پہلا خطبہ:
تمام تعریفیں اللہ رب العالمین کے ساتھ ہیں، وہ بہت مہربان اور نہایت رحم کرنے والا ہے، نعمتیں چاہیں تھوڑی ہو یا زیادہ حمد و شکر اسی کا بجا لاتا ہوں ، اور میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ بر حق نہیں، وہ یکتا ہے، اس نے جسے چاہا اس مبارک دن میں وافر اجر حاصل کرنے کی توفیق دی، اور میں یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے نبی سیدنا محمد اس کے بندے اور رسول ہیں، آپ فرمایا کرتے تھے: “حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ” ،اللہ تعالی آپ پر ، آپ کی آل پر، اور حق کے بہترین راستے پر چلنے والے صحابہ کرام پر رحمتیں نازل فرمائے ۔
حمد و صلاۃ کے بعد:
میں اپنے آپ اور تمام سامعین کو تقوی کی نصیحت کرتا ہوں ، فرمانِ باری تعالی ہے:
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ حَقَّ تُقَاتِهِ وَلَا تَمُوتُنَّ إِلَّا وَأَنْتُمْ مُسْلِمُونَ
آل عمران – 102
اے ایمان والو! تقوی الہی ایسے اختیار کرو جیسے تقوی اختیار کرنے کا حق ہے، اور تمہیں موت آئے تو صرف اسلام کی حالت میں۔
“حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ”
بہت ہی عظیم جملہ ہے، جلیل القدر معانی ، خوبصورت مضمون، اور طاقتور تاثیر پر مبنی ہے۔
اَلْحَسِیْبُ“
وہ ذات جس کے سامنے ضروریات پیش کی جائیں تو فوراً پوری کر دے، اور جب کسی کے بارے میں فیصلہ کرے تو اٹل اور نا قابل تردید ہو۔
“وَكَفَى بِاللَّهِ حَسِيْباً”
کا مطلب یہ ہے کہ: جن جزئیات اور مقداروں کے بارے میں لوگ حساب لگانے کے بعد سراغ لگا پاتے ہیں ، اللہ تعالی ان جزئیات اور مقداروں کو بغیر حساب کے جانتا ہے۔
“وَمَن يَّتَوَكَّلْ عَلَى اللَّهِ فَهُوَ حَسْبُهُ”
کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالی دین و دنیا کے تمام امور میں کافی ہے، وہ انسان کے ہر غم اور مستقبل کے منصوبوں کے ساتھ کافی ہے۔
کوئی بھی ضرورت پوری ہو؛ حقیقت میں اللہ کی وجہ سے ہوتی ہے، اگرچہ ظاہری طور پر کوئی مخلوق ہی ذریعہ بنتی ہے، لیکن حقیقت میں مخلوق ذریعے سے پوری ہونے والی ضرورت بھی اللہ کی طرف سے پوری ہوتی ہے۔
“وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ”
توکّل کے ساتھ وہی بہترین ہے، چاہے حاجت روائی ہو یا مشکل کشائی سب میں وہی بہتر سے بھی بہترین ہے۔
” اَلْوَكِيْلُ “
اسے کہتے ہیں جو سب جہانوں کی تخلیق، تدبیر، رہنمائی، اور تقدیر کا ذمہ دار ہے۔
اَلْوَكِيْلُ ” وہ ذات ہے جو احسان کرتے ہوئے اپنے بندوں کے معاملات سنبھالے ہوئے ہے؛ چنانچہ اللہ تعالی انہیں ضائع نہیں ہونے دیتا، اور انہیں تنہا بھی نہیں چھوڑتا، بلکہ انہیں کسی اور کے سپرد بھی نہیں کرتا؛ نبی ﷺکا فرمان اسی کی طرف اشارہ کرتا ہے:
اَللَّهُمَّ رَحْمَتَكَ أَرْجُوْ، فَلَا تَكِلْنِيْ إِلَى نَفْسِيْ طَرْفَةَ عَيْنٍ
“یا اللہ! تیری ہی رحمت کا امیدوار ہوں، لہذا مجھے ایک لمحے کے ساتھ بھی میرے سپرد مت فرمانا” یعنی: مجھے میرے حوالے مت کرنا؛ کیونکہ جسے خود کے حوالے کر دیا گیا تو وہ ہلاک ہو گیا۔
” حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ “
یعنی : اللہ پر توکّل ، اور اسی کے سامنے گڑگڑانے والے کے ساتھ اللہ کافی ہے، وہی دہشت زدہ کو امن نصیب فرماتا ہے، طالبِ پناہ کو پناہ دیتا ہے، وہی بہترین والی، اور بہترین مدد گار ہے؛ لہذا جو بھی اسے اپنا والی بنائے، اسی سے مدد طلب کرے، اسی پر توکل ہو، اور مکمل طور پر اسی کی طرف یکسو ہو جائے ؛ تو اللہ بھی اس کا والی بن کر اس کی مکمل حفاظت فرماتا ہے، جو صرف اللہ سے ڈرے اور تقوی اختیار کرے؛ اسے ہر دہشت و ڈر سے امن فراہم کرتا ہے، اور اس کی ضرورت کے مطابق ہر مفید چیز مہیا کرتا ہے، اللہ تعالی کافرمان ہے:
وَمَنْ يَتَّقِ اللَّهَ يَجْعَلْ لَهُ مَخْرَجًا[2] وَيَرْزُقْهُ مِنْ حَيْثُ لَا يَحْتَسِبُ وَمَنْ يَتَوَكَّلْ عَلَى اللَّهِ فَهُوَ حَسْبُهُ
الطلاق – 2/3
جو کوئی تقوی الہی اختیار کرتا ہے، اللہ تعالی اس کے ساتھ [ہر مشکل سے] نکلنے کا راستہ بنا دیتا ہے۔ اور اسے ایسی جگہ سے رزق عنائت فرماتا ہے، جہاں سے اُسے گمان بھی نہیں ہوتا، اور جو شخص اللہ تعالی پر توکّل کرے، تو وہی اسے کافی ہے۔
اس لئے اللہ تعالی کی طرف سے مدد، رزق، اور عافیت کو لیٹ مت سمجھو ؛ کیونکہ اللہ تعالی اپنے معاملات منطقی انجام تک ضرور پہنچاتا ہے، تاہم اللہ تعالی نے ہر چیز کے ساتھ ایک وقت مقرر کیا ہوا ہے جس وقت سے کوئی چیز آگے پیچھے نہیں ہو سکتی۔
اللہ تعالی کا فرمان ہے:
يَا أَيُّهَا النَّبِيُّ حَسْبُكَ اللَّهُ وَمَنِ اتَّبَعَكَ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ
الانفال – 64
اے نبی! آپ کو اور آپ کے مؤمن پیروکاروں کو اللہ تعالی ہی کافی ہے۔
یعنی: آپ کو اور آپ کے ماننے والوں کو اللہ تعالی کافی ہے۔
أَلَيْسَ اللَّهُ بِكَافٍ عَبْدَهُ
الزمر – 36
کیا اللہ تعالی اپنے بندے کو کافی نہیں!؟
اور اللہ تعالی کو اپنے لئے کافی سمجھنے کا راز بندگی ہے؛ چنانچہ جس قدر اللہ کی بندگی میں اضافہ ہوگا ، اللہ تعالی اپنے بندے کو اتنا ہی کافی ہوگا، لہذا تم اللہ کی بندگی زیادہ سے زیادہ کرو، اللہ تعالی تمہیں اتنا زیادہ کافی ہوگا، اور تمہاری حفاظت فرمائے گا۔
” حَسْبِيَ اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ “
یہ جملہ بندے کے ساتھ سنگین بحرانوں ، اور شدید مصیبت کی صورتِ حال میں ملجا و ماوی ہے، یہ جملہ مادی قوت ، اور زمینی اسباب سے بھی طاقتور ہے، ایک مسلمان کا اگر مال چھن جائے ، واپس لینے کی سکت نہ ہو، کوئی مدد گاربھی نہ ہو، تو پریشانی میں یہی کام آتا ہے، یہی جملہ مصیبت بھلانے کا باعث ہے، اور تکالیف سے بچنے کا مضبوط قلعہ ہے، بشرطیکہ کہ پختہ یقین کے ساتھ یہ جملہ کہے، اور یہ عقیدہ اپنائے کہ : تکلیف سے بچنے کی طاقت صرف اللہ دے سکتا ہے، اور خیر حاصل کرنے کی طاقت بھی صرف اللہ دے سکتا ہے۔
