زندگی کے رنگ امنگوں کے سنگ

پہلا خطبہ:

تمام تعریفیں اللہ کے لئے ہیں، تمام تعریفیں اللہ تعالی کے لیے ہیں اسی نے دلوں کو رہنمائی عطا فرمائی ، اور دل نے ایمان سے ترقی پائی، میں اللہ کی حمد اور شکر بجا لاتا ہوں کہ ہم جو بھی ارمان اور امنگ جگائیں اللہ تعالی ہمیں وہی عطا کر دیتا ہے، اور میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ بر حق نہیں وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں ، اس نے ہمیں دہکتی آگ سے ڈرایا ہے،  میں یہ بھی  گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے نبی سیدنا محمد اس کے بندے  اور رسول  ہیں، آپ نے حق بات کا بول بالا فرمایا اور باطل کا ڈٹ کا مقابلہ کیا۔  اللہ تعالی آپ پر، آپ کی آل، تمام صحابہ کرام  اور ان تمام لوگوں پر رحمتیں  نازل فرمائے جنہوں نے اپنا اور دوسروں کا تزکیۂ نفس کیا۔

حمد و صلاۃ کے بعد:

میں اپنے آپ اور تمام سامعین کو تقوی الہی کی نصیحت کرتا ہوں، فرمانِ باری تعالی ہے:

يَاأَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ حَقَّ تُقَاتِهِ وَلَا تَمُوتُنَّ إِلَّا وَأَنْتُمْ مُسْلِمُونَ

آل عمران – 102

اے ایمان والو! اللہ تعالی سے کما حقُّہ ڈرو اور تمہیں موت آئے تو صرف اسلام کی حالت میں۔

اللہ تعالی نے اس وسیع کائنات کو  مسخر فرمایا اور اس دنیا کو  انسان کی نہ ختم ہونے والی امنگوں  کا میدان قرار دیا، تو کچھ لوگوں کی  زیادہ  تو کچھ کی کم امنگیں ہوتی ہیں؛ رسول اللہ ﷺ کا فرمان ہے: (ابن آدم کھجوروں کی ایک وادی کا مالک ہو تو وہ اس جیسی ایک اور وادی کا ارمان کرنے لگے پھر دوسری کا یہاں تک کہ کئی وادیوں کی خواہش کرنے لگے گا اور ابن آدم کے پیٹ کو مٹی ہی بھرے گی) اس روایت کو ابن حبان نے اپنی صحیح میں روایت کیا ہے۔

امنگ نیکی کے لیے ہو تو قابل ستائش ہے، اور جو تمنا تقدیری فیصلوں پر اعتراض  اور ناممکن الحصول کے لیے ہوں تو وہ قابل مذمت ہیں، انسان کے ارمان انسان کے ارادوں کے ترجمان ہوتے ہیں، رسول اللہ ﷺ کا فرمان ہے: (انسانی نفس تمنا اور چاہت رکھتا ہے)انہی ارمانوں کی وجہ سے کچھ تو شان و شوکت کی بلندیوں پر پہنچ جاتے ہیں اور کچھ ذلت کے گڑھوں میں جا گرتے ہیں۔

بلند ہمت اور بڑے عزائم والے لوگوں کے ارمانوں سے ان کی زندگیاں بھی رنگین ہوتی ہیں، یہ دیکھیں کہ سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بیٹھے ہوئے کہتے ہیں: “اپنی اپنی تمنا بتلاؤ! تو ایک شخص نے کہا: میری یہ  خواہش ہے کہ اگر یہ گھر سونے سے بھرا ہوا ہو تو میں اسے راہِ الہی میں لٹا دوں۔ آپ نے پھر فرمایا:  اپنی اپنی تمنا بتلاؤ! تو دوسرے شخص نے کہا: میری یہ خواہش ہے کہ یہ گھر ہیرے جواہرات اور زبرجد سے بھرا ہو تو میں اسے راہِ الہی میں لٹا کر صدقہ کر دوں۔  آپ نے پھر فرمایا:  اپنی اپنی تمنا بتلاؤ! تو لوگوں نے کہا: امیر المؤمنین! آپ کی کیا خواہش ہے؟ تو انہوں نے کہا: میرا یہ ارمان ہے کہ: یہ گھر ابو عبیدہ بن جراح، معاذ بن جبل، سالم مولی ابو حذیفہ، اور حذیفہ بن یمان جیسے لوگوں سے بھرا  ہوا ہو”۔

