قارئین کرام!
بعض لوگ 18 ذوالحجہ کے دن کو “عیدِ غدیر خم” کے نام سے مناتے ہیں اور اسے خلافتِ علی رضی اللہ عنہ کے اعلان کا دن قرار دیتے ہیں، لیکن یہ دعویٰ نہ قرآن و سنت سے ثابت ہے اور نہ ہی صحابۂ کرام رضی اللہ عنھم کے عمل سے۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ عید اور تعزیے کی بدعت 352ھ میں معزالدولہ نے شروع کی، جو اس کے بدعت اور باطل ہونے کےلیے کافی ہے!1

علاوۂ ازیں، اس دن کو بنیاد بنا کر اور حدیث غدیر: “جس کا میں دوست ہوں، علی بھی اس کے دوست ہیں” کو دلیل بناکر سیدنا علی کوخلیفہ بلا فصل ثابت کرنا انتہائی باطل نظریہ ہے, کیونکہ;

یہ الفاظ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی خلافت کے اعلان کے طور پر نہیں، بلکہ بعض صحابہ کرام کی طرف سے پائی جانے والی وقتی ناراضی کو ختم کرنے اور ان کی فضیلت کو ظاہر کرنے کے لیے کہے گئے تھے۔ اگر خلافت مقصود ہوتی تو نبی ﷺ واضح الفاظ میں “خلیفہ” یا “والی” کا ذکر فرماتے۔
واقعہ یہ تھا کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ مالِ غنیمت کے ایک معاملے میں یمن میں نبی کریم ﷺ کی طرف سے امیر مقرر تھے۔ اس دوران کچھ صحابہ، بالخصوص سیدنا بریدہ اسلمی رضی اللہ عنہ، سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے بعض فیصلوں سے ناراض ہوگئے۔ (حالانکہ سیدنا علی کا فیصلہ درست تھا) خود سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
“میں علی رضی اللہ عنہ سے اس قدر ناراض ہو گیا کہ ان سے دل میں بغض سا پیدا ہو گیا تھا۔”
چنانچہ پیارے نبی کریم ﷺ نے ان سے دریافت فرمایا کہ کیا تمہیں علی رضی اللہ عن سے بغض ہے؟ انہوں نے اثبات میں جواب دیا تو آپ ﷺ نے انہیں اس عمل سے روکا۔2
تو یہ وہ بنیادی اسباب تھے جس پر نبی ﷺ نے غدیر خم (مکہ سے مدینہ کے راستے میں ایک مقام) میں خطبہ دیا۔
یقینا اس خطبے سے سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی غیر معمولی فضیلت اور ان سے بغض رکھنے کی حرمت ثابت ہوتی ہے جس پر اہل ایمان کا اتفاق ہے۔ لیکن اس روایت کو بنیاد بنا کر سیدنا علی کو خلیفہ بلا فصل ثابت کرنا کئی وجوہ سے باطل ہے:
1- حدیثِ غدیر میں “مولیٰ” کا مطلب دوست ہے، حاکم نہیں، ورنہ “والی” کہا جاتا۔ مکمل حدیث سے بھی یہی معنی واضح ہوتا ہے۔3

2- اگر سیدنا علی رضی اللہ عنہ واقعی وصی رسول تھے، تو پھر نبی ﷺ کی مرضِ وفات کے وقت سیدنا عباس رضی اللہ عنہ خلافت کے بارے میں کیوں سوال کرنا چاہتے تھے، اور وہ بھی سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو ساتھ لے کر؟ کیا وہ غدیرِ خم کے واقعے سے غافل تھے، جس میں وہ خود بھی شریک تھے؟4

3- اگر غدیر کا اعلان سیدنا عباس رضی اللہ عنہ کو یاد نہ رہا ہوتا، تو سیدنا علی رضی اللہ عنہ تو یاد دلا سکتے تھے، مگر انہوں نے بھی کبھی اسے خلافت کی دلیل نہیں بنایا۔5