اور اگر بندہ مصیبتوں کے پہاڑ گرنے پر یہ کہہ دے: “حَسْبِيَ اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ ” تو اسکا دل اللہ کے سوا ہر چیز سے خالی ہو جاتا ہے، اور مصیبت زدہ شخص پختہ یقین کی فضا میں دل سے یہ محسوس کرتا ہے کہ تمام معاملات کی باگ ڈور اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہے
فَسُبْحَانَ ذِيْ الْمَلَكُوْتِ، وَسُبْحَانَ ذِيْ الْجَبَرُوْتِ، وَ سُبْحَانَ الْحَيِّ الَّذِيْ لَا يَمُوْتُ
یعنی: “پاک ہے بہت بڑی بادشاہت والا، پاک ہے وہ عظیم طاقت والا، پاک ہے ہمیشہ سے زندہ رہنے والا جسے کبھی موت نہیں آئے گی”۔
تو اس پر مصیبتوں کے کتنے ہی پہاڑ ٹوٹ جائیں سب ہوا ہو جاتے ہیں، اسی لئے آل فرعون کو اللہ کی طرف دعوت دینے والے نے کہا تھا:
وَأُفَوِّضُ أَمْرِي إِلَى اللَّهِ إِنَّ اللَّهَ بَصِيرٌ بِالْعِبَادِ
ٖغافر – 44
میں اپنے تمام معاملات اللہ کے سپرد کر رہا ہوں، بیشک اللہ تعالی اپنے بندوں کے بارے میں بصیرت رکھتا ہے۔
اور یعقوب علیہ السلام نے فرمایا تھا:
إِنَّمَا أَشْكُو بَثِّي وَحُزْنِي إِلَى اللَّهِ
یوسف – 86
میں تو اپنے دکھ درد صرف اللہ کے سامنے رکھتا ہوں۔
” حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ “
حاجت روائی کی دعا ہے، اور ایک مسلمان کے ساتھ دنیاوی و اخروی ہر پریشانی کا علاج ہے، نبی ﷺکا فرمان ہے: (جس شخص نے صبح شام
[یعنی: مجھے اللہ کافی ہے، اس کے علاوہ کوئی معبود نہیں ، اسی پر میں توکل کرتا ہوں، اور وہی عرش عظیم کا پروردگار ہے] سات بار کہا، تو اللہ تعالی اسے دنیا و آخرت کی تمام پریشانیوں سے کافی ہو جائے گا)۔حَسْبِيَ اللَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيْمِ
حَسْبِيَ اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ
ابراہیم علیہ السلام نے اس وقت کہا تھا جب آپ کو آگ میں ڈالا گیا؛ تو آگ آپ کے کے ساتھ سلامتی والی ٹھنڈی ہوگئی، اور یہی جملہ ہمارے پیارے رسول ﷺنے اس وقت فرمایا تھا جب آپ کو بتلایا گیا کہ :
إِنَّ النَّاسَ قَدْ جَمَعُوا لَكُمْ فَاخْشَوْهُمْ
آل عمران – 173
تو اللہ تعالی نے انہیں مزید ایمان عطا فرمایا، اور اللہ کی رحمت و فضل سے بغیر کسی نقصان کے واپس لوٹے۔
جس وقت سب صحابہ کرام نے اپنے معاملات اللہ کے سپر د کر دیے، اور دلی اعتماد اللہ تعالی پر کر لیا؛ تو اللہ تعالی نے انہیں چار چیزیں بدلے میں عطا فرمائیں: نعمت، فضل، نقصان سے تحفظ، رضائے الہی کی تلاش، مزید برآں کہ اللہ تعالی ان سے راضی ہوگیا، اور وہ اللہ تعالی سے راضی ہوگئے۔
