زلزلے!عبرت و نصیحت ، اسباب و علاج

پہلا خطبہ

ہر قسم کی تعریف اللہ کے لئے ہے جو سب کچھ جاننے والا اور بے انتہاء قدرت والا ہے۔

لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ ۖ وَهُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ

الشوریٰ – 11

اس جیسی کوئی چیز نہیں،وہ سننے والا اور دیکھنے والا ہے۔

اس نے ہر چیز کو بہترین اندازے سے بنایا ہے، اس کے پاس ہر چیز کا علم ہے، اور ہر چیز کی تعداد بھی معلوم ہے۔

لَّا تُدْرِكُهُ الْأَبْصَارُ وَهُوَ يُدْرِكُ الْأَبْصَارَ ۖ وَهُوَ اللَّطِيفُ الْخَبِيرُ

الأنعام – 103

اس (اللہ)کو تو کسی کی نگاہ محیط نہیں ہوسکتی  اور وہ (اللہ )سب نگاہوں کو محیط ہو جاتا ہے اور وہی بڑا باریک بین باخبر ہے۔

اور میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سو اکوئی معبود ِبرحق نہیں، وہ اکیلا ہے، اُس کا کوئی شریک نہیں، اور  میں یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ محمدﷺ اُس کے بندے اور رسول ہیں، اُس کے پسندیدہ اور دوست ہیں،اُس کے نزدیک سب سے محبوب ترین ہیں، جنہوں نے اللہ کا پیغام پہنچایا، امانت کاحق ادا کیا، امت کو نصیحت کی اور ہمیں ایسے روشن راستے پر چھوڑا جس کی رات بھی دن کی طرح (روشن) ہے، اس سے وہی شخص دور رہے گا جو ہلاک ہونے والا ہو۔

آپﷺ پر  اللہ کی رحمتیں اور سلامتیاں ہوں ، اور ان کے پاکیزہ اہلِ بیت پر بھی، اور ان کی ازواجِ مطھرات امہات المومنین پر بھی، اور تمام صحابہ و تابعین پر بھی، اور قیامت تک ان تمام لوگوں پر بھی جو اچھے انداز سے ان کی پیروی کریں گے۔

حمدو ثنا کے بعد!

ایمان کے بدلے نور  کی ضمانت

اللہ کے بندو! اللہ سے ڈرو۔

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّـهَ وَآمِنُوا بِرَسُولِهِ يُؤْتِكُمْ كِفْلَيْنِ مِن رَّحْمَتِهِ وَيَجْعَل لَّكُمْ نُورًا تَمْشُونَ بِهِ وَيَغْفِرْ لَكُمْ ۚ وَاللَّـهُ غَفُورٌ رَّحِيمٌ

الحدید – 28

اے لوگوں جو ایمان لائے ہو! اللہ سے ڈرتے رہا کرو اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ اللہ تمہیں اپنی رحمت کا دوہرا حصہ دے گا (١) اور تمہیں نور دے گا جس کی روشنی میں تم چلو پھرو گے اور تمہارے گناہ بھی معاف فرما دے گا، اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔

حقیقتِ حال

اللہ کے بندو!

لوگوں کی زندگی میں اتار چڑہاؤ ہوتا رہتا ہے، کبھی خوف ہے تو کبھی امید، لین دین کے معاملات ہیں، کبھی طاقت اور کبھی کمزوری، ان تمام چیزوں کے باوجود یا تو وہ کسی خیر اور نعمت کی امیدیں رکھتے ہیں، یا کسی شر اور مصیبت سے ڈرتے ہیں۔ اور ان کی امید اور خوف کا تعلق ان کے دین، ان کی ذات، عقل، مال اور عزت سے ہے۔اور جہاں ایک طرف وہ  ہدایت کی امیدرکھتے ہیں  وہاں گمراہی کے خدشات بھی ہیں ، زندگی کی امیدوں کے ساتھ ساتھ نا حق موت کے خطرات بھی ہیں، اگر حقیقی و معنوی عقل کی سلامتی کی امیدیں ہیں تو اس کے خراب ہونے کا ڈر بھی ہے۔ اور  عزت اور مال کا بھی یہی حال ہے۔  اور وہ اللہ تعالی کے حکم سے ہونے والی مخلوق کے سلسلے میں بھی ذرخیزی و رحمت والی بارش کی امید تو رکھتے ہیں مگر تباہ و برباد کردینے والی بارش کے خدشات بھی دلوں میں ہوتے ہیں۔خوشخبری دینے والی ہواؤں کی تمنا تو ہے مگرعذاب والی ہواؤں  کا ڈر بھی ۔

عقلمند لوگوں کے لئے نصیحتیں

خبردار! وہ زلزلے ہی ہیں

اورخالق کی اس تقدیری مخلوق کی تدبیر  اور ان مختلف نشانیوں میں جو حکمتیں ہیں وہ صرف  عقلمند لوگ ہی جان سکتے ہیں جو احساس ، اللہ پر  ایمان اور اللہ کے (قرآن کریم میں بیان کردہ سابقہ اقوام سے متعلقہ ) دنوں کی یاددہانی جیسی  دولت سے مالا مال ہوں۔