حطیم میں مصعب، عروہ، عبداللہ بن زبیر اور عبداللہ  بن عمر رضی اللہ عنہم اکٹھے ہوئے تو انہوں نے کہا: “اپنے اپنے ارمان بتلا!، تو عبداللہ بن زیبر نے کہا: “میں تو خلافت کی تمنا کرتا ہوں” اور عروہ نے کہا کہ: “میں تو یہ تمنا رکھتا ہوں کہ مجھ سے علم لیا جائے” مصعب  نے کہا کہ: “میں عراق کی گورنری چاہتا ہوں” آخر میں عبداللہ بن عمر نے کہا: “میرا ارمان یہی ہے کہ مجھے مغفرت مل جائے” ان سب کو ان کی خواہشات مل گئیں اور امید ہے کہ ابن عمر رضی اللہ عنہ کو مغفرت بھی ملے گی”۔

اسی طرح عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ کی امنگیں بھی ان کے سنگ رہیں اور اللہ کے فضل سے پوری ہوئیں، امید ہے کہ ان کی آخری امنگ بھی پوری ہو گی، آپ کہتے ہیں: “میرا نفس ہمیشہ آرزو مند رہتا ہے، میں نے فاطمہ بنت عبدالملک  سے شادی کی تمنا کی تو میری ان سے شادی ہو گئی، پھر مجھے گورنر بننے کا شوق ہوا  تو میں گورنر بن گیا ، پھر دل میں خلیفہ بننے کی چاہت پیدا ہوئی  تو مجھے خلافت بھی مل گئی ، اور اب حصولِ جنت کا ارمان ہے امید ہے کہ یہ بھی ان شاء اللہ مجھے مل جائے گی “۔

اچھی خواہشات اور تمنائیں بھی عظیم ثواب حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں، ابو کبشہ انماری رضی اللہ عنہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے چار قسم کے لوگوں کا ذکر فرمایا: (ایک شخص کو اللہ نے مال اور علم عطا فرمایا تو وہ اپنے علم کے مطابق دولت  کو راہِ حق میں خرچ کرتا ہے اور ایک شخص کو اللہ تعالی نے علم دیا لیکن اسے مال نہیں دیا اور وہ یہ خواہش رکھتا ہے کہ اگر اسے بھی دولت مل جائے تو وہ بھی اسی طرح خرچ کرے گا۔ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ دونوں اجر میں برابر ہیں۔ اور ایک شخص کو اللہ تعالی نے مال دیا لیکن اسے کے پاس علم نہیں ہے اور وہ مال کو ناحق راستوں میں خرچ کرتا ہے ، اور ایک شخص کو اللہ تعالی نے نہ مال دیا اور نہ ہی دولت سے نوازا تو وہ بھی یہ کہتا ہے کہ اگر مجھے اس کی طرح مال مل جائے تو میں بھی اسی طرح اسے ناحق خرچ کروں گا  جیسے یہ کرتا ہے کہ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ دونوں گناہ میں برابر ہیں) ابن ماجہ۔

نیک نیتی کے ساتھ عملی کاوش  اور جہدِ مسلسل نہ ہو  تو خالی ارمانوں کی کوئی قدر و قیمت نہیں ہے ، اللہ تعالی کا [عملی کاوش کی ترغیب کے لیے ]حکم ہے:

وَسَارِعُوا إِلَى مَغْفِرَةٍ مِنْ رَبِّكُمْ

آل عمران – 133

 اور اپنے رب کی مغفرت  کی جانب دوڑ پڑو۔

بلکہ تمنائیں اور ارمان بھی دعا کی اقسام میں سے ایک ہیں، یہ بھی قبولیت  کی بنا پر شرمندہ تعبیر ہو جاتی ہیں، آپ ﷺ کا فرمان ہے: (جب تم میں سے کوئی اللہ سے تمنا کرے تو خوب کھل کر مانگے؛ کیونکہ وہ اپنے پروردگار سے مانگ رہا ہے) اس روایت کو ہیثمی نے روایت کیا ہے اور البانی  کے مطابق اس روایت کے راوی  صحیح [بخاری] کے ہیں۔