اس جملے کا مطلب یہ ہے کہ: اسباب اپنانے کے بعد تمام معاملات اللہ کے سپرد ہوں؛ لہذا وہ شفا صرف اسی سے طلب کرتے ہیں، تونگری کا سوال بھی اسی سے کرتے ہیں، عزت و شرف بھی اسی سے مانگتے ہیں، یعنی ان کے تمام معاملات صرف اللہ کے ذمے ہوتے ہیں، [ان کی اپنے تمام کاموں کے بارے میں ]امید، تمنا، اور رغبت صرف اسی سے ہوتی ہے۔
“حَسْبِيَ اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ”
یہ الفاظ عائشہ رضی اللہ عنہا نے اس وقت کہے جب آپ سواری پر سوار ہوئیں ، اس کے بعد جو کچھ بھی ہوا سو ہوا؛ لیکن اللہ تعالی نے عائشہ رضی اللہ عنہا کے بارے میں آیات براءت و پاکدامنی نازل فرما دیں، جو قیامت تک پڑھی جاتی رہیں گی۔
“حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ”
یہ کمزور لوگوں کی بجائے طاقتور لوگوں کی دعا ہے، یہ ان کی دعا ہے جن کے دل مضبوط ہوں، جن پر وہمی باتوں کا اثر نہیں ہوتا، جنہیں حادثات متاثر نہیں کر سکتے، جہاں تک کمزوری اور خوف کی رسائی ممکن نہیں؛ کیونکہ انہیں علم ہے کہ اللہ تعالی نے توکّل کرنے والے کی مکمل ذمہ داری خود اٹھا رکھی ہے؛ تو وہ اللہ پر بھر پور بھروسہ کرتا ہے، اللہ کے وعدے کی وجہ سے مطمئن رہتا ہے، چنانچہ اس کی پریشانی اور ذہنی دباؤ زائل ہو جاتا ہے، اور تنگی آسانی میں ، دُکھ سُکھ میں، اور خوف امن میں بدل جاتا ہے۔
“حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ”
اللہ کی طرف بلانے والے کا اسلحہ ہے؛ چنانچہ زلزلے بھی سچے مؤمن کے زورِ بازوں کو کمزور نہیں کر سکتے؛ سچا مؤمن ثابت قدمی، خالص توکّلِ الہی، اور ٹھوس نظریات کا حامل ہوتا ہے، اللہ تعالی کا فرمان ہے:
فَإِنْ تَوَلَّوْا فَقُلْ حَسْبِيَ اللَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ
التوبة – 129
اور اگر وہ رو گردانی کریں، تو آپ کہہ دیں: مجھے اللہ ہی کافی ہے، اس کے علاوہ کوئی معبود نہیں، اسی پر میں توکل کرتا ہوں، اور وہی عرشِ عظیم کا پروردگار ہے۔
لہذا دینِ الہی کی تبلیغ کرنے والے، بخوبی جانتے ہیں کہ اللہ تعالی انکا والی وارث ہے، وہ صرف اللہ سے ڈرتے ہیں، کسی حوصلہ شکن کی پرواہ نہیں کرتے؛ انہیں بھرپور اعتماد ہوتا ہے کہ وہ حق پر ہیں، ان کا دین حق ہے، چاہے اس میں کچھ وقت ہی کیوں نہ لگ جائے اللہ تعالی ان کی ضرور مدد فرمائے گا ۔
“حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ”
یہ جملہ اللہ کی طرف سے لکھی گئی تقدیر پر رضا مندی کا جملہ بھی ہے، اللہ تعالی کا فرمان ہے:
وَمِنْهُمْ مَنْ يَلْمِزُكَ فِي الصَّدَقَاتِ فَإِنْ أُعْطُوا مِنْهَا رَضُوا وَإِنْ لَمْ يُعْطَوْا مِنْهَا إِذَا هُمْ يَسْخَطُونَ[58] وَلَوْ أَنَّهُمْ رَضُوا مَا آتَاهُمُ اللَّهُ وَرَسُولُهُ وَقَالُوا حَسْبُنَا اللَّهُ سَيُؤْتِينَا اللَّهُ مِنْ فَضْلِهِ وَرَسُولُهُ إِنَّا إِلَى اللَّهِ رَاغِبُونَ