اور اس سے پہلےبھی ایسے  واقعات  رونما ہوچکے  ہیں  جن کے ذریعہ اللہ کی نازل کردہ نشانیوں اور اس کے حکم سے ہونے والی چیزوں کی عبرت سےلوگوں  کی آنکھیں دنگ رہ جائیں، اور انہیں سچے نبی ﷺکی خبروں کی تصدیق  کے لمحات دوبارہ ذہن نشین ہوجائیں۔اور قرآن و سنت میں وارد شدہ اللہ تعالیٰ کی عظیم نشانیوں میں سے ایک عظیم نشانی  : خبردار! زلزلے ہی ہیں۔

قرآنِ مجید میں زلزلےکا بیان

اور اللہ نے قرآنِ مجید میں قسماً فرمایا:

وَالسَّمَاءِ ذَاتِ الرَّجْعِ ﴿١١﴾ وَالْأَرْضِ ذَاتِ الصَّدْعِ ﴿١٢﴾ إِنَّهُ لَقَوْلٌ فَصْلٌ

الطارق – 11/13

بارش والے آسمان کی قسم ۔اور پھٹنے والی زمین کی قسم ۔بیشک یہ (قرآن) البتہ دو ٹوک فیصلہ کرنے والا کلام ہے۔

زلزلہ عذاب کی ایک صورت ہے

اور فرمایا:

قُلْ هُوَ الْقَادِرُ عَلَىٰ أَن يَبْعَثَ عَلَيْكُمْ عَذَابًا مِّن فَوْقِكُمْ أَوْ مِن تَحْتِ أَرْجُلِكُمْ أَوْ يَلْبِسَكُمْ شِيَعًا

الأنعام – 65

آپ کہئیے کہ اس پر بھی وہی قادر ہے کہ تم پر کوئی عذاب تمہارے لئے بھیج دے  یا تو تمہارے پاؤں تلے سے  یا کہ تم کو گروہ گروہ کر کے سب کو (آپس میں )بھڑا دے ۔

اور مفسرین کی تفسیر کے مطابق  جو عذاب پیروں کے نیچے سے آتا ہے وہ   (زمین میں )  دھنس جانے یا زلزلہ آنے کا ہی عذاب  ہے۔

صحیح بخاری میں ہے:   اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا:

«لا تقومُ الساعةُ حتى يُقبَضَ العلمُ، وتكثُر الزلازِلُ، ويتقارَب الزمانُ ..» الحديث.

قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہوگی جب تک علم کو نہ اٹھالیا جائے،اور کثرت سے زلزلے نہ ہوں، اور زمانہ قریب نہ ہو۔

زلزلوں کے بارے میں صحابہ کا ایمان بِالغیب

اللہ کے بندو!

زلزلہ نبی مکرّم ﷺ کے زمانے میں کبھی نہیں آیا، بلکہ صحابہ نے تو فقط اللہ کی کتاب اور نبیﷺ کی حدیث میں سنا اور اس پر ایمان لے آئے اور انہوں نےیہ  تصدیق بھی کی کہ یہ زلزلے وغیرہ اللہ کی طرف سے ایک نشانی ہیں جو وہ جن لوگوں پر چاہے بھیج دے ۔ اور ہمارے زمانے میں کثرت سے ان نشانیوں کا واقع ہونا نبیﷺکی حدیث کا ایک غیبی اور علمی معجزہ ہےکیونکہ انہوں نے حدیث میں یہ بتایا ہے کہ یہ چیزیں آخری زمانوں میں بکثرت ہوں گی۔

اور اللہ تعالی نے پھٹنے والی زمین کی قسم کھائی ہے، یہ’’پھٹنے والی زمین  ‘‘کی بات چودہ صدیوں تک معلوم نہ سکی یہاں تک کہ جیولوجی نے پچھلی صدی میں اس بات کا انکشاف کیا، اور اصحابِ علم نےزیرِ زمین ایک میدان(ہموار اور ذرخیز)ایسا تلاش کیا  جہاں یہ پھٹنے والی کیفیت رونما ہوتی ہے  اور وہی  دنیا میں اکثر  زلزلوں کا مرکز ہے۔