4- سیدنا علی رضی اللہ عنہ تو آخری وقت تک نبی ﷺ سے حق خلافت سے متعلق سوال کرنے سے بھی گریز کرتے تھے، اس اندیشے سے کہ کہیں منع فرما دیا تو ہمیشہ کےلیے محروم ہی نہ کر دیے جائیں۔6

5- اگر سیدنا علی رضی اللہ عنہ وصی رسول تھے تو انہوں نے تینوں خلفاء کی خلافت کیوں قبول کی؟ نیز شیعہ عقیدہ کے مطابق تو وہ مشکل کشا بھی ہیں، یا مشکل کشا کا عقیدہ چھوڑیں یا خلافت کی وصیت کا دعویٰ، دونوں ساتھ نہیں چل سکتے۔

لہذا عید غدیر خم کو خلافت علی رضی اللہ عنہ کے اعلان کے طور پر پیش کرنا نہ صرف تاریخی اور عقلی دلائل کے خلاف ہے بلکہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنھم کے اجتماعی عمل کے بھی منافی ہے۔ نیز سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی سیرت، ان کے اقوال اور طرزِ عمل اس بات کی واضح تردید کرتے ہیں کہ وہ خود کو نبی کریم ﷺ کا نامزد خلیفہ سمجھتے تھے۔ لہٰذا حدیثِ غدیر سے خلافتِ بلا فصل کا استدلال کرنا نہ صرف غلط ہے بلکہ گمراہی بھی ہے؛ کیونکہ دین کو سمجھنے کا اصل معیار قرآن و سنت اور صحابۂ کرام رضی اللہ عنھم کا فہم ہے، نہ کہ بعد کے سیاسی نظریات یا فرقہ وارانہ تعبیریں۔
لہذا ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ہر قسم کی بدعت اور باطل نظریات سے بچتے ہوئے قرآن و سنت کی روشن تعلیمات اور صحابۂ کرام رضی اللہ عنھم کے منھج کو اختیار کریں تاکہ نجات اور فلاح ہمارا مقدر ہو۔
اللہ تعالیٰ عمل کی توفیق عطاء فرمائے۔ آمین

__ ______________________________________________________________________________________________________________

  1. تفصیل کے لیے دیکھیں: الكامل لابن أثير (549/8) البداية لابن كثير (11/ 243، 265)
  2. (صحیح بخاری 4350)
  3. (دیکھیے، سلسلہ احادیث صحیحہ:3271)
  4. (دیکھیے، صحیح بخاری: 4447)
  5. (دیکھیے، صحیح بخاری: 4447)
  6. (دیکھیے، صحیح بخاری: 4447)
ظہیر شریف

اصل نام "خلیق الرحمن بن شریف طاہر" ہے۔ المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر کے زیر انتظام چلنے والا معروف تعلیمی ادارہ جامعہ البیان کراچی سے متخرج اور کراچی یونیورسٹی میں ایم فل کے طالب علم ہیں۔

Recent Posts

حج کے احکام اور مدینے کے آداب

خطبہ اول: تمام تعریف اللہ کے لئے ہے، ہم اس کی حمد کرتے ہیں اور…

22 hours ago

پریشانی میں وظیفہ کرنے کا طریقہ؟

پیارے نبی کریم ﷺ کو کس طرح آزمایا گیا؟ اللہ کی قربت کا کیا معنی…

3 days ago

جاوید غامدی صاحب کے Followers سے سوال!

کیا غامدی صاحب کی تعبیرات واقعی غیر مسلموں کو اسلام کے قریب لا رہی ہیں؟…

5 days ago

من چاہا کھانے والی امت کے نبی ﷺ!

نبی کریم ﷺ کے اوصاف حمیدہ، آپ کے عادات اور سیرت سے متعلقہ اہم امور…

1 week ago

اہل جنت کی ایک عجیب خواہش!

جب نبی کریم ﷺ نے ایک جنتی شخص کا واقعہ سنایا تو ایک دیہاتی نے…

1 week ago

کیا حرام کمانے والے کی دعوت قبول کرسکتے ہیں؟

جن کی آمدنی حرام ہو، ان سے صلہ رحمی کس حد تک رکھی جائے؟ کیا…

2 weeks ago