التوبة – 58/59
اور ان میں کوئی ایسا ہے جو صدقات [کی تقسیم]میں آپ پر الزام لگاتا ہے، اگر انہیں کچھ مل جائے تو خوش ہوجاتے ہیں اور اگر نہ ملے تو فوراً ناراض ہوجاتے ہیں ۔ کیا ہی اچھا ہوتا اگر وہ اس پر راضی ہو جاتے جو اللہ اور اس کے رسول نے انہیں دیا تھا اور کہتے کہ اللہ ہمارے لیے کافی ہے۔ اللہ ہمیں اپنے فضل سے [بہت کچھ] دے گا اور اس کا رسول بھی۔ ہم اللہ ہی کی طرف رغبت رکھتے ہیں۔
اگر مسلمان اللہ کے حکم کے سامنے سرِ تسلیم خم کر دے، اور حکمِ الہی پر راضی ہوجائے، تو یہی مسلمان کے ساتھ بہتر ہے، اور تقسیمِ الہی پر خوشی سے اظہارِ رضا مندی کرے، زبردستی اور مجبوری سمجھتے ہوئے رضا مندی کا اظہار نہ کرے، اللہ تعالی کو اپنے لئے کافی جانتے ہوئے خوش رہے، اور اللہ تعالی ہی اپنے بندے کو کافی ہے۔
“حَسْبِيَ اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ”
یہ جملہ تکلیف کے اوقات میں ہمارے نبی کریم ﷺکی اپنی امت کو وصیت ہے، آپ ﷺنے فرمایا: (میں کیسے چین سے بیٹھوں !؟ صور پھونکنے والے نے صور اپنے منہ میں لیا ہوا ہے، اور کان لگائے ہوئے ہے کہ کب اسے پھونکنے کا حکم دیا جائے تو صور پھونک دے) تو یہ بات نبی ﷺکے صحابہ کرام کے ساتھ بڑی گراں ثابت ہوئی، تو آپ ﷺنے انہیں فرمایا: تم کہو:
حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ
اور جسے اللہ تعالی کافی ہو؛ اس کا ذہن مکار لوگوں کی مکاریوں میں نہیں الجھتا، اور نہ ہی تاک میں بیٹھے ہوئے لوگوں کی سازشیں اسے پریشانی سے دوچار کرتی ہیں۔ کافر، گمراہ، اور دھوکے باز اس کے بارے میں جتنی بھی ساز باز کر لیں[وہ پھر بھی مطمئن رہتا ہے]، یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی نے اپنے نبی کو مطمئن کرتے ہوئے فرمایا:
وَإِنْ يُرِيدُوا أَنْ يَخْدَعُوكَ فَإِنَّ حَسْبَكَ اللَّهُ
الانفال – 62
اگر وہ آپ کو کو دھوکہ دینا چاہیں تو اللہ تعالی آپ کے لئے کافی ہے۔
یزید بن حکیم کہا کرتے تھے: “مجھے کبھی کسی شخص سے اتنا ڈر نہیں لگا جتنا مجھے کسی ایسے شخص پر ظلم کرتے ہوئے ڈر لگا کہ اس کا مدد گار صرف اللہ ہے، اور وہ مجھے یہ کہہ دے: “میرے لئے اللہ کافی ہے، میرے اور تمہارے درمیان اللہ فیصلہ کرے گا”۔
اللہ تعالی میرے لئے اور آپ سب کے ساتھ قرآن مجید کو خیر و برکت والا بنائے، مجھے اور آپ سب کو اس سے مستفید ہونیکی توفیق دے، میں اپنی بات کو اسی پر ختم کرتے ہوئے اللہ سے اپنے اور تمام مسلمانوں کے گناہوں کی بخشش چاہتا ہوں، آپ سب بھی اسی سے اپنے گناہوں کی بخشش مانگیں وہی بخشنے والا اور نہایت رحم کرنے والا ہے۔
دوسرا خطبہ:
تمام تعریفیں اللہ کے ساتھ ہیں ، اس کی حمد و ثنا کا کوئی کنارہ نہیں، ان کا کوئی شمار بھی نہیں، اور میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ بر حق نہیں، وہ یکتا ہے، ہمارے لئے رزق، صحت، عافیت، اسی کی طرف سے ملنے والی بھلائی، فضل و کرم، اور نعمتیں ہیں، اور میں یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے نبی سیدنا محمد اس کے برگزیدہ ، حبیب، اور بندے ہیں، اللہ تعالی آپ پر آپ کی آل ، تمام صحابہ کرام پر رحمت نازل فرمائےیہ دعا اللہ کے بندے کی طرف سے آخری سانس تک جاری رہے گی۔
حمدو صلاۃ کے بعد:
میں اپنے آپ اور تمام سامعین کو تقوی الہی کی وصیت کرتا ہوں۔
اس سے یہ نہ سمجھ لیا جائے کہ انسان اپنی کمزوری کو
حَسْبِيَ اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ
اور
لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ
کے لبادے میں چھپانے کی کوشش کرے، کیونکہ یہ نقاہت و بے بسی کی علامت ہے۔
نبی ﷺاپنے صحابہ کرام کو یہ دعا سیکھایا کرتے تھے:
اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْهَمِّ وَالْحَزَنِ، وَ الْعَجْزِ وَالْكَسَلِ، وَالْبُخْلِ وَ الْجُبْنِ ، وَضَلَعِ الدَّيْنِ وَ غَلَبَةِ الرِّجَالِ
)یا اللہ! میں پریشانی اور غم سے تیری پناہ چاہتا ہوں، عاجزی اور کاہلی ، بخیلی اور بزدلی سے ، میں قرضوں کے بوجھ اور لوگوں کے تسلط سے تیری پناہ چاہتا ہوں۔
اس لئے ایک مسلمان کو چاہیے کہ وہ پیش آنے والے تمام حالات و واقعات کا
” حَسْبِيَ اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ “
کہتے ہوئے مقابلہ کرے، اور اس کا جلیل القدر، اور عظیم معنی و مفہوم ذہن میں بیٹھائے، اور حکمت و بصیرت کے ساتھ با مقصد کاروائی بھی عمل میں لائے، رسول اللہ ﷺکا فرمان ہے: (طاقتور مؤمن بہتر ہے، اور اللہ کے ہاں کمزور مؤمن سے زیادہ محبوب بھی ہے، لیکن سب میں خیر ہے، تم فائدہ دینے والی چیزوں کا اہتمام کرو، اور اللہ سے مدد مانگو، سستی مت دیکھاؤ)
اللہ کے بندوں!
رسولِ ہُدیٰ پر درود وسلام پڑھو، اللہ تعالی نے اپنی کتاب میں اسی کا تمہیں حکم دیا ہے:
إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا
الاحزاب – 56
اللہ اور اس کے فرشتے نبی پر درود بھیجتے ہیں۔ اے ایمان والو! تم بھی اس پر درود و سلام بھیجا کرو۔
یا اللہ! محمد پر آپ کی اولاد اور ازواج مطہرات پر رحمت و سلامتی بھیج، جیسے کہ تو نے ابراہیم کی آل پر رحمتیں بھیجیں، اور محمدﷺپر آپ کی اولاد اور ازواج مطہرات پر برکتیں نازل فرما، جیسے تو نے ابراہیم کی آل پر برکتیں نازل فرمائیں، بیشک تو لائق تعریف اور بزرگی والا ہے۔
یا اللہ! چاروں خلفائے راشدین ابو بکر، عمر، عثمان، علی ، اور تمام صحابہ کرام و آل سے راضی ہوجا، یا اللہ! اپنے رحم و کرم اور احسان و فضل کے صدقے ہم سے بھی راضی ہوجا، یا ارحم الراحمین!