اوردنیا میں اکثر زلزلے اسی صدع  (پھٹنے والی جگہ) واقع ہوتے ہیں۔تو اس سے معلوم یہ ہوا کہ یہ اللہ نے  پھٹنے والی زمین کی قسم کھاکر جو بات بیان فرمائی وہ (دینِ اسلام ، قرآن کریم اور پیغمبرِ اسلامﷺکی حقانیت کے ثبوت کے لئے)ایک معجزہ ہے،تاکہ ملحد (منحرف و بے دین قسم کے )لوگ اپنے طریقوں سے اس کا انکشاف کریں  حالانکہ  اللہ  اور رسول ﷺ نے تو چودہ سو سال پہلےہی قرآن کریم میں اس کاذکر فرمادیا، اسی لئےیہ بھی سمجھ لینا چاہئےکہ  نبی ﷺکی بات بھی اللہ  ہی کی وحی ہے،غیب کی جو باتیں نبی علیہ السلام نے بیان کیں وہ وحی الہی  کے ذریعہ بیان فرمائیں ہیں نہ کہ اپنی طرف سے۔

فَآمِنُوا بِاللَّـهِ وَرَسُولِهِ النَّبِيِّ الْأُمِّيِّ الَّذِي يُؤْمِنُ بِاللَّـهِ وَكَلِمَاتِهِ وَاتَّبِعُوهُ لَعَلَّكُمْ تَهْتَدُونَ

الأعراف – 158

سو اللہ تعالیٰ پر ایمان لاؤ اور اس کے نبی اُمی پر جو کہ اللہ تعالیٰ پر اور اس کے احکام پر ایمان رکھتے ہیں اور ان کی پیروی کرو تاکہ تم راہ پر آجاؤ ۔

اسلام میں سب سے پہلا زلزلہ خلیفہ ثانی امیر المؤمنین سیدناعمر رضی اللہ عنہ کے دورِخلافت میں دیکھا گیا؛  اور سیدہ صفیہ بنت ابی عبید نیان کرتی ہیں کہ:

اسلام میں سب سے پہلا زلزلہ خلیفہ ثانی امیر المؤمنین سیدناعمر رضی اللہ عنہ کے دورِخلافت میں دیکھا گیا؛اور سیدہ صفیہ بنت ابی عبید بیان کرتی ہیں کہ:

زُلزِلَت الأرضُ على عهد عُمر حتى اصطفَقَت السُّرُر، فخطبَ عُمرُ الناسَ فقال: “أحدَثتُم، لقد عجَّلتُم، لئن عادَت لأخرُجنَّ من بين أظهُركم”. وفي روايةٍ قال: “ما كانت هذه الزلزلةُ إلا عند شيءٍ أحدَثتُموه، والذي نفسِي بيدِه؛ إن عادَت لا أُساكِنُكم فيها أبدًا” .

رواه ابن أبی شیبة

سیدناعمر رضی اللہ عنہ کے دور میں  اتنا شدید زلزلہ آیا کہ پلنگ آپس میں ٹکرا گئے ،توسیدناعمر رضی اللہ عنہ نے لوگوں کو خطبہ دیتے ہوئےارشاد فرمایا: تم نے نئے نئےکام ایجاد کئے، یقیناً تم نے بہت جلدی کی۔اور اگر وہ چیزیں دوبارہ آگئیں تو میں تمہارے درمیان سے نکل جاؤں گا۔اور ایک روایت میں ہے: یہ زلزلہ تو جبھی آتا ہے جب تم  لوگ (دین میں) کوئی نئی چیز ایجاد کرتے ہو،اُس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اگر دوبارہ ایسا ہوا تو میں کبھی تمہارے ساتھ نہیں رہوں گا(مصنف ابنِ ابی شیبہ)۔(یعنی بد عقیدگی ، بدعت و بد اعمالی زلزلوں کا بنیادی سبب ہیں)

اللہ کے بندو!

یقینا زلزلے اللہ کی طرف سے نازل شدہ نشانیوں میں سے ایک نشانی ہیں، جنہیں وہ ایک عظیم حکمت کے تحت زمین میں برپا کرتا ہے، اور شروع سے آخر تک ہمیشہ اسی کا حکم چلتا ہے،اور جو (چیز)چاہتا اور پسند کرتا ہے وہی کرتا  ہے۔اور وہ اللہ اپنے بندوں پر بڑا ہی مہربان ہے، اس کی رحمت اس کے غصے پر غالب ہے، بلکہ ہر چیز سے زیادہ وسیع ہے۔لیکن اس کا مقصد یہ نہیں ہے کہ اس کے ثواب پر ہی اعتماد کیا جائے اور سزا سے غافل ہوجائیں، اور نہ ہی اس کی رحمت پر (سب کچھ) چھاڑ دیا جائے اور اس کے غصے سے لا علمی اختیار کی جائے، اور نہ ہی  اس کی معافی کی امید رکھتے ہوئے ناپسندیدہ کام کئے جائیں۔

أَفَأَمِنَ أَهْلُ الْقُرَىٰ أَن يَأْتِيَهُم بَأْسُنَا بَيَاتًا وَهُمْ نَائِمُونَ ﴿٩٧﴾ أَوَأَمِنَ أَهْلُ الْقُرَىٰ أَن يَأْتِيَهُم بَأْسُنَا ضُحًى وَهُمْ يَلْعَبُونَ ﴿٩٨﴾ أَفَأَمِنُوا مَكْرَ اللَّـهِ ۚ فَلَا يَأْمَنُ مَكْرَ اللَّـهِ إِلَّا الْقَوْمُ الْخَاسِرُونَ