اسی طرح آپ ﷺ کا فرمان ہے: (جب بھی تم میں سے کوئی تمنا کرے تو خیال رکھے کہ وہ کیا تمنا کر رہا ہے؛ کیونکہ اسے نہیں معلوم اس کی کون سی تمنا لکھ دی جائے [یعنی پوری کر دی جائے]) اس روایت کو احمد نے صحیح سند کے ساتھ روایت کیا ہے۔

اسی لیے دانش مند دشمن سے لڑائی کی تمنا نہیں رکھتا؛ آپ ﷺ کا فرمان ہے: (دشمن سے لڑائی کی تمنا مت کرو اور اللہ سے عافیت طلب کرو) اسلام منفی سوچ کو اکھاڑ پھینکتا ہے، نہ ہی  سیاہ ارمان اسلام کے شایان شان ہیں، اسی لیے شدید فتنوں کے باوجود بھی موت کی تمنا سے منع کرتا ہے، آپ ﷺ کا فرمان ہے: (تم میں سے کوئی کسی بھی تکلیف کے پہنچنے پر موت کی تمنا مت کرے، اور اگر تمنا کرنا ضروری ہو تو کہہ دے:

َللَّهُمَّ أَحْيِنِيْ مَا كَانَتِ الْحَيَاةُ خَيْرًا لِيْ، وَتَوَفَّنِيْ إِذَا كَانَتِ الْوَفَاةُ خَيْرًا لِيْ

 [یا اللہ! جب تک زندگی میرے لیے بہتر ہو مجھے زندہ رکھنا اور جب موت میرے لیے بہتر ہو تو مجھے  اپنے پاس بلا لینا]) متفق علیہ

حقیقت میں دل کے ارمان پروردگار سے گمان کی ترجمانی کرتے ہیں، ایک حدیث قدسی ہے کہ: (میں اپنے بندے کے گمان کے مطابق ہوتا ہوں، اب اس کی مرضی ہے وہ میرے بارے میں جیسا مرضی گمان کرے) [اسے ابن حبان نے اپنی صحیح  میں روایت کیا ہے] اس کا مطلب یہ ہے کہ میں اپنے بندے کے ساتھ وہ سب کچھ کرنے پر قادر ہوں جو بندہ میرے بارے میں گمان کرتا ہے، لہذا اگر بندہ اپنے پروردگار کے بارے میں حسن ظن رکھے  تو یہ اس کی امنگوں اور ارمانوں پر اثر انداز ہوتا ہے اور اس طرح اس کے خیالات بھی بلندیوں کو چھونے لگتے ہیں ۔

دانش مند شخص اپنے سپنے اللہ تعالی کی نعمتوں کا احساس کرتے ہوئے چُنتا ہے وہ اپنے کسی بھائی سے حسد نہیں کرتا یا ان کے پاس جو نعمت ہے اسے اپنے پاس منتقل کرنے کی نہیں سوچتا، فرمانِ باری تعالی ہے:

وَلَا تَتَمَنَّوْا مَا فَضَّلَ اللَّهُ بِهِ بَعْضَكُمْ عَلَى بَعْضٍ

النساء – 32

اور اس کی تمنا مت کرو جس کے ذریعے اللہ تعالی نے تمہیں ایک دوسرے پر فوقیت دی ہے۔

مسلمان کو اس بات کا ادراک ہوتا ہے کہ ارمان پورے ہونے کا تعلق اللہ تعالی کے حکم سے ہے، اس لیے اگر اس کے ارمان ادھورے رہ جائیں تو  جھلملاتا نہیں ہے اور نہ ہی افسردہ ہوتا ہے؛ کیونکہ خیر اسی چیز میں جو اللہ تعالی نے اس کے لیے اختیار فرمائی ہے، چنانچہ بندہ ہر حالت میں اپنے پروردگار کا شکر ہی بجا لاتا ہے، فرمانِ باری تعالی ہے:

وَعَسَى أَنْ تَكْرَهُوا شَيْئًا وَهُوَ خَيْرٌ لَكُمْ وَعَسَى أَنْ تُحِبُّوا شَيْئًا وَهُوَ شَرٌّ لَكُمْ وَاللَّهُ يَعْلَمُ وَأَنْتُمْ لَا تَعْلَمُونَ

البقرۃ – 216

 اور یہ عین ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو ناگوار سمجھو اور وہ تمہارے حق میں بہتر ہو۔ اور یہ بھی ممکن ہے کہ کسی چیز کو تم پسند کرو اور وہ تمہارے حق میں بری ہو۔ اور اللہ ہی خوب جانتا ہے، تم نہیں جانتے۔

گھٹیا قسم کی تمنائیں ابلیس کی جانب سے ہوتی ہیں، شیطان نے اس بات کا تہیہ کیا ہوا ہے کہ وہ اللہ کے بندوں کو جھوٹی امیدوں کے سمندر میں فوری لذت اور وہمی خوشحالی  کے لیے ڈبو دے گا ، فرمانِ باری تعالی ہے:

وَمَنْ يَتَّخِذِ الشَّيْطَانَ وَلِيًّا مِنْ دُونِ اللَّهِ فَقَدْ خَسِرَ خُسْرَانًا مُبِينًا (119) يَعِدُهُمْ وَيُمَنِّيهِمْ وَمَا يَعِدُهُمُ الشَّيْطَانُ إِلَّا غُرُورًا

النساء – 119/120

 اور جس شخص نے اللہ کو چھوڑ کر شیطان کو اپنا سرپرست بنا لیا اس نے صریح نقصان اٹھایا [119] شیطان ان سے وعدہ کرتا اور امیدیں دلاتا ہے۔ اور جو وعدے بھی شیطان انہیں دیتا ہے وہ فریب کے سوا کچھ نہیں ہوتے۔

اور اگر انسان کے ارمان دنیاوی امور تک ہی رہیں آخرت کے لیے ان میں کوئی جگہ نہ ہو تو وہ راہِ راست سے دور  اور گمراہ ہے، فرمانِ باری تعالی ہے:

مَنْ كَانَ يُرِيدُ الْعَاجِلَةَ عَجَّلْنَا لَهُ فِيهَا مَا نَشَاءُ لِمَنْ نُرِيدُ ثُمَّ جَعَلْنَا لَهُ جَهَنَّمَ يَصْلَاهَا مَذْمُومًا مَدْحُورًا (18) وَمَنْ أَرَادَ الْآخِرَةَ وَسَعَى لَهَا سَعْيَهَا وَهُوَ مُؤْمِنٌ فَأُولَئِكَ كَانَ سَعْيُهُمْ مَشْكُورًا

الاسراء – 18/19

 جو شخص دنیا چاہتا ہے تو ہم جس شخص کو اور جتنا چاہیں  دنیا میں ہی دے دیتے ہیں پھر ہم نے جہنم اس کے مقدر کر دی ہے جس میں وہ بدحال اور دھتکارا ہوا بن کر داخل ہو گا [19] اور جو شخص آخرت کا ارادہ کرے اور اس کے لئے اپنی مقدور بھر کوشش بھی کرے اور مومن  بھی ہو تو ایسے لوگوں کی کوشش کی قدر کی جائے گی۔

اور اگر کسی کے ارمان  بیداری اور نیند ہر حالت میں عملی اقدام سے خالی رہتے ہیں ، ہر وقت اس پر سستی اور کاہلی کا غلبہ رہتا ہے تو وہ سراب کے سوا کچھ نہیں پائے گا، انس بن مالک رضی اللہ عنہ رسول اللہ ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ  رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: (عقل مند وہی ہے جو اپنا  محاسبہ خود کرے اور موت کے بعد کیلیے تیاری کرے، اور عاجز وہ ہے جو ہوس پرستی میں ڈوبا رہے اور اللہ تعالی سے امیدیں لگائے)