یا اللہ! اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ نصیب فرما، یا اللہ! اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ نصیب فرما، یا اللہ! اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ نصیب فرما، اور کافروں کیساتھ کفر کو بھی ذلیل و رسوا فرما، یا اللہ! اپنے اور دین کے دشمنوں کو نیست و نابود کر دے، یا اللہ! اس ملک کو اور سارے اسلامی ممالک کو امن کا گہوارہ بنا دے۔
یا اللہ! جو بھی ہمارے یا اسلام کے بارے میں برے عزائم رکھے یا اللہ! اسے اپنی جان کے لالے پڑ جائیں، یا اللہ! اسکی چالوں کو اسی کی تباہی کا باعث بنا دے، یا سمیع الدعا!
یا اللہ! غلبہ دین کے ساتھ کاوشیں کرنے والوں کی مدد فرما، یا اللہ! اسلام اور مسلمانوں کو رسوا کرنے کی کوششیں کرنے والوں کو ذلیل فرما دے۔
یا اللہ! اپنے دین، قرآن، سنت نبوی، اور اپنے مؤمن بندوں کو غالب فرما ۔
یا اللہ! ہم تجھ سے جنت مانگتے ہیں، اور ہمیں ہر ایسے قول و فعل کی توفیق دے جو ہمیں جنت کے قریب کر دے، یا اللہ ہم جہنم کی آگ سے تیری پناہ چاہتے ہیں، اور ہر ایسے قول و فعل سے بھی جو ہمیں جہنم کے قریب کرے۔
یا اللہ! ہمارے دینی معاملات کی اصلاح فرما، اسی میں ہماری نجات ہے، یا اللہ! ہماری دنیا بھی درست فرما دے اسی میں ہمارا معاش ہے، اور ہماری آخرت بھی اچھی بنا دے ہم نے وہیں لوٹ کر جانا ہے، اور ہمارے لئے زندگی کو ہر خیر کا ذریعہ بنا، اور موت کو ہر شر سے بچنے کا وسیلہ بنا دے، یا رب العالمین!
یا اللہ! ہم تجھ سے ابتدا سے انتہا تک ، اول سے آخر تک ، جلدی ملنے والی ہو تاخیر سے ، ہمیں اسکا علم ہے یا نہیں ہے، ہر قسم کی بھلائی کا سوال کرتے ہیں، اور ہم ہر قسم کے شر سے تیری پناہ چاہتے ہیں، چاہے وہ شر جلدی ملنے والا ہے یا دیر سے، ہمیں اس شر کے بارے میں علم ہے یا نہیں ہے،
یا اللہ! ہم تجھ سے ابتدا سے لیکر انتہا تک ہر قسم کی خیر کا سوال کرتے ہیں، شروع سے لیکر آخر تک ، اول سے آخر تک ، ظاہری ہو یا باطنی، اور جنت میں بلند درجات کے سوالی ہیں، یا رب العالمین!