الأعراف – 97/99

کیا پھر بھی ان بستیوں کے رہنے والے اس بات سے بےفکر ہوگئے کہ ان پر ہمارا عذاب رات کے وقت آپڑے اور وہ نیند کی حالت میں  ہوں۔ کیا ان بستیوں کے رہنے والے اس بات سے بےفکر ہوگئے ہیں کہ ان پر ہمارا عذاب دن چڑھے آ پڑے جس وقت کہ وہ اپنے کھیلوں میں مشغول ہوں۔کیا ان بستیوں کے رہنے والےاللہ کی تدبیر  سے بےفکر ہوگئے ہیں ، پس اللہ کی  تدبیر سے ایسی قوم ہی بے فکر رہتی ہےجو نقصان اٹھانے والی ہو۔

سیدنا حسن بصری تابعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

“المؤمنُ يعملُ بالطاعات وهو مُشفقٌ وجِلٌ، والفاجِرُ يعمل بالمعاصِي وهو آمِن”. وهذا هو الذي يأمَنُ مكرَ الله – عباد الله -.

مومن فرماں برداری والے اعمال کرتا ہےاور وہ (اعمال کے ضائع وبرباد  ہونے سے) ڈر بھی رہا ہوتا ہے،  جبکہ فاجرکو گناہ کرکے بھی کوئی ڈر نہیں ہوتا۔اور یہی وہ (فاجر) ہےکہ جو اللہ کی تدبیر سے بے خوف رہتا ہے۔

ائمہ کرام نے ذکر کیا ہے کہ زلزلہ اللہ تبارک وتعالی کی اُن نشانیوں میں سے ہے جن کے ذریعہ وہ اپنے بندوں کو (اپنی پکڑ، عذاب اور سزا و غضب سے ) ڈراتا ہے، جیساکہ  کسوف (اورسورج گرھن وغیرہ)وغیرہ، تاکہ انہیں اس بات کا اندازہ ہوجائے کہ حیوانات، نباتات، مال و متاع اور مسکن کے لئے زمین کا ٹھہراؤ اورسکونت بہت بڑی نعمت ہے۔

اور دھنسنے، زلزلے اور خلل میں یہ حکمت ہے کہ یہ آزمائش، امتحان، سزا یا ڈرانے کے طور پر ہے جیسا کہ قوم ِثمود پر زلزلہ طاری ہوا اور قارون کو (زمین میں) دھنسا دیا گیا۔

حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے فرمایا:

“لما كان هَبُوبُ الرياح الشديدة يُوجِبُ التخويفَ المُفضِي إلى الخُشوع والإنابَة كانت الزلزلةُ ونحوُها من الآيات أولَى بذلك، لا سيَّما وقد نصَّ الخبرُ أن كثرةَ الزلازلِ من أشراط الساعة”.

جب تیز ہوائیں اللہ کا خوف دلانے کے لئے  چلائی جاتی ہیں جس سے خشوع اور اللہ کی طرف رجوع کی  صورت  پیدا ہوتی ہے تو زلزلے جیسی خوفناک نشانیوں کا مقصد یہ نکلتا ہے کہ یہ اس سے بھی زیادہ خوف دلانے کے لئے ہے، خاص طور پر جبکہ نصوص ِ شرعیہ سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ زلزلوں کی کثرت قیامت کی نشانی ہے۔

زلزلے کے بارے میں اہم  اقوال

جلیل القدر صحابی سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ کے زمانے میں کوفہ میں زمین میں زلزلہ آیا تو انہوں نے یہ اعلان کیا:

“أيها الناس! إن ربَّكم يستعتِبُكم فأعتِبُوه”؛ أي: فاقبَلُوا عتبَه، “وتوبوا إليه قبل ألا يُبالِيَ في أي وادٍ هلكتُم”.

اے لوگو!  یقینا تمہارا رب تم سے ناراض ہوچکا ہے اور اپنی رضا مندی چاہتا ہے تو تم اسے راضی کرو اور اسی کی طرف رجوع کرتے ہوئے توبہ کرو، وگرنہ اسے یہ پرواہ نہ ہوگی کہ تم کس وادی میں ہلاک ہوتے ہو۔

اور شام میں زلزلے کے موقع پر سیدنا عمر  بن عبدالعزیز رحمہ اللہ نے انہیں یہ لکھ کر بھیجا :

وكتبَ عُمرُ بن عبد العزيز في زلزلةٍ كانت بالشَّام أن: “اخرُجوا، ومن استطاعَ منكم أن يُخرِجَ صدقةً فليفعَل؛ فإن الله تعالى يقول: قَدْ أَفْلَحَ مَنْ تَزَكَّى (14) وَذَكَرَ اسْمَ رَبِّهِ فَصَلَّى

کہ نکل جاؤ، اور جو شخص صدقہ کرسکتا ہے وہ ضرور کرے؛ کیونکہ اللہ تعالی کا فرمان ہے: بیشک اس نے فلاح پائی جو پاک ہوگیا ۔ اور جس نے اپنے رب کا نام یاد رکھا اور نماز پرھتا رہا۔

اللہ کے بندو!