اپنے ارمانوں کو پورا کرنے کے لیے جو شخص  جادو گروں اور شعبدہ بازوں سے  تعاون لے تو وہ اپنے آپ پر بہت زیادہ ظلم ڈھاتا ہے، آپ ﷺ کا فرمان ہے: (جو شخص کسی کاہن یا جادو گر کے پاس آئے اور اس کی بات کی تصدیق کر دے تو وہ محمد  -ﷺ- پر نازل شدہ شریعت سے کفر کرتا ہے) اس روایت کو طبرانی نے نقل کیا ہے اور ابن حجر نے اس کی سند کو حسن قرار دیا ہے۔

قبر میں جب برزخی زندگی شروع ہو گی تو اس وقت سب سے زیادہ حرج والے ارمان دل میں آئیں گے؛ مومن کا اپنی قبر میں ارمان ہو گا کہ جلدی سے قیامت قائم ہو جائے ؛ کیونکہ اسے نعمتیں اور مسرتیں نظر آ رہی ہیں، جبکہ کافر کا قبر میں ارمان یہ ہو گا کہ قیامت قائم نہ ہو ؛ کیونکہ وہ درد ناک عذاب کو دیکھ رہا ہو گا ۔

میت دوبارہ زندگی میں جانے کی تمنا کرے گی؛ کیونکہ اسے چھوٹ جانے والی عبادات کا ادراک ہو گا، میت تمنا کرے گی کہ اسے نماز پڑھنے کا موقع دے دیا جائے چاہے دو رکعت ہی کیوں نہ ہوں، ایک بار آپ ﷺ ایک قبر کے پاس سے گزرے اور فرمایا: (یہ کس کی قبر ہے؟) تو صحابہ کرام نے عرض کیا: ” فلاں کی قبر ہے” تو آپ ﷺ نے فرمایا: (اس کے ہاں دو رکعت  تمہاری بقیہ دنیا سے زیادہ محبوب ہیں)

میت دنیا میں واپس آنے کی تمنا کرے گی تا کہ صدقہ اور اللہ کا ذکر کر لے چاہے ایک بار سبحان اللہ یا الا الہ الا اللہ کہنے کا موقع ہی کیوں نہ ملے، اللہ تعالی نے ان کے بارے میں فرمایا:

وَأَنْفِقُوا مِنْ مَا رَزَقْنَاكُمْ مِنْ قَبْلِ أَنْ يَأْتِيَ أَحَدَكُمُ الْمَوْتُ فَيَقُولَ رَبِّ لَوْلَا أَخَّرْتَنِي إِلَى أَجَلٍ قَرِيبٍ فَأَصَّدَّقَ وَأَكُنْ مِنَ الصَّالِحِينَ

المنافقون – 10

اور جو کچھ ہم نے تمہیں دے رکھا ہے اس میں سے (ہماری راہ میں) اس سے پہلے خرچ کرو   کہ تم میں سے کسی کو موت آ جائے تو کہنے لگے اے میرے پروردگار مجھے تو تھوڑی دیر کی مہلت کیوں نہیں دیتا ؟ کہ میں صدقہ کروں اور نیک لوگوں میں ہو جاؤں۔

درد ناک ترین تمنا جس سے بچنے کا کوئی ذریعہ نہیں وہ  روزِ قیامت عذاب جھیلنے والوں کی ندائے حسرت کی صورت میں ہو گی؛ چنانچہ کافر اور نافرمان شخص جس وقت اپنا نامہ اعمال بائیں ہاتھ میں پکڑے گا اور اسے اپنا ٹھکانا نظر آئے گا تو وہ مٹی ہو جانے کی تمنا کرے گا۔

ذَلِكَ الْيَوْمُ الْحَقُّ فَمَنْ شَاءَ اتَّخَذَ إِلَى رَبِّهِ مَآبًا (39) إِنَّا أَنْذَرْنَاكُمْ عَذَابًا قَرِيبًا يَوْمَ يَنْظُرُ الْمَرْءُ مَا قَدَّمَتْ يَدَاهُ وَيَقُولُ الْكَافِرُ يَالَيْتَنِي كُنْتُ تُرَابًا

