔پھر مزدلفہ میں رات گزاری اور فجر کی نماز اُس کے اول وقت میں پڑھی اور اس کےبعد دُعا کرتےرہے یہاں تک کہ اجالہ ہوگیا۔پھر منیٰ کےلئے روانہ ہوگئے اور وہاں سورج طلوع ہونے کے بعد جمرعقبہ کو کنکریاں ماریں پھر قربانی کی اور سر منڈوایا۔ اس کے بعد آپ ﷺ نے طوافِ افادہ کیا پھر آپ ﷺ نے ایامِ تشریق منیٰ کے اندر گزارے۔آپﷺ اللہ کا ذکر کرتے اور زوال کے بعد تینوں جمرات کو کنکریاں مارتے۔آپ ﷺ جمرا صغریٰ اور وسطیٰ کے پاس دُعا کرتے اور عذر والوں کو منیٰ میں رات نہ گزارنے کی رخصت عطا فرماتے۔فرمانِ باری تعالیٰ ہے:
فَإِذَا قَضَيْتُم مَّنَاسِكَكُمْ فَاذْكُرُوا اللَّهَ كَذِكْرِكُمْ آبَاءَكُمْ أَوْ أَشَدَّ ذِكْرًا ۗ
البقرۃ – 200
پھر جب تم ارکان حج ادا کر چکو تو اللہ تعالیٰ کا ذکر کرو جس طرح تم اپنے باپ دادوں کا ذکر کیا کرتے تھے۔
اور آپ کی دُعا یہ ہونی چاہیئے:
رَبَّنَا آتِنَا فِي الدُّنْيَا حَسَنَةً وَفِي الْآخِرَةِ حَسَنَةً وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ ﴿٢٠١﴾ أُولَٰئِكَ لَهُمْ نَصِيبٌ مِّمَّا كَسَبُوا ۚ وَاللَّهُ سَرِيعُ الْحِسَابِ
البقرۃ – 201/202
اے ہمارے رب! ہمیں دنیا میں نیکی دے اور آخرت میں بھی بھلائی عطا فرما اور ہمیں عذاب جہنم سے نجات دے۔یہ وه لوگ ہیں جن کے لئے ان کے اعمال کا حصہ ہے اور اللہ تعالیٰ جلد حساب لینے والاہے۔
رسول اللہ ﷺ کی سنت ہے کہ تیرہویں ذی الحجہ تک منیٰ میں رکا جائے اور یہ افضل ہے۔ اور بارھویں تاریخ میں جلدی نکلنے کی اجازت دی ہے۔ جب آپ ﷺ حج سے فارغ ہوئے تو اپنے سفر سے پہلے خانہ کعبہ کا طواف کیا۔
سُبْحَانَ رَبِّکَ رَبِّ الْعِزَةِ عَمَّا یَصِفُونَ وَسَلاَمٌ عَلَی الْمُرْسَلِیْنَ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ
خطبة العرفات، مسجد نمرة
فضیلة الشیخ: بندر بليلة حفظه اللہ
9 ذوالحجة 1442 هـ بمطابق 19 جولائی 2021