اسی لئے اسلام کا یہ طریقہ ہے کہ زلزلوں سے عبرت حاصل کی جائے اور مسلمان انسان کو اس بات کا حکم ہے کہ وہ بھلائی کے ایسے ظاہری اسباب اختیار کرےجن کی بدولت اللہ تعالی خیر عطا فرمائے، اور ان ظاہری برے اعمال کو چھوڑدے جن  کے چھوڑنے کی وجہ سے اللہ تعالی شر کو  بھی دور کردے۔

مصیبت  کو دور کرنے  کے اسباب

مصیبت کو دور کرنے کے چند اسباب  یہ ہیں:

توبہ  و استغفار، صدقہ اور بعض اہلِ علم کے نزدیک (ایسے موقع پر )جماعت کے علاوہ (اکیلے، انفرادی) نماز بھی پڑھی جاسکتی ہے۔بیہقی میں صحیح سند سے یہ ثابت ہے:

“صلَّى ابنُ عباسٍ – رضي الله عنهما – للزلزلةِ بالبصرة”؛ رواه البيهقي بسندٍ صحيحٍ.

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنھما نے بصرہ میں زلزلہ (نہ ہونے یا رُکنے ) کی نماز پڑھی۔

زلزلوں کے بارے میں نبی ﷺ کی پیشین گوئی

اللہ کے رسول ﷺ کا فرمان ہے:

«أمتِي هذه أمةٌ مرحومةٌ،ليس عليها عذابٌ في الآخرة،عذابُها في الدنيا الفتنُ والزلازلُ والقتلُ» رواه أحمد وأبو داود بسندٍ حسنٍ.

میری اس امت پر(اللہ کی طرف سے)رحم کیا گیا ہے،کہ اُس پر آخرت کی بجائے دنیا میں ہی عذاب نازل کیا گیاجوفتنوں، زلزلوں اور قتل کی صورت میں ہے۔ یہ حدیث مسند احمد اور ابوداود میں حسن درجہ کی سند کے ساتھ ہے۔

مذکورہ حدیث  کا(یہ مطلب نہیں کہ آخرت میں اُمت کے مجرموں کو سزا و عذاب ہوگا ہی نہیں بلکہ ) مقصد یہ ہے کہ: آخرت میں  اجتماعی شکل میں پوری امت پر ایک ساتھ عذاب نہیں ہوگا،بلکہ افراد کو عذاب ہوگا۔

اللہ کے عذاب سے بچنے کے لئے چند نصیحتیں

اللہ کے بندو! خبردار!

اللہ سے ڈرو، اور اس کی رحمت اور معافی تلاش کرو، اور اس کے غصے سے بچو؛ کیونکہ وہ ڈھیل تو دیتا ہے مگر چھوڑتا نہیں ہے، اور ظالم کو مہلت دینے کے بعد جب وہ پکڑتا ہے توپھر بھاگنے کا موقعہ نہیں دیتا۔

وَمَا كَانَ رَبُّكَ لِيُهْلِكَ الْقُرَى بِظُلْمٍ وَأَهْلُهَا مُصْلِحُونَ

هود – 117

آپ کا رب ایسا نہیں کہ کسی بستی کو ظلم سے ہلاک کر دے اور وہاں کے لوگ نیکوکار ہوں۔

نفس اور معاشرے کی اصلاح اور بھلائی کو تھام لو، کیونکہ اللہ تعالی نے اس بستی کو ہلاکت سے بچانے کا اعلان کیا جہاں سچی اور اللہ کے ڈر والی اصلاح ہو، اور نصیحت کو رد کردینا  اور اصلاح کو چھوڑدینا ہلاکت کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ قارون کو دھنسانے سے پہلے یہ کہا گیا تھا:

لَا تَفْرَحْ

القصص – 76

اِتر ا مت ۔

مگر اس نے تکبر کیا(اور نصیحت کو نہ مانا)، اور قوم ثمود پر زلزلہ اس لئے آیا کہ انہوں نے نصیحت سے کراہیت ( ناپسندیدگی) کا اظہار کیا۔

اور اللہ تعالی نے تو امتوں کو اپنی اس بات سے ڈرایا:

وَكَذَلِكَ أَخْذُ رَبِّكَ إِذَا أَخَذَ الْقُرَى وَهِيَ ظَالِمَةٌ إِنَّ أَخْذَهُ أَلِيمٌ شَدِيدٌ (102) إِنَّ فِي ذَلِكَ لَآيَةً لِمَنْ خَافَ عَذَابَ الْآخِرَةِ ذَلِكَ يَوْمٌ مَجْمُوعٌ لَهُ النَّاسُ وَذَلِكَ يَوْمٌ مَشْهُودٌ 