النبأ – 39/40

 یہ وہ دن ہے جو ایک حقیقت ہے۔ اب جو شخص چاہے اپنے پروردگار کی طرف واپس جانے کی راہ اختیار  کرے[39] ہم نے تمہیں عنقریب آنے والے عذاب سے ڈرا دیا اور (چوکنا کر دیا) ہے جس دن انسان اپنے ہاتھوں کی کمائی کو دیکھ لے گا اور کافر کہے گا کہ کاش ! میں مٹی ہو جاتا۔ 

اللہ تعالی میرے اور آپ سب کیلیے قرآن کریم کو بابرکت بنائے، اللہ تعالی مجھے اور آپ سب کو اس کی حکمت بھرئی نصیحتوں سے مستفید ہونے کی توفیق دے، میں اپنی بات کو اسی پر ختم کرتے ہوئے  اللہ سے اپنے اور تمام مسلمانوں کے گناہوں کی  بخشش چاہتا ہوں، آپ سب بھی اسی سے اپنے گناہوں کی بخشش مانگیں وہی بخشنے والا اور نہایت رحم کرنے والا ہے۔

دوسرا خطبہ:

تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں، اسی نے ہمیں خیر و برکتیں عطا کی ہیں،  اور  میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے علاوہ کوئی معبود بر حق نہیں وہ یکتا ہے  اس کا کوئی شریک نہیں، وہی ساری مخلوقات کا پروردگار ہے،  اور یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے نبی اور سربراہ محمد  اللہ کے بندے  اور رسول ہیں ، آپ کی معجزوں کے ذریعے تائید کی گئی، اللہ تعالی آپ پر ، آپ کی آل ، اور تمام صحابہ کرام  پر ہر وقت رحمتیں نازل فرمائے۔

حمد  و صلاۃ کے بعد:

  میں تمام سامعین اور اپنے آپ کو تقوی الہی کی نصیحت کرتا ہوں۔

امنگوں کے اس سفر میں اعلی ترین صورت حال اس وقت پیدا ہو گی جب اہل جنت اپنے ارمانوں کے مطابق جنت کی نعمتیں پا لیں گے، پروردگار بھی ان پر فیاضی فرمائے گا اور انہیں اپنے کرم سے عطا فرمائے گا (جنت میں سب سے آخر میں داخل ہونے والا جب جنت میں جائے گا  تو جنت اس کے لیے وسیع اور خوبصورت بن چکی ہو گی، تو پروردگار فرمائے گا: تم اپنی خواہشیں بتلاؤ، تو بندہ اپنی خواہشات بیان کرنا شروع کرے گا تو اللہ تعالی فرمائے گا: تجھے تیری ساری خواہشات دیتا ہوں اور دنیا سے دس گنا زیادہ بھی)

اللہ کے بندوں!

رسولِ ہُدیٰ پر درود پڑھو، اللہ تعالی نے اپنی کتاب میں تمہیں اسی کا حکم دیتے ہوئے فرمایا:

إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا

الأحزاب – 56

 اللہ اور اس کے فرشتے  نبی پر درود بھیجتے ہیں، اے ایمان والو! تم بھی اس پر درود  و  سلام بھیجو۔

اَللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وَأَزْوَاجِهِ وَذُرِّيَّتِهِ، كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ، وَبَارِكْ عَلَى مُحَمَّدٍ وَأَزْوَاجِهِ وَذُرِّيَّتِهِ، كَمَا بَارَكْتَ عَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ.

یا اللہ! چاروں خلفائے راشدین  ابو بکر، عمر، عثمان، اور علی  سے راضی ہو جا،  انکے ساتھ  ساتھ اہل بیت، اور تمام صحابہ کرام  سے راضی ہو جا،  اور اپنے رحم ، کرم، اور احسان کے صدقے  ہم سے بھی راضی ہو جا، یا ارحم الراحمین!