یا اللہ! ہم تجھے سے ہدایت ، تقوی، پاکدامنی، اور تونگری کا سوال کرتے ہیں۔
یا اللہ! ہماری مدد فرما، ہمارے خلاف کسی کی مدد نہ کر، یا اللہ! ہمیں غلبہ عطا فرما، ہم پر کسی کوغلبہ نہ دے، یا اللہ! ہمارے حق میں تدبیر فرما، ہمارے خلاف کوئی تدبیر نہ ہو، یا اللہ! ہمیں ہدایت دے اور ہمارے لئے ہدایت آسان بھی بنا دے، یا اللہ! ظالموں کے خلاف ہماری مدد فرما۔
یا اللہ ہمیں تیرا ذکر کرنے والا بنا، تیرا شکر گزار بنا، تیرے لئے مٹنے والا بنا، تیری ہی جانب لوٹنے والا اور رجوع کرنے والا بنا۔
یا اللہ! ہماری توبہ قبول فرما، ہمارے گناہوں کو دھو ڈال ، ہماری حجت ثابت کر دے، ہماری زبان کی حفاظت فرما، اور ہمارے سینے کی تمام بیماریاں ختم کر دے۔
یا اللہ! ہم تیری نعمتوں کے زوال ، اور عافیت کے خاتمے سے تیری پناہ چاہتے ہیں، اور تیری اچانک سزا سے، تیری ہر قسم کی ناراضگی سے پناہ چاہتے ہیں۔
یا اللہ! ہم اپنی برکت، رحمت، فضل، اور رزق کے دروازے کھول دے، یا اللہ! ہم اپنی برکت، رحمت، فضل، اور رزق کے دروازے کھول دے۔
یا اللہ!ہمارے حکمران کو اپنے پسندیدہ کام کرنے کی توفیق دے، اور اسکو اپنی راہنمائی کے مطابق توفیق دے، اس کے تمام کام اپنی رضا کے ساتھ بنا لے یا رب العالمین!، یا اللہ ! انکے نائب کو بھی اپنے پسندیدہ کام کرنے کی توفیق دے ، یا ارحم الراحمین، یا رب العالمین!
یا اللہ! تمام مسلم حکمرانوں کو تیری شریعت نافذ کرنے کی توفیق عطا فرما،
رَبَّنَا ظَلَمْنَا أَنْفُسَنَا وَإِنْ لَمْ تَغْفِرْ لَنَا وَتَرْحَمْنَا لَنَكُونَنَّ مِنَ الْخَاسِرِينَ
الاعراف – 23
ہمارے پروردگار! ہم نے اپنے آپ پر ظلم کیا اور اگر تو نے ہمیں معاف نہ کیا اور ہم پر رحم نہ کیا تو ہم بہت نقصان اٹھانے والوں میں سے ہوجائیں گے۔
رَبَّنَا اغْفِرْ لَنَا وَلِإِخْوَانِنَا الَّذِينَ سَبَقُونَا بِالْإِيمَانِ وَلَا تَجْعَلْ فِي قُلُوبِنَا غِلًّا لِلَّذِينَ آمَنُوا رَبَّنَا إِنَّكَ رَءُوفٌ رَحِيمٌ
الحشر – 10
اے ہمارے پروردگا ر! ہمیں بھی بخش دے اور ہمارے ان بھائیوں کو بھی جو ہم سے پہلے ایمان لائے تھے اور جو لوگ ایمان لائے ہیں, ان کے لیے ہمارے دلوں میں کدورت نہ رہنے دے, اے ہمارے پروردگار! تو بڑا مہربان اور رحم کرنے والا ہے۔
رَبَّنَا آتِنَا فِي الدُّنْيَا حَسَنَةً وَفِي الْآخِرَةِ حَسَنَةً وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ
البقرة – 201
ہمارے رب! ہمیں دنیا اور آخرت میں بھلائی عطا فرما، اور ہمیں آخرت کے عذاب سے محفوظ رکھ۔
إِنَّ اللَّهَ يَأْمُرُ بِالْعَدْلِ وَالْإِحْسَانِ وَإِيتَاءِ ذِي الْقُرْبَى وَيَنْهَى عَنِ الْفَحْشَاءِ وَالْمُنْكَرِ وَالْبَغْيِ يَعِظُكُمْ لَعَلَّكُمْ تَذَكَّرُونَ
النحل – 90
اللہ تعالیٰ تمہیں عدل، احسان اور قرابت داروں کو (امداد) دینے کا حکم دیتا ہے اور بے حیائی، برے کام اور سرکشی سے منع کرتا ہے۔ وہ تمہیں اس لئے نصیحت کرتا ہے کہ تم اسے (قبول کرو) اور یاد رکھو ۔
تم اللہ کا ذکر کرو وہ تمہیں یاد رکھے گا، اس کی نعمتوں کا شکر ادا کرو وہ تمہیں اور زیادہ عنائت کرے گا، اللہ کی یاد بہت ہی بڑی چیز ہے، اور اللہ تعالی کو تمہارے تمام اعمال کا بخوبی علم ہے۔