هود – 102/103

تیرے پروردگار کی پکڑ کا یہی طریقہ ہے جب کہ وہ بستیوں کے رہنے والے ظالموں کو پکڑتا ہے بیشک اس کی پکڑ دکھ دردناک اور نہایت  سخت ہے۔ یقیناً اس میں (١) ان لوگوں کے لئے نشان عبرت ہے جو قیامت کے عذاب سے ڈرتے ہیں۔ وہ دن جس میں سب لوگ جمع کئے جائیں گے اور وہ، وہ دن ہے جس میں سب حاضر کئے جائیں گے ۔

اللہ مجھےاور آپ سب کو کتاب و سنت کی برکتیں حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اور قرآنی آیات، نصیحتوں اور حکمتوں کے ذریعہ نفع پہنچائے، میں یہ بات کہہ رہا ہوں اور اللہ سے اپنے لئے ، آپ سب کے لئے اور تمام مسلمان مرد و خواتین کے لئےہر گناہ اور خطا کی مغفرت مانگتا ہوں، آپ لوگ بھی اسی سے مغفرت مانگیں اور اسی کی طرف رجوع کریں، اس بات میں کوئی شک نہیں کہ میرا رب بہت بخشنے والا ہے۔

دوسرا خطبہ

اللہ کی بھلائیوں پر اسی کی تعریفیں ہیں، اور اس کی توفیق اور احسانات پر اسی کا شکر ہے۔

حمد وثنا کے بعد:

اللہ تعالیٰ کا یہ طریقہ ہےکہ :

ـ امتوں  میں سے کچھ کو جنگ و قتال کے ذریعہ ڈرایا جائے۔

۲ـ کچھ کوقلتِ امن کے ذریعہ۔

۳ـ کچھ کو مال، جان اور پھل کی کمی کے ذریعہ۔

۴ـ اور کچھ کومختلف فتنوں اور زلزلوں  وغیرہ کے ذریعہ۔ (تاکہ وہ اپنے اعمال درست کرلیں ، اللہ کی طرف لوٹ آئیں اور نافرمانی ، بد کاری، فتنہ و فساد اور ظلم و زیادتی  کے اندھیروں سے نکل کر اطاعت ،نیکی، عدل و انصاف کی روشنی کا راستہ اختیار کریں۔)

اللہ کے خوف  کا نتیجہ

اللہ کے بندو!   اس کا نتیجہ یہ ہے:

وَبَشِّرِ الصَّابِرِينَ ﴿١٥٥﴾ الَّذِينَ إِذَا أَصَابَتْهُم مُّصِيبَةٌ قَالُوا إِنَّا لِلَّـهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ ﴿١٥٦﴾ أُولَـٰئِكَ عَلَيْهِمْ صَلَوَاتٌ مِّن رَّبِّهِمْ وَرَحْمَةٌ ۖ وَأُولَـٰئِكَ هُمُ الْمُهْتَدُونَ

البقرة – 155/157

اور ان صبر کرنے والوں کو خوشخبری دے دیجئے۔ جنہیں جب کوئی مصیبت آتی ہے تو کہہ دیا کرتے ہیں کہ ہم تو خود اللہ تعالٰی کی ملکیت ہیں اور ہم اسی کی طرف لوٹنے والے ہیں۔ ان پر ان کے رب کی نوازشیں اور رحمتیں ہیں اور یہی لوگ ہدایت یافتہ ہیں۔

اور یہاں اللہ نے  یہ بات ذکر فرمائی ہے کہ جسے ڈرایا اور دھمکایا جارہا ہے اسے یہ فائدہ ہوتا ہے کہ وہ ہوش میں آتا ہے اور توبہ کرتا ہے، اور اس طرح ہدایت کے راستے کو اپنا لیتا ہے۔ اور اس  خوف دلانے سے کوئی زمانہ یا جگہ خالی نہیں، یہاں تک کہ نبی علیہ السلام کا زمانہ  سب سے بہترین ہے اس کے باوجود بھی سورج  کو کسوف (روشنی کم ہوجانا) ہوا، اور نبی علیہ السلام نے یہ فرمایا کہ اس کے ذریعہ اللہ – سبحانه وتعالى – اپنے بندوں کو ڈراتا رہا ہے۔

خبردار!