یا اللہ! اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ عطا فرما، یا اللہ! اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ عطا فرما، یا اللہ! اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ عطا فرما، یا اللہ! کافروں کیساتھ کفر کو بھی ذلیل و رسوا فرما، یا اللہ! تیرے اور دین کے دشمنوں کو نیست و نابود کر دے، یا اللہ! اس ملک کو اور تمام اسلامی ممالک کو امن کا گہوارہ بنا دے۔

یا اللہ! جو بھی ہمارے بارے میں یا اسلام اور مسلمانوں کے متعلق برے ارادے رکھے تو اسے اپنی جان کے لالے پڑ جائیں، اس کی مکاری اسی کی تباہی کا باعث بنا دے، یا سمیع الدعاء!  یا اللہ! جو بھی ہمارے بارے میں یا اسلام اور مسلمانوں کے متعلق یا ہمارے ملک کے بارے میں برے ارادے رکھے تو اسے اپنی جان کے لالے پڑ جائیں، اس کی مکاری اسی کی تباہی کا باعث بنا دے، یا سمیع الدعاء! یا اللہ! جو بھی ہمارے بارے میں یا اسلام اور مسلمانوں کے متعلق  یا ہمارے ملک کے بارے میں برے ارادے رکھے تو اسے اپنی جان کے لالے پڑ جائیں، اس کی مکاری اسی کی تباہی کا باعث بنا دے، یا سمیع الدعاء!

یا اللہ! ہم تجھ سے جنت اور اس کے قریب کرنے والے اعمال کی توفیق مانگتے ہیں، نیز جہنم  اور اس کے قریب کرنے والے تمام اعمال سے تیری پناہ چاہتے ہیں۔

یا اللہ! ہمارے دینی معاملات کی اصلاح فرما، اسی میں ہماری نجات ہے، یا اللہ! ہماری دنیا بھی درست فرما دے اسی میں ہمارا معاش ہے، اور ہماری آخرت بھی اچھی بنا دے ہم نے وہیں لوٹ کر جانا ہے، اور ہمارے لیے زندگی کو ہر خیر کا ذریعہ بنا، اور موت کو ہر شر سے بچنے کا وسیلہ بنا دے، یا رب العالمین!

یا اللہ! تو معاف کرنے والا ہے، معافی کو پسند بھی فرماتا ہے، یا اللہ! ہمیں تو معاف فرما دے۔

یا اللہ! ہم تجھ  اپنے اگلے پچھلے، خفیہ اعلانیہ تمام گناہوں سمیت ان گناہوں کی بخشش بھی مانگتے ہیں جنہیں تو ہم سے بھی زیادہ جانتا ہے، تو ہی پست و بالا کرنے والا ہے، تیرے سوا کوئی حقیقی معبود نہیں۔

یا اللہ! ہم تیری نعمتوں کے زوال ، تیری طرف سے ملنے والی عافیت کے خاتمے ، تیری اچانک پکڑ اور تیری ہمہ قسم کی ناراضی سے تیری پناہ چاہتے ہیں۔

یا اللہ! ہمارے سارے معاملات سنوار دے، اور ہمیں ایک لمحے کے لیے بھی ہمارے اپنے یا اپنی کسی مخلوق کے سہارے پر مت چھوڑنا۔

یا اللہ! ہم تجھ سے حسن خاتمہ کا سوال کرتے ہیں، ماضی میں جو کچھ بھی ہوا سب کی معافی چاہتے ہیں۔

یا اللہ! ہم پر اپنی برکتوں، رحمتوں اور رزق کے دروازے کھول دے۔

یا اللہ! ہماری نیکیوں، زندگی، بیویوں، اولاد،  دولت، اور اہل خانہ  میں برکت فرما، یا اللہ! جہاں بھی ہوں ہمیں برکت والا بنا ۔

یا اللہ! پوری دنیا میں کمزور مسلمانوں کی مدد فرما، یا اللہ! ان کا حامی و ناصر اور مدد گار بن جا۔

یا اللہ! وہ بھوکے ہیں ان کے کھانے پینے کا بندوبست فرما، وہ ننگے پاؤں ہیں انہیں جوتے عطا فرما، ان کے تن برہنہ ہیں انہیں ڈھانپنے کیلیے کپڑے عطا فرما، یا اللہ! ان پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے ان کا بدلہ چکا دے، یا اللہ! ان پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے ان کا بدلہ چکا دے، یا اللہ! ان پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے ان کا بدلہ چکا دے، یا ارحم الراحمین! یا قوی! یا عزیز!

یا اللہ! ہمیں، ہمارے والدین اور تمام مسلمانوں کو بخش دے ، یا ارحم الراحمین!

 یا اللہ!ہمارے حکمران کو تیرے پسندیدہ کام کرنے کی توفیق عطا فرما،  یا اللہ! انہیں اور ان کے ولی عہد کو تیرے پسندیدہ کام کرنے کی توفیق عطا فرما، یا اللہ! انہیں بہترین حاشیہ نشین عطا فرما، یا رب العالمین! یا اللہ! تمام مسلمان حکمرانوں کو کتاب و سنت کے نفاذ کی توفیق عطا فرما، یا رب العالمین!

رَبَّنَا ظَلَمْنَا أَنْفُسَنَا وَإِنْ لَمْ تَغْفِرْ لَنَا وَتَرْحَمْنَا لَنَكُونَنَّ مِنَ الْخَاسِرِينَ

الأعراف – 23

 ہمارے پروردگار! ہم نے اپنے آپ پر ظلم کیا اور اگر تو نے ہمیں معاف  نہ کیا اور ہم پر رحم نہ کیا تو ہم بہت نقصان اٹھانے والوں میں سے ہو جائیں گے۔

رَبَّنَا اغْفِرْ لَنَا وَلِإِخْوَانِنَا الَّذِينَ سَبَقُونَا بِالْإِيمَانِ وَلَا تَجْعَلْ فِي قُلُوبِنَا غِلًّا لِلَّذِينَ آمَنُوا رَبَّنَا إِنَّكَ رَءُوفٌ رَحِيمٌ

الحشر – 10

اے ہمارے پروردگار! ہمیں بھی بخش دے اور ہمارے ان بھائیوں کو بھی جو ہم سے پہلے ایمان لائے تھے اور جو لوگ ایمان لائے ہیں، ان کے لیے ہمارے دلوں میں کدورت نہ رہنے دے، اے ہمارے پروردگار! تو بڑا مہربان اور رحم کرنے والا ہے۔

رَبَّنَا آتِنَا فِي الدُّنْيَا حَسَنَةً وَفِي الْآخِرَةِ حَسَنَةً وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ

البقرة – 201

 ہمارے رب! ہمیں دنیا اور آخرت میں بھلائی عطا فرما، اور ہمیں آخرت کے عذاب سے محفوظ رکھ۔

إِنَّ اللَّهَ يَأْمُرُ بِالْعَدْلِ وَالْإِحْسَانِ وَإِيتَاءِ ذِي الْقُرْبَى وَيَنْهَى عَنِ الْفَحْشَاءِ وَالْمُنْكَرِ وَالْبَغْيِ يَعِظُكُمْ لَعَلَّكُمْ تَذَكَّرُونَ

النحل – 90

 اللہ تعالی تمہیں عدل، احسان اور قرابت داروں کو (امداد) دینے کا حکم دیتا ہے اور بے حیائی، برے کام اور سرکشی سے منع کرتا ہے۔ وہ تمہیں اس لئے نصیحت کرتا ہے کہ تم اسے (قبول کرو) اور یاد رکھو ۔

تم اللہ کا ذکر کرو وہ تمہیں یاد رکھے گا، اسکی نعمتوں کا شکر ادا کرو   وہ تمہیں اور زیادہ عنایت کرے گا، اللہ کی یاد بہت ہی بڑی عبادت ہے، اور اللہ تعالی تمہارے تمام اعمال سے بخوبی واقف ہے۔

مصنف/ مقرر کے بارے میں

فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبد الباری بن عواض ثبیتی حفظہ اللہ 

مسجد نبوی کے معروف خطباء میں سے ایک نام فضیلۃ الشیخ داکٹر عبدالباری بن عواض ثبیتی حفظہ اللہ کا ہے ، جن کے علمی خطبات ایک شہرہ رکھتے ہیں۔