یقینا سوچ میں خلل، علم  اور اللہ پر ایمان کی کمی کی ایک علامت یہ بھی ہے کہ زلزلوں کا سبب یہ بتایا جائے کہ اس میں محض ایک جیولوجی اور قدرت کا عمل  دخل ہے، اور اس کی کوئی  حکمت اور نتیجہ نہیں،یا اس کا ایمانیات اور اللہ کے خوف سے کوئی تعلق نہیں۔

اس انسان کو چھوڑ دیجئے  جو ہر اس شخص کا مذاق اڑاتا ہے جو اللہ کی آیات اور اس کے حکم سے ہونے والے معاملات کی یاد دیہانی کراتا ہے۔

اور کونسی فہم (سمجھ )  اللہ کی ہدایت کے زیادہ قریب ہے ، اسے جاننے کے لئےصحیح بخاری کی یہ حدیث ہے:

” عن زيد بن خالد الجُهنيِّ أن النبي – صلى الله عليه وسلم – صلَّى بأصحابِه صلاةَ الصُّبْح بالحُديبية على أثر سماءٍ كانت من الليل – أي: مُمطِرة -، ثم قال: «أتدرُون ماذا قال ربُّكم؟ قال: أصبَح من عبادِي مؤمنٌ بي وكافرٌ؛ فأما من قال: مُطِرنا بفضل الله ورحمته فذلك مُؤمنٌ بي، كافرٌ بالكوكَب، وأما من قال: مُطِرنا بنَوْءِ كذا ونَوْءِ كذا فذلك كافرٌ بي، مُؤمنٌ بالكوكَب».

زید بن خالد جہنی رضی اللہ عنہ  روایت بیان کرتے ہیں کہ نبیﷺ نےحدیبیہ میں رات کو بارش ہونے کے بعد فجر کی نماز پڑھائی،پھرآپﷺ نےفرمایا: کیا آپ لوگ جانتے ہیں کہ آپ کے  رب نے کیا فرمایا؟، فرمایا: کہ صبح کے وقت میرے بندوں میں سے کچھ لوگ مومن ہوگئے اور کچھ کافر، تو جس نے یہ کہا کہ یہ بارش اللہ کے فضل اور رحمت سے  ہوئی تو وہ  مجھ پر ایمان لایا اور ستارے کا انکار کیا، اور جس نے یہ کہا کہ یہ بارش فلاں ستارے کی وجہ سے ہوئی تو اس نے میرا انکار (کفر) کیا اور ستارے پر ایمان لایا۔

اور جب اس بارش کے بارے میں یہ بات کہی گئی ہے جوکہ اللہ کی حکمیہ  سنت ہے جس کی وجہ سے نمازِ  استسقاءکو رکھا گیا حالانکہ اس کا ظاہری سبب بھی معلوم ہے، اس کے باوجود کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جومحض مادی تفسیر کے دائرے میں اسے محصور (بند) کردیتے ہیں، اور ان کی عقل میں یہ بات نہیں بیٹھتی کہ اس میں عبرت، ثواب، سزا اور آزمائش کا بھی پہلو ہے۔

اللہ کے بندو!

تعجب کی کوئی بات نہیں، اللہ تعالی کا فرمان ہے:

إِنَّ الَّذِينَ حَقَّتْ عَلَيْهِمْ كَلِمَتُ رَبِّكَ لَا يُؤْمِنُونَ ﴿٩٦﴾ وَلَوْ جَاءَتْهُمْ كُلُّ آيَةٍ حَتَّىٰ يَرَوُا الْعَذَابَ الْأَلِيمَ

یونس – 96/97

یقیناً جن لوگوں کے حق میں آپ کے رب کی بات ثابت ہو چکی ہے وہ ایمان نہ لائیں گے۔گو ان کے پاس تمام نشانیاں پہنچ جائیں جب تک وہ دردناک عذاب کو نہ دیکھ لیں ۔

دوسرے مقام پر اللہ کا فرمان ہے:

وَمَا نُرْسِلُ بِالْآيَاتِ إِلَّا تَخْوِيفًا

الاسراء – 59

ہم تو لوگوں کو دھمکانے کے لئے ہی نشانی بھیجتے ہیں۔

درود و سلام

اللہ آپ سب پر رحم فرمائے!

سب سے افضل مخلوق اور پاکیزہ انسان، صاحبِ حوض و شفاعت:(ہمارے نبی )سیدنا محمد بن عبد اللہﷺپر درود بھیجیں؛ اللہ نےاس کا حکم قرآن مجید میں دیا ہے:

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا

الأحزاب – 56

اے ایمان والو!  ان پر درود و سلام بھیجتے رہو۔

یا اللہ! اپنے نبی، بندے اور رسول محمدﷺ پر زیادہ سے زیادہ رحمتیں اورسلامتیاں نازل فرما۔

صحابہ کرام رضی اللہ عنھم کے لئے دعاءئیں

یا اللہ! اے تمام جہانوں کے رب! خلفائے راشدین ابوبکر، عمر، عثمان اور علی رضوان اللہ علیھم اجمعین سے راضی ہوجا اور تمام صحابہ ، تابعین اور ان لوگوں سے بھی راضی ہوجا جو قیامت تک ان ( نبی علیہ السلام اوران کے صحابہ ) کی پیروی کریں گے۔اور اپنے رحم و کرم   سے ان کے ساتھ ہم سے بھی راضی ہوجا۔

مسلمانوں کے لئے دعاءئیں

یا اللہ! اسلام اور مسلمانوں کو عزت عطا فرما۔  یا اللہ!  اسلام اور مسلمانوں کو عزت عطا فرما۔ اور  شرک اور مشرکوں کو رسوا کردے۔

یا اللہ! اپنے دین، قرآن، نبیﷺ کی سنت اور مومن  بندوں کی مدد فرما۔

یا اللہ! غمزدہ مسلمانوں کے غم کو ختم فرمادے، پریشان حال لوگوں کی پریشانی  دور فرما، قرض داروں کو قرضے سے نجات عطا فرما۔

اے سب سے زیادہ رحم کرنے والے! اپنی رحمت سے  ہمارے مریضوں سمیت تمام مریض مسلمانوں کو شفا عطا فرما۔

مظلوم مسلمانوں کے لئے دعاءئیں

یا اللہ! ہر جگہ ہمارے کمزور بھائیوں کی مدد فرما۔ یا اللہ! اپنے اور ان کے دشمن کے خلاف ان کی مدد فرما۔

یا اللہ! ظالموں اور سرکشی کرنے والوں کے مقابلے میں ان کی مدد فرما۔

یا اللہ!  اے سب سے زیادہ رحم کرنے والے! اے عزت و جلال والے! ان کی نصرت اور فتح کا فیصلہ جلد ہی  فرمادے۔

یا اللہ! اپنے اور مسلمانوں   کے دشمنوں کے مقابلے میں برما، فلسطین اور شام میں ہمارے مسلمان بھائیوں کی مدد فرما۔

یا اللہ! ان کے دشمنوں کا سر نیچا کردے، اور ان کے مکر سے انہی کو ہلاک کردے۔

یا اللہ! اے تمام جہانوں کے رب!  اے عزت و جلال والی ذات! تمام مسلم ممالک  سے اور خصوصاسعودی عرب سے مہنگائی، بیماری، سود، زلزلے ،  مصیبتیں  اور ظاہری و باطنی فتنے دور فرمادے۔

یا اللہ !  اے تمام جہانوں کے رب! ہمارے وطنوں میں ہماری حفاظت فرما، اور ہمارے ائمہ اور حکام کی اصلاح فرما، اور متقی و  پرہیزگار اور رضائے الٰہی کو حاصل کرنے والے  لوگوں کو ہمارا حاکم بنانا۔

یا اللہ! یا حي یا قیوم! ہمارے امیر کو ہر اس قول و عمل کی توفیق دے جس سے خوش اور راضی ہوتا ہے۔

یا اللہ! اے عزت و جلال والی ذات! اس کی مجلس شوری کی اصلاح فرمادے۔

بارش کی دعاءئیں

یا اللہ! تو ہی اللہ ہے، تیرے سوا کوئی معبود نہیں، تو ہی غنی ہے اور ہم سب فقیر(تیرے محتاج) ہیں، ہم پر بارش برسادے اور ہمیں ناامید نہ کرنا۔

یا اللہ! ہم پر بارش برسادے اور ہمیں ناامید نہ کرنا۔ یا اللہ! ہم پر بارش برسادے اور ہمیں ناامید نہ کرنا۔

یا اللہ!  یا ذا الجلال والإکرام! ہم تیری  ہی مخلوق ہیں، ہمارے گناہوں کی وجہ سے اپنے فضل کو نہ روک لینا۔

رَبَّنَا آتِنَا فِي الدُّنْيَا حَسَنَةً وَفِي الْآخِرَةِ حَسَنَةً وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ

البقرة – 201

اے ہمارے رب ہمیں دنیا میں نیکی دے  اور آخرت میں بھی بھلائی عطا فرما اور عذاب جہنم سے نجات دے۔

ہمارا رب نہایت پاکیزہ ہے ہر اس عیب سے جو لوگ بیان کرتے ہیں، وہ عزت والا رب ہے، اور رسولوں پر سلامتی ہو، اور ہماری آخری بات یہ ہے کہ ہر قسم کی تعریف اللہ کے لئے ہے۔

***

مصنف/ مقرر کے بارے میں

  فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر سعود بن ابراہیم الشریم حفظہ اللہ

کعبہ کے ائمہ میں سے ایک نام ڈاکٹر سعود بن ابراہیم الشریم حفظہ اللہ کا ہے ، جن کی آواز کی گونج دنیا کے ہر کونے میں سنائی دیتی ہے ، اللہ تعالیٰ نے بڑی صلاحیتوں سے نوازا ، جن میں سر فہرست خوبصورت آواز ہے۔ آپ 19 جنوری 1964 ء کو پیدا ہوئے ، ام القریٰ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ اور اب وہیں شریعہ فیکلٹی کے ڈین اور استاد کی حیثیت سے خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